معذوری کے باوجود پھلدار
۱ بہتیرے یہوواہ کے گواہوں کی طرح معذور ہونے کے باوجود آپ اپنی خدمتگزاری کو پھلدار بنا سکتے ہیں۔ درحقیقت، آپ کے حالات آپ کو گواہی دینے اور دوسروں کی حوصلہافزائی کرنے کے کئی خاص مواقع فراہم کر سکتے ہیں۔
۲ گواہی دینا: معذوری کا سامنا کرنے والے بہت سے لوگ خدمتگزاری میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ مثال کے طور پر، جراحی کی وجہ سے بڑی حد تک اپنی چلنےپھرنے کی صلاحیت اور قوتِگویائی کھو دینے والی ایک بہن نے جان لیا کہ اگر اُس کا شوہر ایک ایسی سڑک کے کنارے اپنی گاڑی کھڑی کرے جہاں سے کافی لوگوں کا گزر ہوتا ہے تو وہ رسالے پیش کرنے کے کام میں حصہ لے سکتی ہے۔ ایک موقع پر اُس نے دو گھنٹوں میں ۸۰ رسالے پیش کئے! آپ کے خاص حالات آپ کو ایسے لوگوں کے ساتھ باتچیت کرنے کے قابل بھی بنا سکتے ہیں جن سے رابطہ کرنا بصورتِدیگر مشکل ہوتا ہے۔ اگر ایسا ہے تو اِن لوگوں کو اپنا خاص علاقہ خیال کریں۔
۳ آپکی منادی مؤثر ہو سکتی ہے! جب دوسرے آپکے عزم اور آپکی زندگی پر بائبل سچائی کے مثبت اثر پر غور کرتے ہیں تو وہ بھی بادشاہتی پیغام کی طرف راغب ہو سکتے ہیں۔ علاوہازیں، جب آپ مصیبتزدہ لوگوں سے ملتے ہیں تو زندگی کی بابت آپکا تجربہ آپکو انہیں خدا کے کلام میں سے تسلی فراہم کرنے کے قابل بناتا ہے۔—۲-کر ۱:۴۔
۴ دوسروں کی حوصلہافزائی کریں: کیا آپ نے لارل نسبت کی سوانححیات سے تقویت حاصل نہیں کی جس نے ایک آہنی پھیپھڑے کے باعث زندگی کی مشکلات کا سامنا کرنے کے باوجود بائبل سچائی کا صحیح علم حاصل کرنے میں ۱۷ اشخاص کی مدد کی تھی؟ اسی طرح، آپکی مثال ساتھی ایمانداروں کو یہوواہ کی خدمت میں جانفشانی کرنے کی تحریک دے سکتی ہے۔—جی۹۳ ۲۲/۱ ۱۸-۲۱۔
۵ اگر آپ کے حالات آپکو اپنی خواہش کے مطابق خدمتگزاری میں حصہ لینے سے روکتے ہیں توبھی آپ دوسروں کو تقویت دے سکتے ہیں۔ ایک بھائی نے بیان کِیا: ”مَیں نے سیکھ لیا ہے کہ شدید معذوری کا شکار ہونے کے باوجود ایک شخص دوسروں کیلئے نہایت مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ میری بیوی اور مَیں نے کلیسیا کے دیگر لوگوں کی بڑی مدد کی ہے۔ اپنے حالات کی وجہ سے ہم ہمیشہ قابلِرسائی رہے ہیں۔“ تاہم، یہ بات قابلِفہم ہے کہ معذوری کے باعث شاید آپ اپنے جوش کے مطابق کام کرنے کے قابل نہ ہوں۔ تاہم، آپ کچھ مدد کیساتھ اپنی خدمتگزاری میں پُرجوش حصہ لے سکتے ہیں۔ لہٰذا، اگر آپ کو کچھ مدد کی ضرورت ہے تو اس بات کو بزرگوں یا کلیسیا کے ارکان کی توجہ میں لانے سے نہ ہچکچائیں جو آپکی مدد کر سکتے ہیں۔
۶ یہوواہ خدمت کرنے کی آپ کی تمام کوششوں پر غور کرتا ہے اور آپکی بھرپور خدمت سے خوش ہوتا ہے۔ (زبور ۱۳۹:۱-۴) جب آپ اُس پر توکل کرتے ہیں تو وہ آپکو ایک پھلدار اور بامقصد خدمتگزاری کیلئے طاقت بخش سکتا ہے۔—۲-کر ۱۲:۷-۱۰۔