یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • خدم 9/‏96 ص.‏ 3-‏8
  • ہر جگہ خوشخبری کی منادی کریں

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • ہر جگہ خوشخبری کی منادی کریں
  • ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۱۹۹۶
  • ملتا جلتا مواد
  • اپنے رسالوں کا بہترین استعمال کریں
    ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۱۹۹۵
  • گلی کوچوں میں موثر گواہی دینے کے ذریعے دلچسپی لینے والوں کی تلاش کرنا
    ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۱۹۹۴
  • عوامی جگہوں پر گواہی دینے کے نئے بندوبست
    ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۲۰۱۳
  • کاروباری علاقے میں کیسے منادی کریں
    ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۲۰۰۴
مزید
ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۱۹۹۶
خدم 9/‏96 ص.‏ 3-‏8

ہر جگہ خوشخبری کی منادی کریں

۱ ابتدائی مسیحیوں نے ہر جگہ خوشخبری کی منادی کی۔ وہ اتنے سرگرم تھے کہ یسوع کی قیامت کے بعد ۳۰ سال کے اندر اندر، بادشاہتی پیغام کی ”‏منادی آسمان کے نیچے کی تمام مخلوقات میں“‏ ہو چکی تھی۔—‏کلسیوں ۱:‏۲۳‏۔‏

۲ آجکل کے یہوواہ کے سرگرم خادموں کا بھی یہی نصب‌العین ہے کہ جہاں تک ممکن ہو ہر ایک تک بادشاہت کی خوشخبری کے ساتھ پہنچیں۔ ایسا نصب‌العین حاصل کرنے کیلئے کونسی چیز ہماری مدد کر سکتی ہے؟ زیادہ سے زیادہ لوگ کُل‌وقتی ملازمت کر رہے ہیں اور جب ہم ملاقات کیلئے جاتے ہیں تو وہ اکثر گھر پر نہیں ملتے۔ جب وہ کام میں مصروف نہیں ہوتے تو شاید وہ سفر، شاپنگ یا کسی نہ کسی طرح کی تفریح‌طبع کر رہے ہوتے ہیں۔ اُن مستحق لوگوں تک بادشاہتی پیغام کیساتھ کیسے رسائی کی جا رہی ہے؟—‏متی ۱۰:‏۱۱‏۔‏

۳ بعض کیساتھ اُن کی جائے‌ملازمت پر رابطہ کِیا جا رہا ہے۔ چھوٹے قصبوں میں بھی ایسے کاروباری مراکز ہوتے ہیں جہاں بہت سے لوگ دن کا بیشتر حصہ گزارتے ہیں۔ بڑے شہروں میں، صنعتی علاقوں یا دفاتر کی بلند عمارتوں میں کام کرنے والے لوگ اور وہ جو سخت حفاظتی اقدام والے اپارٹمنٹس میں رہتے ہیں خوشخبری حاصل کر رہے ہیں—‏بہتیرے پہلی بار۔ ہفتے کے اختتام پر، بعض جن سے پارکس میں آرام کرنے کے وقت رابطہ کِیا گیا ہے، یا پارکنگ کی جگہ پر انتظار کے دوران ملاقات ہوئی ہے خوشخبری کیلئے موافق میلان والے پائے گئے ہیں۔‏

۴ مبشروں کی بڑی تعداد ایسی عوامی جگہوں پر گواہی دینے کی خاص کوشش کر رہی ہے جہاں لوگ مل سکتے ہیں۔ پہلے‌پہل، رسمی حالتوں کے تحت جیسے‌کہ گھرباگھر منادی کرنے کے عادی ہونے کی وجہ سے، یہ گواہ ہچکچاہٹ محسوس کر رہے تھے اور کسی حد تک گھبرائے ہوئے تھے۔ اب وہ کیسا محسوس کرتے ہیں؟‏

۵ ”‏اس چیز نے میری خدمت کو پہلے سے بھی زیادہ دلچسپ بنا دیا ہے!‏“‏ ایک تجربہ‌کار بھائی بیان کرتا ہے۔ ایک دوسرا اضافہ کرتا ہے:‏ ”‏یہ میری توجہ کو ایک ہی طرف مرتکز رکھتی ہے۔“‏ ایک عمررسیدہ پائنیر تبصرہ کرتا ہے:‏ ”‏یہ ذہنی، جسمانی، اور روحانی طور پر تقویت‌بخش رہا ہے، .‏ .‏ .‏ اور مَیں ابھی تک ترقی کر رہا ہوں۔“‏ ایک مبشر بیان کرتا ہے کہ وہ اب ایسے لوگوں تک رسائی کر رہا ہے جنہوں نے پہلے کبھی یہوواہ کے گواہوں سے بات‌چیت نہیں کی تھی۔ نوجوان لوگ بھی اس پُرلطف کام میں سرگرمی سے شرکت کر رہے ہیں۔ ایک نوجوان اپنی بابت اسطرح بیان کرتا ہے:‏ ”‏اس میں بڑا مزہ آتا ہے کیونکہ آپ کو بہت زیادہ لوگوں سے بات‌چیت کرنے کا موقع ملتا ہے۔“‏ ایک دوسرا کہتا ہے:‏ ”‏مَیں پہلے کی نسبت کہیں زیادہ لٹریچر پیش کر رہا ہوں!‏“‏ یہ سب کچھ ایسے علاقے میں واقع ہو رہا ہے جس میں بارہا کام کِیا جا چکا ہے۔‏

۶ سفری نگہبان پیشوائی کر رہے ہیں:‏ یہ پہچانتے ہوئے کہ ”‏دُنیا کی شکل بدلتی جاتی ہے،“‏ سوسائٹی نے حال ہی میں یہ تجویز پیش کی ہے کہ سفری نگہبان اپنی میدانی خدمت کے شیڈول میں ہفتہ‌باہفتہ ردوبدل کریں تاکہ جہاں تک ممکن ہو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک خوشخبری کیساتھ رسائی کی جا سکے۔ (‏۱-‏کرنتھیوں ۷:‏۳۱‏)‏ کئی سال سے، سرکٹ اوورسیئر ہفتے کے تمام دنوں کی صبح کو گھرباگھر کے کام میں شرکت کرنے کیلئے وقف کرتے تھے، جبکہ بعدازدوپہر کے اوقات واپسی ملاقاتیں کرنے اور گھریلو بائبل مطالعے کرانے کیلئے مخصوص تھے۔ بعض علاقوں میں، ممکن ہے یہ شیڈول ابھی تک عملی ہو۔ دیگر میں، ہو سکتا ہے کہ تمام دنوں کی صبح گھرباگھر کام کرنے سے بہت کم کام انجام دیا جا رہا ہو۔ ایسی حالتوں میں، سفری نگہبان یہ فیصلہ کر سکتا ہے کہ دن کے آغاز میں دُکانوں یا گلی‌کوچوں میں گواہی کا کام کرنا اچھا ہوگا۔ یا وہ دفاتر کی بلند عمارتوں، شاپنگ کے علاقوں، پارکنگ کی جگہوں یا دیگر عوامی مراکز میں گواہی دینے کیلئے چھوٹے گروپس کا بندوبست کر سکتا ہے۔ مبشروں کے میدانی خدمت کیلئے دستیاب وقت کا مؤثر استعمال کرنے سے، اَور بہت سے لوگوں سے رابطہ ہوگا۔‏

۷ رپورٹس ظاہر کرتی ہیں کہ سفری نگہبانوں اور مبشروں دونوں نے اس ردوبدل کو بہت مفید پایا ہے۔ بزرگوں کی کئی ایک جماعتوں نے چند ایک مبشروں کو مقامی طور پر توجہ طلب اس کام کے خصوصی حصوں میں تربیت دینے کیلئے سرکٹ اوورسیئر کو مدعو کِیا ہے۔ جب وہ ان سرگرمیوں میں سے کسی ایک میں شریک ہوتا ہے تو سفری نگہبان کے ہمراہ جانے والے ان مبشروں کیلئے یہ معاون ثابت ہوا ہے۔ اسکے بعد، وہ دوسروں کو تربیت دینے کے قابل ہوئے ہیں۔ (‏۲-‏تیمتھیس ۲:‏۲‏)‏ نتیجتاً، اب زیادہ سے زیادہ لوگوں تک خوشخبری کیساتھ رسائی کی جا رہی ہے۔‏

۸ بِلاشُبہ، منادی کرنے کے ان دیگر طریقوں کو آزمانے کیلئے آپکو کسی سرکٹ اوورسیئر کے دَورے کا انتظار کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ذیل میں مختلف تجاویز ہیں جنہیں آپ اپنے علاقے میں عملی پائینگے:‏

۹ گلی‌کوچوں میں گواہی:‏ جب ہم ہفتے کے کسی دن کی صبح کم آبادی والے کسی رہائشی علاقے کا دَورہ کرتے ہیں تو حیران رہ جاتے ہیں کہ ’‏سب لوگ کہاں ہیں؟‘‏ ہو سکتا ہے کہ بعض بازار سے سوداسلف لاتے یا شاپنگ کرتے ہوئے ملیں۔ کیا آپ نے گلی‌کوچوں میں منادی کرنے کے ذریعے اُن تک رسائی کرنے کی کوشش کی ہے؟ جب یہ مناسب طور پر کِیا جاتا ہے تو خدمتگزاری کا یہ پہلو نہایت پھلدار ہو سکتا ہے۔ رسالوں کیساتھ ایک جگہ پر کھڑا ہونے کی بجائے، لوگوں تک رسائی کرنا اور دوستانہ گفتگو کا آغاز کرنا مفید ہو سکتا ہے۔ ہر راہگیر کو گواہی دینا ضروری نہیں ہے۔ اُن لوگوں سے گفتگو کریں جو جلدی میں نہیں ہیں، جیسے محض ونڈوشاپنگ کرنے والے، وہ جو کھڑی گاڑیوں میں بیٹھے ہیں، یا جو پبلک ٹرانسپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔ سب سے پہلے، آپ دوستانہ سلام کہہ سکتے اور جواب کا انتظار کر سکتے ہیں۔ اگر وہ شخص بات‌چیت کرنے کیلئے آمادہ ہے تو ایک ایسے مضمون پر اس کی رائے پوچھیں جو آپکے خیال میں اُس کیلئے دلچسپی کا باعث ہو سکتا ہے۔‏

۱۰ ایک سفری نگہبان نے چھ مبشروں کو اپنے اور اپنی اہلیہ کیساتھ گلی‌کوچوں میں گواہی دینے میں شریک ہونے کی دعوت دی۔ کن نتائج کیساتھ؟ ”‏ہماری صبح شاندار رہی!‏“‏ وہ بیان کرتا ہے۔ ”‏ہمیں گھر پر نہ ملنے والوں کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔ اَسی رسالے اور بیشمار ٹریکٹ پیش کئے گئے۔ ہم نے کئی ایک پُرجوش مباحثے کئے۔ مبشروں میں سے ایک نے جو پہلی مرتبہ گلی‌کوچوں میں کام کرنے میں شریک ہوا تھا، بیان کِیا:‏ ’‏مَیں کئی سال سے سچائی میں ہوں اور کبھی یہ احساس نہیں ہوا کہ کس چیز کی کمی ہے!‏‘‏ ہفتے کے اختتام تک، کلیسیا کے حد سے زیادہ جمع‌شُدہ رسالوں کی سپلائی ختم ہو چکی تھی۔“‏

۱۱ دوسری کلیسیا میں خدمت انجام دیتے ہوئے، اُسی سفری نگہبان کو معلوم ہوا کہ کئی ایک مبشروں نے ایک دن صبح‌سویرے گلی‌کوچوں میں گواہی دینے میں شرکت کی لیکن اُنہیں بہت کم کامیابی ہوئی۔ ایک بہن نے گواہی دینے کے کُل وقت کے دوران صرف دو اشخاص سے بات‌چیت کی تھی، جبکہ دوسرے تمام لوگ جن سے وہ ملی کام پر جانے کی جلدی میں تھے۔ سفری نگہبان نے مشورہ دیا کہ وہ سب کے سب اُسی گلی میں صبح ذرا دیر سے جائیں۔ اُنہوں نے ایسا کِیا اور وہ دوپہر تک وہیں رہے۔ وہ بہن جس نے صبح‌سویرے صرف دو مرتبہ گفتگو کی تھی اب جب دوبارہ گئی تو کافی زیادہ کام کِیا۔ اُس نے ۳۱ رسالے اور ۱۵ بروشر پیش کئے، سات اشخاص کے نام اور پتے حاصل کئے، اور دو گھریلو بائبل مطالعے شروع کئے!‏ گروپ میں شامل دوسروں کو بھی اسی طرح کے حوصلہ‌افزا نتائج حاصل ہوئے۔‏

۱۲ جب آپ کسی ایسے شخص سے ملتے ہیں جو دلچسپی ظاہر کرتا ہے تو اُس شخص کا نام، پتہ اور ٹیلی‌فون نمبر حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ شروع ہی میں معلومات حاصل کرنے کی بجائے، آپ کہہ سکتے ہیں:‏ ”‏مَیں اس گفتگو سے لطف‌اندوز ہوا ہوں۔ کیا کوئی ایسا طریقہ ہے جس سے ہم اسے بعد کے کسی وقت میں جاری رکھ سکیں؟“‏ یا پوچھیں:‏ ”‏کیا کوئی ایسا طریقہ ہے جس سے مَیں آپکو گھر پر مل سکتا ہوں؟“‏ اس طریقے سے رابطہ کئے گئے بہت سے لوگ واپسی ملاقات کرنے کیلئے رضامند ہو جاتے ہیں۔‏

۱۳ اگر آپ کسی ایسے دلچسپی رکھنے والے شخص سے گفتگو کرتے ہیں جو دوسری کلیسیا کو تفویض‌کردہ علاقے میں رہتا ہے تو آپکو اُنہیں مطلع کرنا چاہیے تاکہ بھائی دلچسپی کی پیروی کر سکیں۔ کیا گلی‌کوچوں میں گواہی دینا آپکے علاقے میں خوشخبری پھیلانے کا مؤثر طریقہ ہوگا؟ اگر ایسا ہے تو اگست ۱۹۹۴ کی ہماری بادشاہتی خدمتگزاری کے شمارے میں مضمون ”‏گلی‌کوچوں میں مؤثر گواہی دینے کے ذریعے دلچسپی لینے والوں کی تلاش کرنا“‏ پر نظرثانی کریں۔ اسکے بعد دن میں مناسب وقت پر گلی‌کوچوں میں گواہی دینے میں شریک ہونے کا بندوبست کریں جو آپ کو حتی‌الوسع زیادہ سے زیادہ لوگوں تک رسائی کرنے کے قابل بنائیگا۔‏

۱۴ پبلک ٹرانسپورٹ میں گواہی دینا:‏ ایک صبح چند پائنیرز نے اُن لوگوں کو گواہی دینے کا فیصلہ کِیا جو مقامی کالج کے نزدیک بس کا انتظار کر رہے تھے۔ جبکہ اُنکے چند ایک پُرلطف مباحثے ہوئے، ایک مسئلہ بھی پیدا ہو گیا۔ بات‌چیت کے آگے بڑھنے تک، غیرمتوقع طور پر گفتگو کے اچانک بند ہو جانے کا باعث بنتے ہوئے، بس آ گئی۔ بس پر سوار ہونے اور شہر کے اندر سفر کے دوران مسافروں کو گواہی دینا جاری رکھنے سے پائنیر اس مسئلے کو حل کر سکے۔ آخری سٹاپ پر پہنچ کر پائنیر جیسے جاتے وقت گواہی دیتے گئے ویسے ہی واپسی کا سفر کرتے ہوئے گواہی دیتے رہے۔ کئی بار آنے جانے کا سفر کرنے کے بعد، اُنہوں نے اپنی کاوشوں کے نتائج کا حساب لگایا:‏ ۲۰۰ سے زیادہ رسالے پیش کئے گئے اور چھ بائبل مطالعے شروع کئے گئے۔ بعض مسافروں نے خوشی سے اپنے پتے اور ٹیلی‌فون نمبر دیئے تاکہ اُن سے گھر پر ملاقات کی جا سکے۔ اگلے ہفتے، پائنیرز پھر بس سٹاپ پر پہنچے اور پہلے جیسے طریقہ‌کار پر عمل کِیا۔ اُنہوں نے ۱۶۴ رسالے پیش کئے اور ایک اَور بائبل مطالعہ شروع کِیا۔ ایک سٹاپ پر ایک مسافر بس میں سوار ہوا اور پائنیر کے ساتھ والی—‏واحد دستیاب سیٹ پر بیٹھ گیا۔ اُس نے بھائی کی طرف دیکھا اور مسکرا کر کہا:‏ ”‏مَیں جانتا ہوں، آپ کے پاس میرے لئے واچ‌ٹاور ہے۔“‏

۱۵ بہتیرے مبشر بس، ٹرین، یا ہوائی جہاز میں سفر کرتے وقت مؤثر گواہی دیتے ہیں۔ آپ اپنے ساتھ بیٹھے ہوئے مسافر کیساتھ کیسے گفتگو کا آغاز کر سکتے ہیں؟ بس پر سوار ایک ۱۲سالہ مبشر نے اپنی ساتھ والی سیٹ پر بیٹھی ہوئی نوجوان لڑکی کے تجسّس کو اُبھارنے کی اُمید پر اویک!‏ کی ایک کاپی پڑھنا شروع کر دی۔ یہ کارگر ثابت ہوا۔ لڑکی نے اُس سے پوچھا کہ وہ کیا پڑھ رہا تھا، اور نوجوان نے جواب دیا کہ وہ اُن مسائل کے حل کی بابت پڑھ رہا تھا جو نوجوان لوگوں کو درپیش ہیں۔ اُس نے مزید یہ بھی کہا کہ اُس نے مضمون سے بہت زیادہ استفادہ کِیا ہے اور یہ کہ یہ اُسکی بھی مدد کر سکتا ہے۔ اُس نے خوشی سے رسالے قبول کر لئے۔ اُن کی گفتگو کو دو اَور نوجوانوں نے بھی سنا جنہوں نے رسالوں کی کاپیاں مانگی۔ اس پر، بس کے ڈرائیور نے بس کو ایک طرف کھڑا کر دیا اور پوچھا کہ ان رسالوں میں اتنی دلچسپی کی کیا بات ہے۔ جب اُسے بھی معلوم ہوا تو اُس نے بھی کاپیاں حاصل کیں۔ یقیناً، اگر نوجوان مبشر کے پاس ہر اُس شخص کو دینے کیلئے جس نے دلچسپی ظاہر کی تھی کافی تعداد میں رسالوں کی سپلائی نہ ہوتی تو یہ سب ممکن نہیں ہوتا!‏

۱۶ پارکس اور پارکنگ کی جگہوں پر گواہی دینا:‏ پارکس اور پارکنگ کی جگہوں پر گواہی دینا لوگوں تک رسائی کرنے کا شاندار طریقہ ہے۔ کیا آپ نے کسی شاپنگ سنٹر کی پارکنگ کی جگہ پر گواہی دینے کی کوشش کی ہے؟ اپنے اردگرد کا جائزہ لینے کیلئے ہمیشہ چند لمحے نکالیں۔ کسی ایسے شخص کو تلاش کریں جو جلدی میں نہیں یا جو ایک پارک کی ہوئی گاڑی میں انتظار کر رہا ہے اور ایک دوستانہ گفتگو کی ابتدا کرنے کی کوشش کریں۔ اگر گفتگو جاری رہتی ہے تو بادشاہتی پیغام کو شامل کریں۔ تنہا مگر ایک دوسرے مبشر کی موجودگی میں اُسی علاقے میں کام کرنے کی کوشش کریں۔ ایک بھاری بیگ اُٹھانے یا کسی دوسرے طریقے سے اپنے کام کی طرف توجہ مبذول کرانے سے گریز کریں۔ عقلمند بنیں۔ یہ بہتر ہو سکتا ہے کہ تھوڑی دیر کیلئے پارکنگ کی ایک جگہ پر کام کریں اور اسکے بعد دوسری طرف چلے جائیں۔ اگر کوئی شخص آپ کیساتھ گفتگو کرنا نہیں چاہتا تو شائستگی کیساتھ اپنی راہ لیں اور کسی دوسرے شخص کو گفتگو کرنے کیلئے تلاش کریں۔ ان طریقوں کو آزمانے سے ایک بھائی نے پارکنگ کی جگہوں پر گواہی دیتے ہوئے ایک مہینے میں ۹۰ رسالے پیش کئے۔‏

۱۷ بعض لوگ آرام کرنے کی غرض سے پارک میں جاتے ہیں؛ دیگر کھیلنے کیلئے یا اپنے بچوں کیساتھ وقت گزارنے کیلئے وہاں جاتے ہیں۔ نامناسب طور پر اُن کی سرگرمیوں میں مداخلت کئے بغیر، گواہی دینے کے موقع کی تلاش میں رہیں۔ ایک بھائی نے ایک پارک کی دیکھ‌بھال کرنے والے شخص کیساتھ گفتگو شروع کی اور یہ محسوس کِیا کہ وہ منشیات اور اپنے بچوں کے مستقبل کی بابت فکرمند تھا۔ ایک گھریلو بائبل مطالعہ شروع ہو گیا اور باقاعدگی سے پارک میں منعقد کروایا جانے لگا۔‏

۱۸ شاپنگ مالز میں غیررسمی گواہی:‏ جبکہ شاپنگ مالز میں دُکانوں پر رسمی طور پر منادی کرنا ایسی کارگزاریوں پر مقامی پابندی کی وجہ سے ہمیشہ ممکن نہیں، بعض مبشر وہاں غیررسمی گواہی دینے کے مواقع پیدا کر لیتے ہیں۔ وہ ایک بینچ پر بیٹھ جاتے ہیں اور آرام کیلئے ٹھہرنے والے دیگر لوگوں کیساتھ دوستانہ گفتگو کا آغاز کرتے ہیں۔ جب دلچسپی ظاہر کی جاتی ہے تو وہ دانشمندی کیساتھ ٹریکٹ یا رسالہ پیش کرتے ہیں اور واپسی ملاقات کا بندوبست بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ چند لمحوں کیلئے مال کے ایک حصے میں گواہی دینے کے بعد، وہ دوسرے حصے میں چلے جاتے ہیں اور کسی دوسرے شخص کیساتھ گفتگو شروع کر دیتے ہیں۔ یقینی طور پر، اس طریقے سے غیررسمی گواہی دیتے وقت بیجا توجہ حاصل کرنے کے سلسلے میں محتاط رہنا چاہیے۔‏

۱۹ کسی شخص کو سلام کرتے وقت، دوستانہ لہجے میں گفتگو کا آغاز کریں۔ اگر آپ کا سامع جوابی‌عمل دکھاتا ہے تو سوال پوچھیں، اسکے بعد جب وہ اپنا اظہارِخیال کرتا ہے تو انہماک کیساتھ سنیں۔ جوکچھ وہ بیان کر رہا ہے اُس میں ذاتی دلچسپی لیں۔ ظاہر کریں کہ آپ اُس کی رائے کی قدر کرتے ہیں۔ جہاں ممکن ہو، اُس کیساتھ اتفاق کریں۔‏

۲۰ ایک بہن کی کسی عمررسیدہ خاتون کیساتھ بہت زیادہ مہنگائی کے سلسلے میں دلچسپ گفتگو ہوئی۔ عورت نے فوراً اتفاق کِیا، اور نتیجہ ایک حقیقت‌پسندانہ گفتگو تھا۔ بہن عورت کا نام اور پتہ حاصل کرنے کے قابل ہوئی، اور اُسی ہفتے واپسی ملاقات کی گئی۔‏

۲۱ دُکانوں پر کام کرنا:‏ بعض کلیسیاؤں کے پاس تفویض‌شُدہ علاقے کے طور پر کاروباری حلقے ہوتے ہیں۔ علاقے کا خیال رکھنے والا بھائی ان گنجان کاروباری علاقوں کے خصوصی نقشے کے کارڈز تیار کر سکتا ہے۔ کسی بھی رہائشی علاقے کے کارڈز کو جو انہیں جگہوں پر پڑتے ہیں اس بات کی صاف طور پر نشاندہی کرنی چاہیے کہ کاروباری جگہوں پر علاقے کے حصے کے طور پر کام نہیں کِیا جا سکتا۔ دیگر علاقوں میں، کاروباری مقامات میں رہائشی علاقوں کیساتھ کام کِیا جاتا ہے۔ بزرگ لائق مبشروں کو باقاعدگی سے کاروباری علاقوں میں کام کرنے کی دعوت دے سکتے ہیں تاکہ دُکانوں پر کام کرنے سے غفلت نہ برتی جائے۔‏

۲۲ اگر آپکو اس کام میں شرکت کرنے کی دعوت دی جاتی ہے، اور آپ نے پہلے کبھی یہ نہیں کِیا تو ’‏دلیری حاصل کرنے کا‘‏ بہترین طریقہ پہلے چند چھوٹے سٹورز پر کام کرنا ہے؛ اسکے بعد، جب آپ زیادہ پُراعتماد محسوس کریں تو بڑے سٹورز پر کام کریں۔ (‏۱-‏تھسلنیکیوں ۲:‏۲‏)‏ دُکانوں پر کام کرتے ہوئے، اُسی طرح کا لباس پہنیں جو آپ کنگڈم ہال میں اجلاس پر حاضر ہوتے وقت پہنیں گے۔ اگر ممکن ہو تو اُس وقت سٹور میں داخل ہوں جب گاہک چیزیں خریدنے کے انتظار میں نہیں ہیں۔ مینیجر یا انچارج سے بات‌چیت کرنے کی درخواست کریں۔ پُرتپاک، اور سب سے بڑھ کر، مختصر ہوں۔ معذرت‌طلب کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ بہتیرے کاروباری لوگ گاہکوں کی طرف مائل ہوتے ہیں اور مداخلتوں کی توقع کرتے ہیں۔‏

۲۳ سٹورکیپر کو سلام کرنے کے بعد، آپ یہ کہہ سکتے ہیں:‏ ”‏کاروباری لوگوں کی بہت سی مصروفیات ہوتی ہیں کہ ہم اُنہیں گھر پر بہت کم مِل پاتے ہیں، لہٰذا ہم آپکے پاس ایک سوچ کو اُبھارنے والا مضمون پڑھنے کیلئے چھوڑنے کی غرض سے یہاں آپکے کاروبار کی جگہ پر آپ سے ملاقات کر رہے ہیں۔“‏ پھر پیش‌کردہ رسالے کی بابت ایک یا دو تبصرے کریں۔‏

۲۴ یا ایک مینیجر تک رسائی کرتے وقت آپ اسے آزما سکتے ہیں:‏ ”‏ہم نے دیکھا ہے کہ کاروباری لوگ حالات سے آگاہ رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔ مینارِنگہبانی (‏یا جاگو!‏)‏ کا تازہ‌ترین شمارہ ایک مضمون نمایاں کرتا ہے جو ذاتی طور پر ہم سب پر اثرانداز ہوتا ہے۔“‏ وضاحت کریں کہ یہ کیا ہے، اور یہ کہتے ہوئے اختتام کریں:‏ ”‏ہمیں یقین ہے کہ آپ اسے پڑھنے سے لطف‌اندوز ہونگے۔“‏

۲۵ اگر وہاں ملازمین ہیں اور یہ مناسب دکھائی دیتا ہے تو آپ کہہ سکتے ہیں:‏ ”‏اگر مَیں آپکے ملازمین کو بھی یہی مختصر پیشکش کروں تو کیا آپ اس کی اجازت دینگے؟“‏ اگر اجازت مل جاتی ہے تو یاد رکھیں کہ آپ نے مختصر گفتگو کرنے کا وعدہ کِیا تھا، اور مینیجر آپ سے توقع کریگا کہ آپ اپنے وعدے کے پابند رہیں۔ اگر کوئی ملازم طویل گفتگو کرنا چاہتا ہے تو یہ اچھا ہوگا کہ اُن کے گھر پر اُن سے ملاقات کی جائے۔‏

۲۶ حال ہی میں، ایک چھوٹے قصبے میں چند مبشروں نے سرکٹ اوورسیئر کے ہمراہ دُکانوں پر کام میں شرکت کی۔ پہلے کبھی یہ کام نہ کرنے کی وجہ سے بعض مبشر پریشان تھے؛ لیکن وہ جلد ہی مطمئن ہو گئے اور اس سے محظوظ ہونے لگے۔ ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں، اُنہوں نے ۳۷ لوگوں سے بات‌چیت کی اور ۲۴ رسالے اور ۴ بروشر پیش کئے۔ ایک بھائی نے بیان کِیا کہ عام طور پر اُنہوں نے ایک مہینے میں بھی گھرباگھر کے کام میں اتنے زیادہ لوگوں سے ملاقات نہیں کی تھی جتنی اُنہوں نے اتنے کم وقت میں دُکانوں پر کام کرتے ہوئے کی تھی۔‏

۲۷ منادی کرنے کے مواقع پیدا کرنا:‏ یسوع نے اپنی گواہی کو رسمی حالات تک ہی محدود نہیں رکھا تھا۔ اُس نے ہر مناسب موقع پر خوشخبری سنائی۔ (‏متی ۹:‏۹؛‏ لوقا ۱۹:‏۱-‏۱۰؛‏ یوحنا ۴:‏۶-‏۱۵‏)‏ غور کریں کہ بعض مبشر منادی کرنے کیلئے کیسے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔‏

۲۸ بعض نے ایسے والدین کو گواہی دینے کا معمول بنا لیا ہے جو سکول کے دروازے کے باہر اپنے بچوں کا انتظار کر رہے ہیں۔ چونکہ بیشتر والدین ۲۰ منٹ پہلے پہنچ جاتے ہیں، صحیفائی موضوع پر تحریک دینے والی گفتگو میں شریک ہونے کا وقت ہوتا ہے۔‏

۲۹ زیادہ‌تر پائنیر ایسے لوگوں تک رسائی کرنے کیلئے چوکس رہتے ہیں جو شاید کسی خاص موضوع میں دلچسپی رکھتے ہیں جو ہمارے رسالے میں پیش کِیا گیا ہے۔ مثال کے طور پر، ایک بہن کو اپنی کلیسیا کے علاقے میں چھ سکولوں میں دسمبر ۲۲، ۱۹۹۵، کے اویک!‏ میں شائع ہونے والے سلسلے ”‏بحران کا شکار سکول“‏ کیساتھ جانے سے اچھے جوابی‌عمل دیکھنے کو ملے۔ اُس نے فیملی کیئر سروسز سے بھی خاندانی زندگی اور بچوں کیساتھ بدسلوکی کی بابت رسالوں کیساتھ ملاقات کی اور اُسے اسی طرح کے موضوعات پر شائع‌شُدہ شماروں کیساتھ دوبارہ آنے کی دعوت دی گئی۔ بیروزگاری سے متعلق مارچ ۸، ۱۹۹۶، کے اویک!‏ کے سلسلے میں بیروزگاری کے دفتر سے اُسے جسطرح کا ردِعمل ملا اُسے ”‏حد سے زیادہ“‏ کے طور پر بیان کِیا گیا ہے۔‏

۳۰ ایک ڈسٹرکٹ اوورسیئر بیان کرتا ہے کہ وہ اور اُسکی اہلیہ اپنا سوداسلف خریدتے وقت باقاعدگی کیساتھ غیررسمی گواہی دیتے تھے۔ وہ دن کے اُس وقت میں شاپنگ کرتے تھے جب دُکان میں زیادہ بِھیڑ نہیں ہوتی اور گاہک راہداری میں بڑے آرام کیساتھ سامان اکٹھا کر رہے ہوتے تھے۔ وہ بہت زیادہ عمدہ مباحثوں کی رپورٹ دیتے ہیں۔‏

۳۱ بہتیرے مبشر پبلک لانڈریوں (‏ایسے عوامی دھوبی گھاٹ جہاں سکہ ڈال کر واشنگ مشینیں چلائی جاتی ہیں)‏ پر لوگوں کو گواہی دینے کے اچھے نتائج بیان کرتے ہیں۔ وہ محض اُس وقت وہاں رسالے نہیں چھوڑتے جب وہاں کوئی نہیں ہوتا۔ اُن کا نصب‌العین خوشخبری کیساتھ لوگوں تک رسائی کرنا ہے، اسلئے وہ اُس سہولت کو استعمال کرنے والے لوگوں کیساتھ ذاتی طور پر بات‌چیت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔‏

۳۲ بعض علاقوں میں، مخصوص مبشروں کو ہوائی‌اڈوں پر گواہی دینے کی اجازت ہے۔ کبھی‌کبھار، اُنہیں ایسے بین‌الاقوامی مسافروں کو گواہی دینے کی خوشی حاصل ہوتی ہے جو ایسے ممالک میں رہتے ہیں جہاں یہوواہ کے لوگ تعداد میں بہت کم ہیں۔ جہاں دلچسپی دکھائی گئی ہے، اُنہوں نے وہاں ٹریکٹ یا رسالے پیش کئے ہیں۔‏

۳۳ اگر کلیسیا کے علاقے میں واقع حفاظتی اقدام والے اپارٹمنٹس میں ذاتی طور پر کرائے‌داروں کو گواہی دینے کی اجازت نہیں ملتی تو بعض نے موقع‌شناسی سے ڈیوٹی پر موجود سیکیورٹی گارڈز یا کرائے کے دفاتر کے مینیجرز کو گواہی دینے کا معمول بنا لیا۔ یہی طریقہ نجی، پہرے والے علاقوں میں استعمال کِیا گیا ہے۔ اس طریقے سے ایک سرکٹ اوورسیئر اور چند ایک مبشروں نے سات اپارٹمنٹ کمپلیکس میں ملاقات کی۔ ہر ایک کے معاملے میں، اُنہوں نے مینیجر کو بتایا کہ اگرچہ اُنہیں معمول کے مطابق اپارٹمنٹس میں ملاقات کرنے کی اجازت تو نہیں دی گئی، لیکن وہ نہیں چاہتے کہ ہمارے ان تازہ‌ترین شماروں کی معلومات آپ تک نہ پہنچیں۔ ساتوں کمپلیکسز کے مینیجرز نے بخوشی رسالے قبول کئے اور آئندہ شماروں کے لئے بھی درخواست کی!‏ ایسے کمپلیکسز میں رہنے والوں سے پھر بعد میں ٹیلی‌فون کے ذریعے رابطہ کِیا جاتا ہے۔‏

۳۴ ہر جگہ منادی کرنے کیلئے جانفشانی کریں:‏ اپنی مخصوصیت کے مطابق زندگی بسر کرنے میں بادشاہتی پیغام کی منادی کرنے کی اپنی تفویض کی بابت فوری ضرورت کا احساس رکھنا بھی شامل ہے۔ ایسے وقت پر لوگوں تک رسائی کرنے کی خاطر جو اُن کیلئے مناسب ہے، ہمیں اپنی ذاتی ترجیحات کو پسِ‌پُشت ڈالنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم ”‏کسی طرح سے بعض کو [‏بچا سکیں]‏۔“‏ یہوواہ کے تمام مخصوص‌شُدہ خادم پولس رسول کی طرح یہ کہنے کے قابل ہونا چاہتے ہیں:‏ ”‏مَیں سب کچھ انجیل کی خاطر کرتا ہوں تاکہ اَوروں کے ساتھ اُس میں شریک ہوؤں۔“‏—‏۱-‏کرنتھیوں ۹:‏۲۲، ۲۳‏۔‏

۳۵ پولس نے مزید لکھا:‏ ”‏پس مَیں بڑی خوشی سے اپنی کمزوری پر فخر کرونگا تاکہ مسیح کی قدرت مجھ پر چھائی رہے۔ .‏ .‏ .‏ کیونکہ جب مَیں کمزور ہوتا ہوں اُسی وقت زورآور ہوتا ہوں۔“‏ (‏۲-‏کرنتھیوں ۱۲:‏۹، ۱۰‏)‏ باالفاظِ‌دیگر، ہم میں سے کوئی بھی اس کام کو خود اپنی طاقت سے سرانجام نہیں دے سکتا۔ ہمیں یہوواہ سے اُس کی پاک رُوح کیلئے دُعا کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر ہم قوت کیلئے یہوواہ سے دُعا کرتے ہیں تو ہم پُراعتماد ہو سکتے ہیں کہ وہ ہماری دُعاؤں کا جواب دیگا۔ تب پھر لوگوں کیلئے ہماری محبت ہمیں جہاں کہیں بھی موزوں ہو اُنہیں خوشخبری کی منادی کرنے کے مواقع تلاش کرنے کی تحریک دیگی۔ آنے والے ہفتے کے دوران، کیوں نہ اس ضمیمے میں پیش‌کردہ تجاویز میں سے کوئی ایک آزمائیں؟‏

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں