یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • ی‌پ‌ل حصہ 5 ص.‏ 12-‏15
  • ‏”‏اپنے چرواہے اور نگہبان کے پاس لوٹ“‏ آئیں

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • ‏”‏اپنے چرواہے اور نگہبان کے پاس لوٹ“‏ آئیں
  • یہوواہ کے پاس لوٹ آئیں
  • ملتا جلتا مواد
  • ‏”‏میرے پاس واپس آؤ!‏“‏
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—‏2020ء
  • وہ آپ کو طاقت بخشے گا
    یہوواہ کے حضور ”‏خوشی سے گائیں“‏
  • یہوواہ آپ سے بے‌حد محبت کرتا ہے!‏
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—‏2021ء
  • جلدازجلد گلّے میں لوٹ آئیں!‏
    مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏2008ء
مزید
یہوواہ کے پاس لوٹ آئیں
ی‌پ‌ل حصہ 5 ص.‏ 12-‏15

حصہ 5

‏”‏اپنے چرواہے اور نگہبان کے پاس لوٹ“‏ آئیں

اب تک ہم کچھ ایسی مشکلات پر بات کر چُکے ہیں جن کی وجہ سے ایک مسیحی، یہوواہ خدا سے دُور جا سکتا ہے۔ کیا اِن میں سے کوئی بات ایسی ہے جس نے آپ کو یہوواہ سے دُور کر دیا ہے؟ اگر ایسا ہے تو دل چھوٹا نہ کریں۔ ماضی میں جب یہوواہ کے بندوں کو ایسی مشکلات کا سامنا ہوا تو اُس نے اُنہیں سنبھالا۔ آج بھی جب اُس کے بندے اِن مشکلات سے گزرتے ہیں تو وہ اُن کی مدد کرتا ہے۔ تو پھر بھلا وہ آپ کی مدد کیوں نہیں کرے گا!‏

یہوواہ خدا اپنی بانہیں پھیلائے آپ کے لوٹنے کا اِنتظار کر رہا ہے۔‏

یہوواہ خدا اپنی بانہیں پھیلائے آپ کے لوٹنے کا اِنتظار کر رہا ہے۔ وہ زندگی کی فکروں کا مقابلہ کرنے اور اپنے دل سے ناراضگی کو ختم کرنے میں آپ کی مدد کرے گا۔ وہ آپ کے ضمیر سے بوجھ بھی اُتار دے گا تاکہ آپ کو اِطمینان اور سکون ملے۔ اِس طرح آپ کے دل میں پھر سے یہ شوق پیدا ہوگا کہ آپ اپنے ہم‌ایمانوں کے ساتھ مل کر یہوواہ کی خدمت کریں۔ اور آپ کی صورتحال پہلی صدی کے مسیحیوں جیسی ہوگی جن کے بارے میں پطرس رسول نے کہا:‏ ”‏آپ ایسی بھیڑوں کی طرح تھے جو بھٹک رہی تھیں لیکن اب آپ اپنے چرواہے اور نگہبان کے پاس لوٹ آئے ہیں۔“‏—‏1-‏پطرس 2:‏25‏۔‏

یہوواہ کے پاس لوٹنے سے آپ کو بہت سے فائدے ہوں گے۔ اِس کا ایک بڑا فائدہ تو یہ ہوگا کہ آپ یہوواہ کا دل شاد کریں گے۔ (‏امثال 27:‏11‏)‏ آپ جانتے ہیں کہ ہم اپنے کاموں سے یا تو یہوواہ کو خوش کر سکتے ہیں یا پھر ناراض۔ یہوواہ ہمیں اِس بات پر مجبور نہیں کرتا کہ ہم اُس سے محبت کریں اور اُس کی خدمت کریں۔ (‏اِستثنا 30:‏19، 20)‏ بائبل کے ایک عالم نے کہا کہ ”‏اِنسان کے دل کا دروازہ باہر سے نہیں بلکہ اندر سے کھلتا ہے۔“‏ جب ہمارا دل یہوواہ کے لیے محبت سے بھرا ہوگا تو وہ خودبخود اُس کی عبادت کے لیے کُھلے گا۔ ہم وفاداری سے اُس کی خدمت کریں گے اور یوں اُسے ایک قیمتی نذرانہ دے رہے ہوں گے۔ اِسے پا کر یقیناً اُس کا دل خوشی سے بھر جائے گا۔ اور جب وہ ہماری عبادت سے خوش ہوگا تو ہمیں بھی بے‌پناہ خوشیاں ملیں گی۔—‏اعمال 20:‏35؛‏ مکاشفہ 4:‏11‏۔‏

یہوواہ سے دُور ہو جانے والی ایک بہن کو کلیسیا میں واپس آنے پر خوش‌آمدید کہا جا رہا ہے۔‏

اِس کے علاوہ جب آپ پھر سے یہوواہ کی عبادت کرنے لگیں گے تو آپ کو اُس کی طرف سے رہنمائی بھی ملنے لگے گی۔ (‏متی 5:‏3‏)‏ پوری دُنیا میں لاکھوں لوگ سوچتے ہیں کہ ”‏آخر زندگی کا مقصد کیا ہے؟“‏ وہ ایسے اہم سوالوں کے جوابوں کی تلاش میں رہتے ہیں مگر اُنہیں جواب نہیں ملتے۔ دراصل اِنسان خدا کی رہنمائی کے بغیر نہ تو زندگی کے مقصد کو جان سکتے ہیں اور نہ ہی حقیقی خوشی حاصل کر سکتے ہیں۔ لیکن ہمارے لیے یہ کتنی خوشی کی بات ہے کہ ہمیں یہوواہ خدا کی رہنمائی حاصل ہے۔—‏زبور 63:‏1-‏5‏۔‏

یہوواہ کی شدید خواہش ہے کہ آپ اُس کے پاس لوٹ آئیں۔ لیکن اِس کا کیا ثبوت ہے کہ وہ واقعی ایسا چاہتا ہے؟ پہلی بات تو یہ ہے کہ اِس کتاب کو بڑی دُعاؤں کے بعد اور بڑے پیار سے آپ کے لیے تیار کِیا گیا۔ پھر کلیسیا کے کسی بزرگ یا کسی اَور بہن یا بھائی نے یہ کتاب آپ کو دی۔ اور پھر آپ نے اِسے پڑھا اور آپ کے دل میں یہوواہ کے پاس واپس جانے کی خواہش جاگی۔ اِن سب باتوں سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہوواہ آپ کو بھولا نہیں۔ دراصل وہ آپ کو آہستہ آہستہ اپنی طرف کھینچ رہا ہے۔—‏یوحنا 6:‏44‏۔‏

یہ بات جان کر ہمیں بہت تسلی ملتی ہے کہ یہوواہ اپنی کھوئی ہوئی بھیڑوں کو کبھی نہیں بھولتا۔ اِس بات سے بہن ڈونا کو بھی بہت حوصلہ ملا۔ اُنہوں نے بتایا:‏ ”‏مَیں آہستہ آہستہ یہوواہ سے دُور ہوتی چلی گئی۔ لیکن مَیں اکثر زبور 139:‏23، 24 پر غور کِیا کرتی تھی۔ اِن آیتوں میں لکھا ہے:‏ ”‏اَے خدا!‏ تُو مجھے جانچ اور میرے دل کو پہچان۔ مجھے آزما اور میرے خیالوں کو جان لے اور دیکھ کہ مجھ میں کوئی بُری روِش تو نہیں اور مجھ کو ابدی راہ میں لے چل۔“‏ مَیں جانتی تھی کہ مَیں اِس دُنیا کا حصہ نہیں ہوں۔ اِس لیے مَیں اِس کے سانچے میں ڈھل نہیں سکی۔ مَیں یہ بھی اچھی طرح جانتی تھی کہ میرا ٹھکانا صرف یہوواہ کی تنظیم میں ہی ہے۔ مجھے یہ احساس ہو گیا تھا کہ یہوواہ نے میرا ساتھ کبھی بھی نہیں چھوڑا۔ مجھے بس واپسی کا قدم اُٹھانا تھا جو آخرکار مَیں نے اُٹھا لیا۔ اور مجھے اِس بات کی بے‌حد خوشی ہے۔“‏

‏”‏مجھے یہ احساس ہو گیا تھا کہ یہوواہ نے میرا ساتھ کبھی بھی نہیں چھوڑا۔ مجھے بس واپسی کا قدم اُٹھانا تھا۔“‏

ہماری دلی دُعا ہے کہ آپ بھی یہوواہ کے پاس لوٹ آئیں اور پھر سے وہی خوشی پائیں جو یہوواہ آپ کو دینا چاہتا ہے۔ (‏نحمیاہ 8:‏10‏)‏ آپ کو یہوواہ کے پاس لوٹنے پر کبھی کوئی پچھتاوا نہیں ہوگا!‏

آپ کے کچھ سوالوں کے جواب

مَیں یہوواہ کے پاس لوٹنے کے لیے کون سے قدم اُٹھا سکتا ہوں؟‏

یہوواہ سے دُور چلی جانے والی ایک بہن بائبل پڑھ رہی ہے۔‏

ایک شخص کافی عرصہ بیمار رہنے کے بعد اپنے روزمرہ کے کام ایک دم سے شروع نہیں کر سکتا۔ وہ آہستہ آہستہ معمول پر آتا ہے۔ اِسی طرح آپ بھی وہ سارے کام ایک دم سے کرنے کی کوشش نہ کریں جو آپ پہلے کرتے تھے۔ آپ ہر روز تھوڑی تھوڑی روحانی خوراک کھانے سے شروعات کر سکتے ہیں۔ شاید آپ کچھ منٹ کے لیے بائبل یا ہماری کسی کتاب یا رسالے کو پڑھ سکتے ہیں۔ آپ ہماری ویب‌سائٹ jw.org پر کوئی ویڈیو دیکھ سکتے ہیں یا پھر کچھ پڑھ سکتے ہیں۔ اِس کے علاوہ آپ jw.org پر کوئی پروگرام دیکھ سکتے ہیں۔ جتنی جلدی ہو سکے کسی اِجلاس پر جانے کی کوشش بھی کریں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ آپ یہوواہ سے مدد کی درخواست کریں۔ پاک کلام کے اِس مشورے پر عمل کریں:‏ ”‏اپنی ساری پریشانیاں اُس پر ڈال دیں کیونکہ اُس کو آپ کی فکر ہے۔“‏—‏1-‏پطرس 5:‏7‏۔‏

‏”‏یہوواہ سے دُور ہونے کے بعد مجھے اُس سے دُعا کرنے میں بھی شرمندگی محسوس ہونے لگی۔ لیکن آخرکار مَیں نے دُعا کرنے کی ہمت جٹا ہی لی اور فوراً کلیسیا کے ایک بزرگ سے ملی۔ اُس نے مجھے یقین دِلایا کہ یہوواہ نے مجھے بُھلایا نہیں۔ اُس نے مشورہ دیا کہ مَیں ہر روز بائبل پڑھنا شروع کروں۔ جب مَیں نے ایسا کِیا تو مجھے اِجلاسوں میں جانے کی ہمت ملی۔ اور پھر کچھ عرصے بعد مَیں مُنادی میں بھی جانے لگی۔ مجھے اِس بات کی بے‌حد خوشی ہے کہ یہوواہ نے میرے لوٹنے کی آس نہیں چھوڑی تھی۔“‏—‏اِیوا۔‏

کلیسیا کے بہن بھائی میرے ساتھ کیسے پیش آئیں گے؟‏

وہ بڑی خوشی سے آپ کا خیرمقدم کریں گے۔ وہ آپ کو کسی قسم کا طنز نہیں کریں گے بلکہ وہ یہ قدم اُٹھانے پر آپ کو شاباش دیں گے اور یوں ظاہر کریں گے کہ اُنہیں آپ سے بہت پیار ہے۔—‏عبرانیوں 10:‏24، 25‏۔‏

‏”‏مجھے کنگڈم ہال جانے میں شرم محسوس ہو رہی تھی۔ مَیں اکثر یہی سوچتا تھا کہ پتہ نہیں بہن بھائی میرے ساتھ کیسے پیش آئیں گے۔ آخرکار جب مَیں کنگڈم ہال گیا تو ایک عمررسیدہ بہن نے جو 30 سال سے اِسی کلیسیا میں ہیں، مجھ سے کہا:‏ ”‏آج ہمارا بیٹا گھر لوٹ آیا ہے۔“‏ اُس بہن کی بات نے میرے دل کو چُھو لیا۔ مجھے بھی یہ محسوس ہوا کہ مَیں اپنے گھر واپس آ گیا ہوں۔“‏—‏کاور۔‏

‏”‏مَیں کنگڈم ہال گیا اور سب سے پیچھے بیٹھ گیا تاکہ کوئی مجھے دیکھ نہ سکے۔ چونکہ مَیں بچپن میں اِسی کنگڈم ہال میں اِجلاسوں پر جاتا تھا اِس لیے بہت سے بہن بھائی مجھے دیکھتے ہی پہچان گئے۔ وہ مجھے اِتنے پیار سے ملے کہ میرا دل اِطمینان اور خوشی سے بھر گیا۔ مَیں واقعی اپنوں میں لوٹ آیا تھا۔“‏—‏مارکو۔‏

بزرگ میرے ساتھ کیسے پیش آئیں گے؟‏

وہ آپ کے ساتھ بڑے پیار سے پیش آئیں گے۔ وہ آپ کو اِس بات کے لیے شاباش دیں گے کہ آپ کے دل میں یہوواہ کے لیے پھر سے ویسی ہی محبت جاگ رہی ہے جیسی پہلے تھی۔ (‏مکاشفہ 2:‏4‏)‏ وہ نرمی اور پیار سے آپ کی اِصلاح کریں گے تاکہ آپ اپنی غلطیوں کو سدھار سکیں۔ (‏گلتیوں 6:‏1؛‏ امثال 28:‏13‏)‏ وہ شاید کسی مبشر سے کہیں گے کہ وہ آپ کو کتاب اب اور ہمیشہ تک خوشیوں بھری زندگی سے بائبل کورس کرائے۔ وہ یہوواہ کے پاس لوٹنے میں ہر طرح سے آپ کا ساتھ دیں گے۔—‏یسعیاہ 32:‏1، 2‏۔‏

‏”‏مَیں آٹھ سال تک یہوواہ سے دُور رہا مگر بزرگ اِس سارے عرصے کے دوران مجھے ملنے آتے رہے۔ ایک دن ایک بزرگ نے مجھے کچھ پُرانی تصویریں دِکھائیں جن میں مَیں بھی تھا۔ اِن تصویروں کو دیکھ کر ساری پُرانی یادیں تازہ ہو گئیں اور میرے دل میں پھر سے یہوواہ کی خدمت کرنے کی خواہش جاگی۔ یہوواہ کے قریب آنے میں بزرگوں نے بڑے پیار سے میری مدد کی۔“‏—‏وِکٹر۔‏

‏’‏یہوواہ میرا چوپان ہے‘‏

بہن بھائی کلیسیا میں اِجلاس کے دوران گیت گا رہے ہیں۔‏

ہماری کتاب ‏”‏خوشی سے گائیں‏“‏ میں بہت سے خوب‌صورت گیت ہیں۔ اِن میں سے کچھ گیتوں سے آپ کو اُس وقت بہت حوصلہ مل سکتا ہے جب آپ یہوواہ کے پاس لوٹنے کے لیے قدم اُٹھاتے ہیں۔ اِس سلسلے میں گیت نمبر 38 کے الفاظ پر غور کریں جو 1-‏پطرس 5:‏10 پر مبنی ہے۔ اِس گیت کا عنوان ہے:‏ ”‏وہ آپ کو طاقت بخشے گا۔“‏

  1. 1.‏ خدا نے آپ کے دل میں طلب دیکھی تھی

    صداقت اور سچائی پر چلنے کی

    سو آپ کو لایا وہ سچائی کی روشنی میں

    توفیق دی خود سے دوستی کرنے کی

    وہ مدد کرتا آیا ہے آپ کی

    اور مدد کرے گا وہ آگے بھی

    مسیح کے خون سے اُس نے خریدا ہے آپ کو

    سو کرے گا مضبوط اور دے گا طاقت وہ

    تربیت اور تحفظ سدا دے گا آپ کو

    ہاں کرے گا مضبوط اور دے گا طاقت وہ

  2. 2.‏ گر آپ کی خاطر یاہ نے اپنے بیٹے کو

    اذیت، درد اور موت تک سہنے دی

    تو وہ ہر موڑ پر ساتھ نبھائے گا آپ کا

    اور بخشے گا ضروری طاقت بھی

    نہ بھولے گا وہ اُس محبت کو

    جو آپ نے اُس کی خاطر ظاہر کی

    مسیح کے خون سے اُس نے خریدا ہے آپ کو

    سو کرے گا مضبوط اور دے گا طاقت وہ

    تربیت اور تحفظ سدا دے گا آپ کو

    ہاں کرے گا مضبوط اور دے گا طاقت وہ

یہوواہ خدا کے حضور گیت گائیں—‏پیانو

اِس گیت کی اور دوسرے گیتوں کی موسیقی سننے کے لیے اِس کوڈ کو سکین کریں یا www.jw.org/ur پر جا کر حصہ ”‏مطبوعات“‏ کے تحت ”‏موسیقی“‏ پر کلک کریں۔‏

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں