کیا لفظ ”مسیحی“ اپنے معنی کھو بیٹھا ہے؟
ایک مسیحی ہونے کا کیا مطلب ہے؟ آپ اس سوال کا جواب کیسے دینگے؟ مختلف ممالک میں کئی لوگوں سے یہ سوال پوچھا گیا جنکے عام جوابات کا نمونہ زیرِنظر ہے:
”یسوع کی پیروی اور تقلید کرنا۔“
”نیک اور دوسروں کے دُکھسکھ میں شریک ہونا۔“
”مسیح کو خداوند اور منجّی قبول کرنا۔“
”ماس میں جانا، روزری پڑھنا اور پاک شراکت لینا۔“
”مَیں نہیں مانتا کہ خود کو مسیحی ثابت کرنے کیلئے چرچ جانا ضروری ہے۔“
لغات بھی اس لفظ کی مختلف تشریحات بیان کرتی ہیں۔ ایک لغت لفظ ”مسیحی“ کے دس مطلب بیان کرتی ہے جن میں ”یسوع مسیح کے مذہب کا معتقد یا پیرو“ سے لیکر ”ایک مہذب یا پسندیدہ شخص“ ہونے کا خیال پایا جاتا ہے۔ لہٰذا، اس میں تعجب کی کوئی بات نہیں کہ بہتیرے لوگ یہ وضاحت کرنا مشکل پاتے ہیں کہ مسیحی ہونے سے کیا مُراد ہے۔
آزادخیالی
آجکل، چرچوں کے اندر ایک ہی صف میں بیٹھنے والے مسیحیوں کے درمیان بھی بائبل کے الہام، نظریۂارتقا، سیاست میں چرچ کی شمولیت اور اپنے ایمان کے پرچار کی بابت مختلف نظریات پائے جاتے ہیں۔ اسقاطِحمل، ہمجنسپسندی اور شادی کئے بغیر اکٹھے رہنے کے اخلاقی مسائل اکثر بحثوتکرار کا موضوع بنتے ہیں۔ فیزمانہ آزادخیالی عام ہے۔
مثال کے طور پر، جریدہ کرسچن سنچری کے مطابق، ایک پروٹسٹنٹ چرچ ٹربیونل نے حال ہی میں اس بات کی حمایت کے لئے رائےشماری کی کہ چرچ کو ”اپنے انتظامی بورڈ کے لئے ایک ہمجنسپسند راہب کو منتخب کرنے“ کا حق حاصل ہے۔ بعض مذہبی علماء یہ خیال پیش کرتے ہیں کہ نجات کیلئے یسوع پر ایمان لانا ضروری نہیں ہے۔ دی نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، وہ یقین رکھتے ہیں کہ یہودی، مسلمان اور دیگر لوگ بھی ”[مسیحیوں کی طرح] آسمان پر جا سکتے ہیں۔“
یقیناً آپ کے نزدیک ایک مارکسی کا سرمایہدارانہ نظام کی حمایت کرنا یا ایک جمہوریتپسند کا آمریت کے حق میں نعرے لگانا یا ماحولیاتی تحفظ کے حامی کا جنگلات کاٹنے کی تحریک دینا ناقابلِقیاس ہوگا۔ تاہم، اگر ایسا ہو تو آپ ضرور کہیں گے کہ ”ایسا شخص حقیقی مارکسی یا جمہوریتپسند یا ماحولیاتی تحفظ کا حامی نہیں ہو سکتا“—اور آپکا یہ کہنا درست بھی ہوگا۔ تاہم، آپ آجکل اقبالی مسیحیوں کے مختلف نظریات کا جائزہ لیتے ہوئے مسیحیت کے بانی، یسوع مسیح کی تعلیم اور اُنکے اعتقادات میں زمین آسمان کا فرق دیکھ سکتے ہیں۔ یہ بات اُنکی مسیحیت کی چھاپ کی بابت کیا آشکارا کرتی ہے؟—۱-کرنتھیوں ۱:۱۰۔
مسیحی تعلیمات میں زمانے کے تقاضوں کے مطابق تبدیلیاں کرنے کا میلان نیا نہیں ہے، جیساکہ ہم دیکھیں گے۔ خدا اور یسوع مسیح ایسی تبدیلیوں کو کیسا خیال کرتے ہیں؟ کیا غیرمسیحی تعلیمات کو فروغ دینے والے چرچ خود کو بجا طور پر مسیحی کہہ سکتے ہیں؟ ان سوالات پر اگلے مضمون میں گفتگو کی جائیگی۔