سبق نمبر 14
ایک غلام جس نے خدا کی بات مانی
یوسف یعقوب کے چھوٹے بیٹوں میں سے ایک تھے۔ اُن کے بڑے بھائیوں نے دیکھا کہ یعقوب یوسف سے سب سے زیادہ پیار کرتے ہیں۔ اُنہیں یہ دیکھ کر کیسا لگتا تھا؟ وہ یوسف سے جلتے تھے اور اُن سے نفرت کرتے تھے۔ جب یوسف نے کچھ عجیب خواب دیکھے تو اُنہوں نے اِن کے بارے میں اپنے بھائیوں کو بتایا۔ اُن کے بھائیوں کو لگا کہ اِن خوابوں کا مطلب ہے کہ ایک دن اُنہیں یوسف کے سامنے جھکنا پڑے گا۔ اب وہ اُن سے اَور بھی زیادہ نفرت کرنے لگ گئے۔
ایک دن یوسف کے بھائی شہر سِکم کے پاس بھیڑوں کی دیکھبھال کر رہے تھے۔ یعقوب نے یوسف کو یہ دیکھنے کے لیے بھیجا کہ کیا اُن کے بھائی ٹھیک ہیں۔ جب اُنہوں نے یوسف کو دُور سے آتے ہوئے دیکھا تو اُنہوں نے ایک دوسرے سے کہا: ”وہ دیکھو! خواب دیکھنے والا آ رہا ہے۔ آؤ، اُسے مار ڈالیں!“ اُنہوں نے یوسف کو پکڑ لیا اور گہرے گڑھے میں پھینک دیا۔ لیکن یوسف کے ایک بھائی یہوداہ نے اپنے باقی بھائیوں سے کہا: ”اِسے نہ ماریں۔ ہم اِسے غلام کے طور پر بیچ دیتے ہیں۔“ اِس لیے اُنہوں نے یوسف کو چاندی کے 20 ٹکڑوں کے بدلے اُن مِدیانی تاجروں کو بیچ دیا جو مصر جا رہے تھے۔
پھر یوسف کے بھائیوں نے اُن کے چوغے کو بکرے کے خون میں ڈبویا اور اِسے اپنے باپ کو بھیج کر کہا: ”کہیں یہ چوغہ آپ کے بیٹے کا تو نہیں؟“ یعقوب کو لگا کہ یوسف کو کسی جنگلی جانور نے مار دیا ہے۔ وہ بہت دُکھی ہو گئے۔ اُنہیں کسی چیز سے تسلی نہیں مل رہی تھی۔
تاجر یوسف کو اپنے ساتھ مصر لے گئے اور اُنہیں فوطیفار نام کے ایک اعلیٰ افسر کو بیچ دیا۔ لیکن یہوواہ یوسف کے ساتھ تھا۔ فوطیفار نے دیکھا کہ یوسف بڑی اچھی طرح اپنا کام کرتے ہیں اور اُن پر بھروسا کِیا جا سکتا ہے۔ کچھ ہی وقت بعد فوطیفار نے یوسف کو اپنی ہر چیز پر اِختیار دے دیا۔
فوطیفار کی بیوی نے دیکھا کہ یوسف بہت خوبصورت اور طاقتور ہیں۔ وہ ہر دن یوسف سے کہتی تھی کہ وہ اُس کے ساتھ ہمبستر ہوں۔ اِس پر یوسف نے کیا کِیا؟ اُنہوں نے صاف منع کر دیا اور کہا: ”نہیں! یہ غلط ہے! میرا مالک مجھ پر بھروسا کرتا ہے اور آپ اُس کی بیوی ہیں۔ اگر مَیں آپ کے ساتھ ہمبستر ہوا تو مَیں خدا کے خلاف گُناہ کر رہا ہوں گا۔“
ایک دن فوطیفار کی بیوی نے زبردستی یوسف کے ساتھ ہمبستر ہونے کی کوشش کی۔ اُس نے یوسف کے کپڑے پکڑ لیے۔ لیکن یوسف بھاگ گئے۔ جب فوطیفار گھر آیا تو اُس کی بیوی نے اُس سے کہا کہ یوسف نے اُس کے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کی ہے۔ لیکن وہ جھوٹ بول رہی تھی۔ فوطیفار کو بہت غصہ آیا اور اُس نے یوسف کو جیل میں ڈلوا دیا۔ لیکن یہوواہ یوسف کو نہیں بھولا۔
”خاکسار بنیں اور خدا کے زورآور ہاتھ کے نیچے رہیں تاکہ وقت آنے پر وہ آپ کو عزت دے۔“—1-پطرس 5:6