یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • م99 1/‏10 ص.‏ 22-‏25
  • یہوواہ کو اُسکے شایانِ‌شان دینا

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • یہوواہ کو اُسکے شایانِ‌شان دینا
  • مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏1999ء
  • ذیلی عنوان
  • ملتا جلتا مواد
  • سیکھی ہوئی باتوں پرعمل کرنا
  • رکاوٹوں کے باوجود منادی کرنا
  • ایڈھونوکوری میں ہماری خدمتگزاری
  • وحشیانہ اذیت
  • مخالفت کے باوجود ترقی
  • ایک یتیم بچے کو شفیق باپ مل جاتا ہے
    مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏2005ء
مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏1999ء
م99 1/‏10 ص.‏ 22-‏25

یہوواہ کو اُسکے شایانِ‌شان دینا

ٹیمولیون واسی‌لیو کی زبانی

مجھے ایڈھونوکوری کے گاؤں میں بائبل کی تعلیم دینے کی وجہ سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔ پولیس نے میرے جوتے اتار کر میرے پاؤں کے تلوؤں پر مارنا شروع کر دیا۔ مسلسل مار پڑنے سے میرے پاؤں سُن ہو گئے جس کے بعد مجھے کوئی درد محسوس نہ ہوئی۔ اِس بدسلوکی کی وضاحت کرنے سے پیشتر جو اُس وقت یونان میں کوئی انوکھی بات نہیں تھی، مَیں یہ بتانا چاہونگا کہ مَیں بائبل کی تعلیم دینے والا کیسے بن گیا۔‏

جب مَیں ۱۹۲۱ میں پیدا ہو تو اُس کے تھوڑی ہی دیر بعد ہمارا خاندان شمالی یونان میں روڈھولیوؤس کے شہر میں منتقل ہو گیا۔ جوانی کے عالم میں مَیں بہت سرکش ہوتا تھا۔ مَیں نے ۱۱ برس کی عمر میں تمباکونوشی شروع کر دی۔ بعدازاں مَیں شرابی اور جواری بن گیا اور تقریباً ہر شب غیرمہذب محفلوں میں جاتا تھا۔ موسیقی میں کچھ قدرتی مہارت رکھنے کے باعث مَیں ایک مقامی میوزیکل گروپ میں شامل ہو گیا۔ تقریباً ایک سال کے اندر مَیں اِس گروپ کے تمام ساز بجانے کے لائق ہو گیا۔ تاہم، مَیں مطالعے کا شوقین اور انصاف‌پسند بھی تھا۔‏

۱۹۴۰ کے اوائل میں جب دوسری عالمی جنگ ابھی عروج پر ہی تھی تو ہمارے گروپ کو ایک چھوٹی بچی کے جنازے پر موسیقی بجانے کے لئے مدعو کِیا گیا۔ قبرستان میں رشتے‌دار اور دوست‌واحباب غم سے نڈھال دھاڑیں مار مار کر رو رہے تھے۔ اُن کی مایوس‌کُن حالت نے میرے جذبات کو بہت زیادہ متاثر کِیا۔ مَیں سوچنے لگا، ’‏ہم مرتے کیوں ہیں؟ کیا ہمارے مختصر دورِحیات کے علاوہ بھی کچھ ہے؟ مجھے ان سوالوں کے جواب کہاں سے مل سکتے ہیں؟‘‏

چند روز بعد، مجھے اپنے گھر میں ایک طاق پر نئے عہدنامے کی ایک کاپی نظر آئی۔ مَیں نے اُسے اُتار کر پڑھنا شروع کر دیا۔ جب مَیں نے متی ۲۴:‏۷ میں یسوع کے یہ الفاظ پڑھے کہ وسیع پیمانے پر جنگ اُسکی موجودگی کے نشان کا حصہ ہوگی تو مَیں یہ سمجھ گیا کہ اُسکی اس بات کا اطلاق تو ہمارے ہی زمانے پر ہوتا ہے۔ اِسکے بعد کے ہفتوں میں، مَیں نے مسیحی یونانی صحائف کی اِس کاپی کو کئی بار پڑھا۔‏

اِسکے بعد دسمبر ۱۹۴۰ میں، مَیں ایک بیوہ اور اُسکے پانچ بچوں پر مشتمل ایک قریبی خاندان کے گھر گیا۔ انکے بالائی کمرے میں، کتابچوں کے ڈھیر سے مجھے واچ ٹاور بائبل اینڈ ٹریکٹ سوسائٹی کا شائع‌کردہ ایک کتابچہ ملا جسکا عنوان تھا اے ڈیزائریبل گورنمنٹ۔ مَیں نے اُسی بالائی کمرے میں اُس پورے کتابچے کو پڑھ ڈالا۔ مَیں نے جوکچھ پڑھا اُس سے پوری طرح قائل ہو گیا کہ ہم واقعی بائبل کے مطابق ”‏اخیر زمانہ“‏ میں رہ رہے ہیں اور یہوواہ خدا اِس نظام‌العمل کو جلد ختم کر کے اُسکی جگہ نئی راست دُنیا لائیگا۔—‏۲-‏تیمتھیس ۳:‏۱-‏۵؛‏ ۲-‏پطرس ۳:‏۱۳‏۔‏

جس چیز نے مجھے خاص طور پر متاثر کِیا وہ اس بات کا صحیفائی ثبوت تھا کہ وفادار لوگ زمینی فردوس میں ہمیشہ تک زندہ رہینگے اور خدا کی بادشاہت کے تحت اُس نئی دُنیا میں دُکھ اور موت کو بھی ختم کر دیا جائے گا۔ (‏زبور ۳۷:‏۹-‏۱۱،‏ ۲۹؛‏ مکاشفہ ۲۱:‏۳، ۴‏)‏ مَیں نے اِس کتابچے کو پڑھتے پڑھتے ان معلومات کیلئے دُعا میں خدا کا شکر ادا کِیا اور اُس سے درخواست کی کہ مجھے اپنے تقاضوں کی بابت مزید علم فراہم کرے۔ مجھ پر عیاں ہو گیا کہ یہوواہ خدا میری مخلصانہ عقیدت کا مستحق ہے۔—‏متی ۲۲:‏۳۷‏۔‏

سیکھی ہوئی باتوں پرعمل کرنا

اُس وقت سے مَیں نے تمباکونوشی، شراب‌نوشی اور جوئے‌بازی ترک کر دی۔ مَیں نے اُس بیوہ کے پانچ بچوں اور اپنے تین چھوٹے بہن بھائیوں کو اکٹھا کرکے اُنکے سامنے کتابچے سے سیکھی ہوئی باتوں کی وضاحت کی۔ ہم جو تھوڑابہت جانتے تھے اُسکی بابت جلد ہی ہم نے دوسروں کو بتانا شروع کر دیا۔ اگرچہ ہم یہوواہ کے گواہوں سے کبھی ملے تک نہیں تھے پھر بھی ہم علاقے میں یہوواہ کے گواہوں کے طور پر مشہور ہو گئے۔ شروع ہی سے مَیں سیکھی ہوئی شاندار باتوں کی بابت دوسروں کو بتانے کیلئے ایک سو سے زیادہ گھنٹے صرف کرتا تھا۔‏

گریک آرتھوڈکس کے ایک پادری نے میئر کے پاس جاکر ہماری شکایت کی۔ لیکن کچھ دن پہلے، ایک نوجوان گواہ نے ایک گم‌شُدہ گھوڑا پکڑ کر اُسکے مالک کو لوٹا دیا تھا جسکا ہمیں کچھ علم نہیں تھا۔ ایسی دیانتداری کی وجہ سے میئر نے گواہوں کیلئے احترام کا اظہار کِیا اور پادری کی بات سننے سے انکار کر دیا۔‏

اکتوبر ۱۹۴۱ میں ایک دن، جب مَیں بازار میں گواہی دے رہا تھا تو کسی نے مجھے قریبی گاؤں میں رہنے والے ایک گواہ کی بابت بتایا۔ اُسکا نام کرسٹوس ٹرنٹافیلو تھا اور وہ پہلے پولیس میں کام کرتا تھا۔ جب مَیں اُس سے ملنے کیلئے گیا تو مجھے معلوم ہوا کہ وہ ۱۹۳۲ سے گواہ ہے۔ جب اُس نے مجھے واچ ٹاور کی کئی پُرانی مطبوعات پڑھنے کیلئے دیں تو مجھے بڑی خوشی ہوئی!‏ اِن مطبوعات نے روحانی ترقی کرنے کیلئے واقعی میری بہت مدد کی۔‏

مَیں نے ۱۹۴۳ میں خدا کیلئے اپنی مخصوصیت کی علامت میں پانی میں بپتسمہ لیا۔ اُس وقت تک مَیں تین قریبی دیہاتوں—‏دھراویسکوس، پالیوکومی اور ماورولوفوس میں بائبل مطالعے کرا رہا تھا۔ مَیں نے بائبل مطالعے کیلئے دی ہارپ آف گاڈ کتاب کو استعمال کِیا۔ انجام‌کار، مجھے اس علاقے میں یہوواہ کے گواہوں کی چار کلیسیائیں قائم ہوتے دیکھنے کا شرف حاصل ہوا۔‏

رکاوٹوں کے باوجود منادی کرنا

یونان ۱۹۴۴ میں جرمن تسلط سے آزاد ہو گیا اور اِسکے کچھ عرصہ بعد، اتھینے میں واچ ٹاور سوسائٹی کے برانچ دفتر کے ساتھ رابطہ قائم ہو گیا۔ برانچ دفتر نے مجھے اُس علاقے میں منادی کرنے کی دعوت دی جہاں شاید کسی نے بھی بادشاہتی پیغام کی بابت نہیں سنا تھا۔ وہاں منتقل ہو جانے کے بعد، مَیں نے تین مہینے ایک فارم پر کام کِیا اور سال کا باقی حصہ خدمتگزاری میں صرف کِیا۔‏

اُسی سال مجھے اپنی والدہ، اُس بیوہ اور اُسکے بچوں کا بپتسمہ دیکھنے کی خوشی حاصل ہوئی، اُس بیوہ کی سب سے چھوٹی بیٹی، میری‌انتھی ۱۹۴۳ میں بپتسمہ لے چکی تھی اور اسی سال نومبر میں میری پیاری بیوی بنی تھی۔ تیس سال بعد، ۱۹۷۴ میں، میرا والد بھی بپتسمہ‌یافتہ گواہ بن گیا۔‏

ہمیں ۱۹۴۵ کے اوائل میں میموگراف کے ذریعہ تیارکردہ دی واچ‌ٹاور کی پہلی کاپی حاصل ہوئی۔ اُسکے فیچر مضمون کا عنوان تھا ”‏جاؤ، سب قوموں کو شاگرد بناؤ۔“‏ (‏متی ۲۸:‏۱۹‏)‏ مَیں نے اور میری‌انتھی نے دریائے سٹرائے‌مون کے مشرق میں دُوردراز کے علاقوں میں کام کرنے کیلئے فوراً اپنے گھر کو خیرباد کہہ دیا۔ بعدازاں دیگر گواہ بھی ہمارے ساتھ مل گئے۔‏

ہم اکثر کسی گاؤں تک پہنچنے کیلئے میلوں ننگے پاؤں سفر کرتے جس کے دوران ہمیں تنگ راستوں سے گزرنا پڑتا اور پہاڑیوں کو عبور کرنا پڑتا تھا۔ ہم اپنے جوتے بچانے کیلئے ایسا کرتے تھے کیونکہ اُنکے ٹوٹ جانے پر ہم نئے جوتے نہیں لے سکتے تھے۔ یونان میں ۱۹۴۶ سے ۱۹۴۹ کے دوران خانہ جنگی زوروں پر تھی اور سفر کرنا بہت خطرناک تھا۔ راہ کے کنارے لاشوں کو پڑے دیکھنا کوئی غیرمعمولی بات نہیں تھی۔‏

مشکلات سے بے‌حوصلہ ہونے کی بجائے ہم نے سرگرمی کیساتھ خدمت کرنا جاری رکھا۔ مَیں نے کئی مرتبہ زبورنویس کی طرح محسوس کِیا جس نے لکھا:‏ ”‏خواہ موت کے سایہ کی وادی میں سے میرا گذر ہو مَیں کسی بلا سے نہیں ڈرونگا کیونکہ تُو میرے ساتھ ہے۔ تیرے عصا اور تیری لاٹھی سے مجھے تسلی ہے۔“‏ (‏زبور ۲۳:‏۴‏)‏ اس وقت کے دوران ہم اکثر کئی ہفتوں تک گھر سے دُور رہتے تھے اور مَیں بعض‌اوقات ایک مہینے میں خدمتگزاری میں ۲۵۰ گھنٹے صرف کرتا تھا۔‏

ایڈھونوکوری میں ہماری خدمتگزاری

جن دیہاتوں میں ہم ۱۹۴۶ میں گئے، اُن میں سے ایک ایڈھونوکوری تھا جو ایک بلند پہاڑ پر واقع تھا۔ ہم وہاں ایک آدمی سے ملے جس نے ہمیں بتایا کہ اُس گاؤں میں دو آدمی بائبل کا پیغام سننا چاہتے ہیں۔ تاہم اپنے پڑوسیوں کے ڈر سے، وہ آدمی ہمیں اُن تک پہنچانے کو تیار نہیں تھا۔ بہرکیف ہم نے اُنکے گھر تلاش کر لئے اور اُنہوں نے ہماری خوب آؤبھگت کی۔ درحقیقت، چند لمحوں بعد، بیٹھک لوگوں سے بھر گئی!‏ وہ رشتے‌دار یا قریبی دوست تھے۔ مَیں یہ دیکھکر بہت حیران تھا کہ وہ کتنے دھیان سے بیٹھ کر ہماری بات‌چیت سن رہے تھے۔ ہم فوراً سمجھ گئے کہ وہ یہوواہ کے گواہوں کیساتھ رابطہ کرنے کے مشتاق تھے مگر جرمن تسلط کے دوران وہاں کوئی گواہ نہیں تھا۔ کیا چیز اُنکی دلچسپی کا سبب بنی تھی؟‏

وہاں دو خاندانوں کے سردار مقامی کیمونسٹ پارٹی میں پیش‌پیش تھے جنہوں نے لوگوں میں کیمونسٹ خیالات کو متعارف کرایا تھا۔ تاہم، بعدازاں اُنہیں واچ ٹاور سوسائٹی کی شائع‌کردہ ایک کتاب گورنمنٹ ملی۔ اُسے پڑھنے سے وہ سمجھ گئے کہ ایک کامل، راست حکومت کی واحد اُمید خدا کی بادشاہت ہے۔‏

ہم اُن آدمیوں اور اُن کے دوستوں کے ساتھ آدھی رات تک بات‌چیت کرتے رہے۔ وہ اپنے سوالات کے بائبل پر مبنی جوابات سے پوری طرح مطمئن تھے۔ تاہم، اِس کے فوراً بعد، گاؤں کے کیمونسٹ لوگوں نے مجھے قتل کرنے کا منصوبہ بنایا کیونکہ وہ مجھے اُنکے سابقہ لیڈریوں کے نظریات میں تبدیلی لانے کا ذمہ‌دار خیال کرتے تھے۔ اتفاقاً، اُس پہلی رات وہاں پر موجود لوگوں میں وہ آدمی بھی شامل تھا جس نے مجھے گاؤں میں دلچسپی رکھنے والے آدمیوں کی بابت بتایا تھا۔ بالآخر، اُس نے بائبل علم میں ترقی کی، بپتسمہ لیا اور بعدازاں ایک مسیحی بزرگ بن گیا۔‏

وحشیانہ اذیت

اُن سابقہ کیمونسٹ آدمیوں سے ملے زیادہ عرصہ نہیں گزرا تھا کہ دو پولیس والے اُس گھر میں گھس آئے جہاں ہمارا اجلاس ہو رہا تھا۔ اُنہوں نے ہم میں سے چار کو بندوق کی نوک پر گرفتار کر لیا اور پولیس تھانے لے گئے۔ وہاں گریک آرتھوڈکس پادری کیساتھ گہرے تعلقات رکھنے والے ایک پولیس آفیسر نے ہمیں بڑا ذلیل کِیا۔ آخر میں اُس نے پوچھا، ”‏اب مجھے تمہارے ساتھ کیا کرنا چاہئے؟“‏

‏”‏اِن کی خوب پٹائی ہونی چاہئے!‏“‏ ہمارے پیچھے کھڑے دوسرے پولیس والوں نے بلند بانگ نعرہ لگایا۔‏

اُس وقت تک رات ہو چکی تھی۔ پولیس والے ہمیں تہہ‌خانے میں بند کر کے ساتھ ہی شراب‌خانے میں چلے گئے۔ جب اُنہیں بہت زیادہ نشہ ہو گیا تو وہ واپس آئے اور مجھے اُوپر لایا گیا۔‏

اُنکی حالت دیکھکر مَیں سمجھ گیا کہ وہ مجھے کسی بھی لمحے ہلاک کر سکتے ہیں۔ لہٰذا مَیں نے خدا سے دُعا کی کہ وہ مجھے ہر طرح کی تکلیف برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے۔ اُنہوں نے ڈنڈے اُٹھا لئے اور جیسے مَیں شروع میں بیان کر چکا ہوں، اُنہوں نے میرے پاؤں کے تلوؤں پر مارنا شروع کر دیا۔ اِسکے بعد اُنہوں نے میرے پورے جسم کو مار مار کر چکناچُور کر دیا اور واپس تہہ‌خانے میں پھینک دیا۔ اِسکے کچھ دیر بعد وہ دوسرے کو لا کر مارنے لگے۔‏

اِسی دوران، مَیں نے موقع سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے دوسرے دو جوان گواہوں کو آنے والی آزمائش کا سامنا کرنے کیلئے تیار کر دیا۔ لیکن پولیس والوں نے اُنکی بجائے مجھے پھر اُوپر بلا لیا۔ اُنہوں نے میرے کپڑے اُتار دئے اور اُن میں سے پانچ نے کوئی گھنٹہ‌بھر میری خوب پٹائی کی، وہ میرے سر کو اپنے فوجی بوٹوں تلے روندھتے رہے۔ اِسکے بعد اُنہوں نے مجھے سیڑھیوں سے لڑھکا دیا، جہاں مَیں کوئی ۱۲ گھنٹوں تک بے‌ہوش پڑا رہا۔‏

آخرکار جب ہم رہا کر دئے گئے تو گاؤں کے ایک خاندان نے رات‌بھر ہمیں اپنے گھر میں ٹھہرایا اور ہماری دیکھ‌بھال کی۔ اگلے دن ہم اپنے گھر واپس جانے کیلئے روانہ ہوئے۔ ہم اُس مارپیٹ سے اتنی زیادہ تکلیف اور تھکن کا شکار تھے کہ جو سفر عام طور پر دو گھنٹے کا تھا اُس میں ہمیں آٹھ گھنٹے لگے۔ مَیں پٹائی کی وجہ سے اتنا سُوجا ہوا تھا کہ میری‌انتھی بمشکل ہی مجھے پہچان پائی۔‏

مخالفت کے باوجود ترقی

جب ۱۹۴۹ میں ابھی خانہ جنگی جاری تھی تو ہم تھسلنیکے میں منتقل ہو گئے۔ مجھے اس شہر میں چار کلیسیاؤں میں سے ایک میں خدمت کرنے کیلئے اسسٹنٹ کانگریگیشن سرونٹ مقرر کر دیا گیا۔ ایک سال کے بعد کلیسیا اِس حد تک بڑھ گئی کہ ہمیں اُس میں سے ایک اَور کلیسیا کو تشکیل دینا پڑا اور مجھے کانگریگیشن سرونٹ یا صدارتی نگہبان مقرر کر دیا گیا۔ ایک سال بعد وہ نئی کلیسیا بھی تقریباً دوگنا بڑی ہو گئی اور اُس سے بھی ایک اَور کلیسیا کو تشکیل دیا گیا!‏

مخالفین تھسلنیکے میں یہوواہ کے گواہوں کی ترقی کی وجہ سے غضبناک تھے۔ ۱۹۵۲ میں ایک دن جب مَیں کام سے گھر لوٹا تو ہمارا گھر جل کر راکھ کا ڈھیر ہو چکا تھا۔ میری‌انتھی نے بمشکل اپنی جان بچائی تھی۔ اُسی رات اجلاس پر ہمیں بتانا پڑا کہ ہم اجلاس پر گندے کپڑوں میں کیوں آئے ہیں—‏ہمارا سب کچھ برباد ہو چکا تھا۔ ہمارے مسیحی بہن بھائی بڑے ہی شفیق اور مددگار ثابت ہوئے۔‏

مجھے ۱۹۶۱ میں ہر ہفتے ایک مختلف کلیسیا میں جا کر روحانی طور پر بھائیوں کو مضبوط کرنے کا سفری کام تفویض کِیا گیا۔ اگلے ۲۷ سال تک میری‌انتھی اور مَیں مقدونیہ، تھریس اور تھسلی میں سرکٹ اور ڈسٹرکٹ کے دورے کرتے رہے۔ میری پیاری میری‌انتھی ۱۹۴۸ تک تقریباً نابینا ہو جانے کے باوجود دلیری سے میرے ساتھ خدمت کرتے ہوئے ایمان کی بہت سی آزمائشوں کا مقابلہ کرتی رہی۔ اُسے بھی کئی مرتبہ گرفتار کِیا گیا اور اُس پر مقدمہ چلانے کے بعد جیل بھیج دیا گیا۔ بعدازاں اُسکی صحت گرنا شروع ہو گئی اور سرطان کیساتھ طویل لڑائی لڑنے کے بعد اُس نے ۱۹۸۸ میں وفات پائی۔‏

اُسی سال مجھے تھسلنیکے میں سپیشل پائنیر کے طور پر خدمت انجام دینے کیلئے مقرر کِیا گیا۔ اب ۵۶ سال سے زیادہ عرصہ تک یہوواہ کی خدمت کرنے کے بعد، مَیں ابھی تک سخت محنت کر سکتا اور خدمتگزاری کے تمام حلقوں میں حصہ لے سکتا ہوں۔ بعض‌اوقات، مَیں نے ایک ہفتے میں دلچسپی رکھنے والے اشخاص کیساتھ ۲۰ سے زیادہ بائبل مطالعے کرائے ہیں۔‏

مَیں یہ سمجھ چکا ہوں کہ ہم واقعی تعلیم دینے کے ایک عظیم پروگرام کے ابتدائی مرحلے میں ہیں جو یہوواہ کی نئی دُنیا میں اور اُسکے بعد ہزار سال تک جاری رہیگا۔ لہٰذا، مَیں محسوس کرتا ہوں کہ یہ ہمارے لئے سُستی، تاخیر یا اپنی جسمانی خواہشات کو پورا کرنے کا وقت نہیں ہے۔ مَیں خدا کا شکر کرتا ہوں کہ اُس نے وہ وعدہ پورا کرنے میں میری مدد کی جو مَیں نے شروع میں کِیا تھا کیونکہ یہوواہ واقعی ہماری مخلصانہ عقیدت اور خدمت کا مستحق ہے۔‏

‏[‏صفحہ 24 پر تصویر]‏

منادی کے کام پر پابندی کے دوران تقریر پیش کرتے ہوئے

‏[‏صفحہ 25 پر تصویر]‏

اپنی بیوی میری‌انتھی کیساتھ

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں