نیا سرکٹ اسمبلی پروگرام
۱ اس غیرمستحکم دُنیا میں اپنے ایمان پر قائم رہنے کے لئے ہمیں یہوواہ پر بھروسا رکھنے کی ضرورت ہے۔ اس کا عملاً کیا مطلب ہے؟ یہوواہ پر بھروسا ہماری ذاتی اور خاندانی زندگی کو کیسے متاثر کرتا ہے؟ یہ شیطان کی دُنیا کے اثر کی مزاحمت کرنے میں ہماری مدد کیسے کرتا ہے؟ سن ۲۰۰۳ کے خدمتی سال کا سرکٹ اسمبلی پروگرام ان سوالوں کے جواب فراہم کرتا ہے۔ اس کا عنوان ہے ”یہوواہ پر توکل کر اور نیکی کر۔“—زبور ۳۷:۳۔
۲ ہم صرف خاص مواقع یا سخت آزمائش کے وقت ہی یہوواہ پر بھروسا نہیں کرتے۔ یہ ہماری روزمرّہ زندگی کے ہر پہلو میں سرایت کرتا ہے۔ افتتاحی تقریر، ’ہر وقت یہوواہ پر توکل کرو‘ میں اس بات پر زور دیا جائیگا۔ (زبور ۶۲:۸) چار حصوں پر مشتمل مجلسِمذاکرہ، ”یہوواہ پر بھروسا کرنا“ میں ایک کامیاب شادی کی بنیاد ڈالنے، خاندانی دائرے میں پیدا ہونے والے مسائل سے نپٹنے اور اپنی مادی ضروریات پوری کرنے کے سلسلے میں ہماری مدد کیلئے بائبل پر مبنی معلومات تلاش کرنے اور انکا اطلاق کرنے کا طریقہ نمایاں کِیا جائیگا۔
۳ شیطان کی دُنیا ہم پر صحیح اور غلط کی بابت ایک گمراہکُن نظریہ اپنانے کیلئے دباؤ ڈالتی ہے اور ہماری ترجیحات کے سلسلے میں ابتری پیدا کرتی ہے۔ (یسع ۵:۲۰) ”زندگی کی بےثباتی سے خبردار رہیں“ اور ”بدی کو رد کریں—نیکی کرنے والے بنیں“ کے عنوان سے تقاریر یہوواہ کے اعلیٰ معیاروں کو برقرار رکھنے میں ہمارے عزم کو مضبوط کرینگی۔—عامو ۵:۱۴۔
۴ جب یہوواہ موجودہ بدکار نظاماُلعمل کو ختم کرے گا تو خدا کے خادموں کو اُس پر مکمل بھروسا رکھنے کی ضرورت ہوگی۔ یہ بات عوامی تقریر ”دُنیا کے دُکھدرد سے نجات عنقریب“ میں نمایاں کی گئی ہے۔ اسکے بعد، ”کیا آپ خدا کی بادشاہت کے لائق ٹھہرینگے؟“ کے مضمون کے تحت اپنا جائزہ لینے کی دعوت دی جائیگی۔ ”یہوواہ کے وعدوں پر بھروسا رکھیں“ کی نصیحت کیساتھ پروگرام کا اختتام ہوگا۔
۵ بپتسمے کی تقریر ہر اسمبلی کا نمایاں حصہ ہوتی ہے۔ بپتسمے کے خواہشمند حضرات کو جلدازجلد صدارتی نگہبان کو مطلع کرنا چاہئے تاکہ ضروری انتظامات کئے جا سکیں۔
۶ ان غیریقینی ایّام میں یہوواہ اعتماد اور استحکام کا واحد حقیقی ذریعہ ہے۔ (زبور ۱۱۸:۸، ۹) دُعا ہے کہ ہم سب پورے سرکٹ اسمبلی پروگرام پر حاضر ہوکر خدا پر اپنے بھروسے کو مضبوط کریں۔