نیک نامی کی حفاظت کرنا
کسی خوبصورت فنپارے کا بغور مشاہدہ کرنا ایک پُرلطف تجربہ ہو سکتا ہے۔ بغور جائزہ لینے پر ایک شخص جان لے گا کہ مُصوّر نے کینوس پر مختلف رنگ منتقل کرنے کیلئے برش کو کس تسلسل سے استعمال کِیا ہے۔
اسی طرح نیکنامی، برش کی ایک وسیع حرکت سے نہیں بلکہ ایک عرصے کے دوران چھوٹے چھوٹے کاموں کے ذریعے حاصل ہوتی ہے۔ جی ہاں، تھوڑا تھوڑا کر کے ہمارے کاموں کے ذریعے ہماری ساکھ بنتی ہے۔
اسکے برعکس، برش کی ایک غلط جنبش بھی فنپارے کی قدروقیمت کو کم کر سکتی ہے۔ ہماری ساکھ کیساتھ بھی ایسا ہی ہے۔ دانشمند بادشاہ سلیمان نے لکھا: ”آدمی کی حماقت اُسے گمراہ کرتی ہے۔“ (امثال ۱۹:۳) ایک چھوٹی سی بیوقوفی—شاید شدید غصے کا اظہار یا الکحل کا نامعقول استعمال یا جنسی بداخلاقی کی ایک حرکت—آپکی عزت کو داغدار کر سکتی ہے۔ (امثال ۶:۳۲؛ ۱۴:۱۷؛ ۲۰:۱) پس کتنا ضروری ہے کہ ہم نیکنامی حاصل کرنے کیلئے سخت کوشش کریں اور اُسکو قائم رکھنے کیلئے تندہی سے محنت کریں۔—مقابلہ کریں مکاشفہ ۳:۵۔