کیا آپ شادی کی بابت سوچ رہے ہیں؟
اگر ہم طلاق کے عالمی واقعات کا ایک زلزلے کیساتھ موازنہ کریں تو ریاستہائےمتحدہ اُس کا مرکز ہوگا۔ حال ہی میں ایک سال کے دوران، وہاں فی منٹ دو کی اوسط سے ایک ملین سے زیادہ شادیاں ختم ہو گئی تھیں۔ تاہم شاید آپ اس بات سے اچھی طرح واقف ہوں کہ جہاں تک ازدواجی مشکلات کا تعلق ہے تو ریاستہائےمتحدہ اکیلا نہیں ہے۔
ایک مطالعے کے مطابق، کینیڈا، انگلینڈ اور ویلز، فرانس، یونان اور نیدرلینڈ میں ۱۹۷۰ سے لیکر طلاق کی شرح دوگنی سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔
ہم اس بات سے پوری طرح متفق ہیں کہ بیشتر جوڑے اس لئے شادی کرتے ہیں کیونکہ وہ ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں اور اپنی باقیماندہ زندگی اکٹھے گزارنا چاہتے ہیں۔ تاہم، افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ایک خوشحال شادی کا خواب اکثر ایک خواب ہی رہ جاتا ہے۔ تاہم ہوش میں آنے کے بعد، بہتیروں نے کہا ہے کہ اُنہوں نے بہت جلدی میں یا غلط شخص کیساتھ شادی کی تھی یا پھر دونوں ہی غلطیاں کی ہیں۔
اتنی زیادہ شادیاں کیوں ناکام ہو جاتی ہیں؟ ”اہم وجہ تیاری کا فقدان ہے،“ کورٹشپ کی بابت ایک کتاب کی مصنفہ نے بیان کِیا۔ وہ مزید بیان کرتی ہے: ”جب میں ازدواجی پریشانی کی کشمکش میں مبتلا جوڑوں سے ملتی ہوں تو دو قسم کے احساسات مجھے گھیر لیتے ہیں—ترس اور غصہ۔ ترس مجھے اس بات پر آتا ہے کہ اُنہیں باہمی اطمینانبخش رشتے کے سلسلے میں اپنے خوابوں کی تعبیر نہیں ملی۔ غصہ مجھے اُس پیچیدہ کام کے سلسلے میں اُن کی کمعلمی کی وجہ سے آتا ہے۔“
بِلاشُبہ، بہتیرے یہ سوچےسمجھے بغیر ہی شادی کے بندھن میں بندھ جاتے ہیں کہ اسے کیسے کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔ تاہم، یہ کوئی حیرانکُن بات نہیں ہے۔ ایک مُعلم نے مشاہدہ کِیا: ”ہمارے بہتیرے نوجوان کالج میں چوہوں اور چھپکلیوں کے طورطریقوں کا بغور مطالعہ کرتے ہیں لیکن شوہر اور بیوی کہلانے والے دو اشخاص کے طورطریقوں کی بابت سیکھنے میں ناکام رہتے ہیں؟“
کیا آپ شادی کی بات سوچ رہے ہیں—مستقبل میں ممکنہ شادی کی بابت یا اُس شادی کی بابت جس میں آپ پہلے ہی بندھے ہوئے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو آپ کو اس بات سے آگاہ ہونا چاہئے کہ زندگی کا حقیقی بندھن اس سے کہیں مختلف ہے جیسے اسے فلموں، ٹیلیویژن پروگراموں یا رومانوی ناولوں میں پیش کِیا جاتا ہے۔ اس کیساتھ ساتھ واقعی محبت کرنے والے دو پُختہ اشخاص کی شادی کو خدا کی طرف سے برکت خیال کِیا جا سکتا ہے۔ (امثال ۱۸:۲۲؛ ۱۹:۱۴) تاہم، آپ کیسے اس بات کا یقین کر سکتے ہیں کہ آپ شادی کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے تیار ہیں؟ ایک ساتھی کا انتخاب کرتے وقت آپ کو کن پہلوؤں پر غور کرنا چاہئے؟ یا اگر آپ پہلے سے شادیشُدہ ہیں تو آپ اپنی شادی سے دائمی خوشی حاصل کرنے کو کیسے یقینی بنا سکتے ہیں؟