سبق نمبر 83
یسوع نے ہزاروں لوگوں کو کھانا کھلایا
سن 32 عیسوی کی عیدِفسح سے کچھ وقت پہلے رسول مُنادی کر کے واپس آئے۔ وہ بہت تھکے ہوئے تھے۔ اِس لیے یسوع اُنہیں کشتی کے ذریعے بیتصیدا لے گئے تاکہ وہ وہاں تھوڑا آرام کر سکیں۔ لیکن جیسے ہی کشتی کنارے کے قریب پہنچی، یسوع نے دیکھا کہ ہزاروں لوگ اُن کے پیچھے پیچھے وہاں تک آ گئے ہیں۔ یسوع اپنے شاگردوں کے ساتھ اکیلے میں وقت گزارنا چاہتے تھے لیکن پھر بھی وہ لوگوں سے بہت پیار سے ملے۔ یسوع نے اُن بیماروں کو ٹھیک کِیا جنہیں لوگ اُن کے پاس لائے اور پھر یسوع سب لوگوں کو تعلیم دینے لگے۔ یسوع نے اُنہیں پورا دن خدا کی بادشاہت کے بارے میں بتایا۔ جب شام ہوئی تو رسول یسوع کے پاس آئے اور کہا: ”لوگوں کو بھوک لگی ہوگی۔ اُنہیں بھیج دیں تاکہ وہ جا کر کچھ کھا سکیں۔“
یسوع نے کہا: ”اُنہیں کہیں جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ اُنہیں کھانا دیں۔“ رسولوں نے کہا: ”کیا آپ چاہتے ہیں کہ ہم جا کر اُن کے لیے کھانا خرید کر لائیں؟“ فِلپّس نام کے ایک رسول نے کہا: ”اگر ہمارے پاس بہت زیادہ پیسے بھی ہوں تو پھر بھی ہم اِتنے زیادہ لوگوں کے لیے کھانا نہیں خرید پائیں گے۔“
یسوع نے پوچھا: ”ہمارے پاس کتنا کھانا ہے؟“ اندریاس نے کہا: ”ہمارے پاس پانچ روٹیاں اور دو چھوٹی مچھلیاں ہیں۔ لیکن یہ اِتنے لوگوں کے لیے کافی نہیں ہیں۔“ یسوع نے کہا: ”روٹی اور مچھلی میرے پاس لے کر آئیں۔“ اُنہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ پچاس پچاس اور سو سو کے گروپ میں گھاس پر بیٹھ جائیں۔ یسوع نے روٹی اور مچھلی لی، آسمان کی طرف دیکھا اور دُعا کی۔ پھر اُنہوں نے اپنے رسولوں کو کھانا دیا۔ 5000 آدمیوں اور بہت سی عورتوں اور بچوں نے پیٹ بھر کر کھانا کھایا۔ اِس کے بعد رسولوں نے روٹی کے بچے ہوئے ٹکڑے جمع کیے تاکہ کچھ بھی ضائع نہ ہو۔ جب اُنہوں نے ایسا کِیا تو اِن ٹکڑوں سے 12 ٹوکریاں بھر گئیں۔ یہ کتنا زبردست معجزہ تھا نا!
لوگ یسوع سے اِتنے زیادہ خوش تھے کہ وہ اُنہیں اپنا بادشاہ بنانا چاہتے تھے۔ لیکن یسوع کو پتہ تھا کہ یہوواہ نے اُنہیں بادشاہ بنانے کا جو وقت طے کِیا ہوا ہے، وہ ابھی نہیں آیا۔ اِس لیے اُنہوں نے لوگوں کو بھیج دیا اور اپنے رسولوں سے کہا کہ وہ گلیل کی جھیل کو پار کر کے دوسری طرف چلے جائیں۔ رسول اپنی کشتی پر سوار ہوئے اور یسوع اکیلے ایک پہاڑ پر چلے گئے۔ لیکن کیوں؟ کیونکہ وہ اپنے آسمانی باپ سے دُعا کرنا چاہتے تھے۔ چاہے یسوع جتنے بھی مصروف ہوتے تھے، وہ دُعا کرنے کے لیے ہمیشہ وقت نکالتے تھے۔
”اُس کھانے کے لیے محنت نہ کریں جو خراب ہوتا ہے بلکہ اُس کھانے کے لیے جو خراب نہیں ہوتا اور جس کے ذریعے ہمیشہ کی زندگی ملتی ہے۔ یہ کھانا اِنسان کا بیٹا آپ کو دے گا۔“—یوحنا 6:27