سبق نمبر 91
یسوع جی اُٹھے
جب یسوع فوت ہو گئے تو یوسف نام کے ایک امیر آدمی نے پیلاطُس سے پوچھا کہ کیا وہ یسوع کی لاش کو سُولی سے اُتار کر اپنے ساتھ لے جا سکتا ہے۔ یوسف نے یہودیوں کی کفن دفن کی روایت کے مطابق یسوع کی لاش کو خوشبودار مصالحوں کے ساتھ لینن کے کپڑے میں لپیٹ دیا اور اُسے ایک نئی قبر میں رکھا۔ قبر کے مُنہ پر ایک بہت بڑا پتھر رکھا گیا تھا۔ اعلیٰ کاہنوں نے پیلاطُس سے کہا: ”ہمیں شک ہے کہ یسوع کے کچھ شاگرد اُس کی لاش کو اُٹھا کر لے جائیں گے اور کہیں گے کہ یسوع زندہ ہو گیا ہے۔“ اِس لیے پیلاطُس نے اُن سے کہا: ”قبر کے مُنہ پر پتھر مضبوطی سے لگا دو اور سپاہیوں کو وہاں پہرا دینے کے لیے کھڑا کرو۔“
تین دن بعد صبح صبح کچھ عورتیں قبر پر گئیں اور اُنہوں نے دیکھا کہ قبر کے مُنہ سے پتھر ہٹا ہوا ہے۔ قبر کے اندر ایک فرشتہ تھا جس نے اُن عورتوں سے کہا: ”ڈریں مت۔ یسوع جی اُٹھے ہیں۔ جائیں اور جا کر اُن کے شاگردوں سے کہیں کہ وہ یسوع سے گلیل میں آ کر ملیں۔“
مریم مگدلینی فورا پطرس اور یوحنا کو ڈھونڈنے گئیں۔ مریم نے اُنہیں بتایا: ”کوئی یسوع کی لاش کو لے گیا ہے!“ پطرس اور یوحنا بھاگ کر قبر کے پاس گئے۔ جب اُنہوں نے دیکھا کہ قبر خالی ہے تو وہ واپس اپنے گھر چلے گئے۔
جب مریم واپس قبر کے اندر گئیں تو اُنہوں نے قبر کے اندر دو فرشتوں کو دیکھا اور اُن سے کہا: ”مجھے نہیں پتہ کہ وہ میرے مالک کی لاش کہاں لے گئے ہیں۔“ پھر اُنہوں نے ایک آدمی کو دیکھا اور اُنہیں لگا کہ وہ مالی ہے۔ مریم نے کہا: ”بھائی! اگر آپ نے اُن کی لاش کو کہیں رکھا ہے تو بتائیں کہ وہ کہاں ہے۔“ لیکن اُس آدمی نے کہا: ”مریم!“ یہ سنتے ہی مریم سمجھ گئیں کہ یہ یسوع ہیں۔ اُنہوں نے کہا: ”اُستاد!“ یسوع نے کہا: ”جائیں، جا کر میرے بھائیوں کو بتائیں کہ آپ نے مجھے دیکھا ہے۔“ مریم اُسی وقت بھاگ کر شاگردوں کے پاس گئیں اور اُنہیں بتایا کہ اُنہوں نے یسوع کو دیکھا ہے۔
اُسی دن بعد میں یسوع کے دو شاگرد یروشلم سے اِماؤس جا رہے تھے۔ راستے میں ایک آدمی بھی اُن کے ساتھ چلنے لگا اور اُس نے اُن سے پوچھا کہ وہ کس بارے میں بات کر رہے ہیں۔ شاگردوں نے کہا: ”کیا آپ نے نہیں سنا؟ تین دن پہلے اعلیٰ کاہنوں نے یسوع کو مار ڈالا۔ اب کچھ عورتیں کہہ رہی ہیں کہ وہ زندہ ہیں۔“ اُس آدمی نے پوچھا: ”کیا آپ کو نبیوں کی باتوں پر یقین نہیں ہے؟ اُنہوں نے کہا تھا کہ مسیح کو مار ڈالا جائے گا لیکن پھر وہ زندہ ہو جائے گا۔“ وہ آدمی اُنہیں صحیفوں میں لکھی باتیں سمجھاتا رہا۔ جب وہ اِماؤس پہنچ گئے تو شاگردوں نے اُس آدمی سے کہا کہ وہ اُن کے ساتھ آئے۔ شام کے کھانے کے وقت جب اُس آدمی نے روٹی پر دُعا کی تو شاگرد سمجھ گئے کہ وہ یسوع ہیں۔ پھر یسوع وہاں سے غائب ہو گئے۔
وہ دونوں شاگرد یروشلم میں اُس گھر میں گئے جہاں رسول جمع تھے اور اُنہوں نے رسولوں کو بتایا کہ کیا کچھ ہوا ہے۔ جب وہ سب اُس گھر میں تھے تو یسوع اُن سب کو دِکھائی دیے۔ پہلے تو رسولوں کو یقین ہی نہیں آ رہا تھا کہ وہ یسوع ہیں۔ لیکن پھر یسوع نے اُن سے کہا: ”میرے ہاتھوں کو دیکھیں۔ مجھے چُھو کر دیکھیں۔ صحیفوں میں لکھا تھا کہ مسیح جی اُٹھے گا۔“
”مَیں راستہ اور سچائی اور زندگی ہوں۔ لوگ صرف اور صرف میرے ذریعے باپ کے پاس جا سکتے ہیں۔“—یوحنا 14:6