سبق نمبر 2
خدا نے پہلا آدمی اور پہلی عورت بنائی
یہوواہ نے عدن نام کی جگہ پر ایک باغ لگایا۔ یہ باغ پھولوں، درختوں اور جانوروں سے بھرا ہوا تھا۔ پھر خدا نے پہلے اِنسان کو بنایا جس کا نام آدم تھا۔ خدا نے آدم کو زمین کی مٹی سے بنایا اور اُن کے نتھنوں میں زندگی کا دم پھونکا۔ کیا آپ کو پتہ ہے کہ پھر کیا ہوا؟ آدم ایک جیتے جاگتے اِنسان بن گئے! یہوواہ نے آدم کو ایک کام دیا۔ اُس نے اُن سے کہا کہ وہ باغ کا خیال رکھیں اور سب جانوروں کے نام رکھیں۔
یہوواہ نے آدم کو ایک خاص حکم بھی دیا۔ اُس نے اُن سے کہا: ”تُم باغ کے ہر درخت کا پھل کھا سکتے ہو۔ بس ایک درخت کا پھل نہ کھانا۔ اگر تُم نے وہ کھایا تو تُم مر جاؤ گے۔“
اِس کے بعد یہوواہ نے کہا: ”مَیں آدم کے لیے ایک مددگار بناؤں گا۔“ اُس نے آدم کو گہری نیند سُلا دیا اور اُن کی ایک پسلی سے اُن کے لیے ایک بیوی بنائی جس کا نام حوّا تھا۔ اِس طرح آدم اور حوّا سے پہلا گھرانہ شروع ہوا۔ آدم کو اپنی بیوی کو دیکھ کر کیسا لگا؟ وہ اِتنے خوش تھے کہ اُنہوں نے کہا: ”دیکھیں! یہوواہ نے میری پسلی سے میرے جیسا ایک اِنسان بنایا ہے۔ اب مَیں اکیلا نہیں ہوں!“
یہوواہ نے آدم اور حوّا سے کہا کہ وہ بچے پیدا کریں اور اپنی اولاد سے زمین کو بھر دیں۔ یہوواہ چاہتا تھا کہ آدم اور حوّا پوری زمین کو باغِعدن جیسا بنا دیں اور اُنہیں مل کر کام کرنے سے خوشی ملے۔ لیکن ایسا نہیں ہوا۔ کیوں؟ اِس سوال کا جواب ہمیں اگلے سبق میں ملے گا۔
”جس نے اِنسانوں کو بنایا، اُس نے شروع سے اُنہیں مرد اور عورت بنایا۔“—متی 19:4