سبق نمبر 1
خدا نے آسمان اور زمین کو بنایا
یہوواہ خدا نے سب کچھ بنایا ہے۔ اُس نے وہ چیزیں بھی بنائی ہیں جنہیں ہم دیکھ سکتے ہیں اور وہ چیزیں بھی جنہیں ہم نہیں دیکھ سکتے۔ اُس نے آسمان، زمین اور اِن کی ساری چیزیں بنائی ہیں۔ لیکن اُس نے اِنہیں بنانے سے پہلے ڈھیروں ڈھیر فرشتوں کو بنایا تھا۔ کیا آپ کو پتہ ہے کہ فرشتے کون ہیں؟ فرشتے وہ ہستیاں ہیں جنہیں یہوواہ نے اپنی طرح بنایا ہے اور وہ اُس کی خدمت کرتے ہیں۔ جیسے ہم خدا کو نہیں دیکھ سکتے ویسے ہی ہم فرشتوں کو بھی نہیں دیکھ سکتے۔ یہوواہ نے جس فرشتے کو سب سے پہلے بنایا، اُس نے ستاروں، سیاروں اور بہت سی چیزوں کو بنانے میں یہوواہ کی مدد کی۔ اِن میں سے ایک سیارہ یہ خوبصورت زمین ہے جس پر ہم رہتے ہیں۔
پھر یہوواہ نے جانوروں اور اِنسانوں کے رہنے کے لیے زمین کو تیار کِیا۔ اُس نے زمین پر سورج کی روشنی چمکائی۔ اُس نے پہاڑ، سمندر اور دریا بنائے۔
اِس کے بعد کیا ہوا؟ یہوواہ نے کہا: ”مَیں گھاس اور پودے اور درخت بناؤں گا۔“ پھر طرح طرح کے پھل اور سبزیاں اُگنے لگیں اور پھول کھلنے لگے۔ پھر یہوواہ نے پرندے، مچھلیاں اور رینگنے والے جانوروں کو بنایا۔ اُس نے چھوٹے جانور جیسے کہ خرگوش اور بڑے جانور جیسے کہ ہاتھی بنائے۔ آپ کو کون سا جانور سب سے زیادہ پسند ہے؟
پھر یہوواہ نے اُس پہلے فرشتے سے کہا: ”آؤ، ہم اِنسانوں کو بنائیں۔“ اِنسانوں کو جانوروں سے بالکل فرق بنایا گیا۔ وہ نئی نئی چیزیں بنا سکتے تھے، بول سکتے تھے، ہنس سکتے تھے اور دُعا کر سکتے تھے۔ اُنہوں نے زمین اور جانوروں کی دیکھبھال کرنی تھی۔ کیا آپ کو پتہ ہے کہ یہوواہ نے سب سے پہلے جس آدمی کو بنایا، اُس کا نام کیا تھا؟ آئیے دیکھتے ہیں۔
”اِبتدا میں خدا نے آسمان اور زمین کو بنایا۔“—پیدائش 1:1