سبق 15
آپ کو پاک کلام کا مطالعہ کیوں جاری رکھنا چاہئے؟
1. پاک کلام کا مطالعہ جاری رکھنے سے آپ کو کیا فائدہ ہوگا؟
خدا کے کلام کی چند بنیادی تعلیمات پر غور کرنے سے آپ کے دل میں یقیناً یہوواہ خدا کے لئے محبت بڑھ گئی ہے۔ لیکن اِس محبت کو اَور بڑھانے کے لئے آپ کو لگاتار کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔ (1-پطرس 2:2) آپ صرف اُس صورت میں ہمیشہ کی زندگی حاصل کر پائیں گے اگر آپ خدا کے کلام کا مطالعہ کرتے رہیں گے اور یوں خدا کے زیادہ قریب ہو جائیں گے۔ یوحنا 17:3؛ یہوداہ 21 کو پڑھیں۔
جوںجوں خدا کے بارے میں آپ کا علم بڑھے گا، آپ کا ایمان مضبوط ہوگا۔ آپ ایمان ہی کے ذریعے خدا کی خوشنودی حاصل کر سکیں گے۔ (عبرانیوں 11:1، 6) ایمان آپ کے دل میں یہ خواہش پیدا کرے گا کہ آپ اپنے پُرانے کاموں سے توبہ کریں اور اپنی زندگی میں تبدیلیاں لائیں۔ اعمال 3:19 کو پڑھیں۔
2. پاک کلام کا مطالعہ کرنے سے آپ دوسروں کو کیسے فائدہ پہنچا سکتے ہیں؟
آپ خدا کے ساتھ ایک خاص تعلق قائم کر سکتے ہیں۔
جب ہم کوئی خوشخبری سنتے ہیں تو ہم اِسے دوسروں کو بتانا چاہتے ہیں۔ اِسی طرح آپ لوگوں کو اُن باتوں کے بارے میں ضرور بتانا چاہیں گے جو آپ نے خدا کے کلام سے سیکھی ہیں۔ اگر آپ خدا کے کلام کا مطالعہ جاری رکھیں گے تو آپ سیکھیں گے کہ آپ پاک کلام سے اپنے عقیدوں کی وضاحت کیسے کر سکتے ہیں۔ رومیوں 10:13-15 کو پڑھیں۔
بہت سے لوگ سب سے پہلے اپنے دوستوں یا رشتہداروں کو خوشخبری سناتے ہیں۔ جب آپ ایسا کرتے ہیں تو کوئی ایسی بات نہ کہیں جس سے اُنہیں ٹھیس پہنچے۔ یہ نہ کہیں کہ اُن کے عقیدے جھوٹے ہیں۔ اِس کی بجائے اُنہیں خدا کے وعدوں کے بارے میں بتائیں۔ یہ بھی یاد رکھیں کہ عموماً لوگ آپ کی باتوں کی نسبت آپ کے نرم رویے سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ 2-تیمتھیس 2:24، 25 کو پڑھیں۔
3. آپ خدا کے کتنے قریب ہو سکتے ہیں؟
پاک کلام کا مطالعہ کرنے سے آپ یہوواہ خدا کے قریب ہوتے جائیں گے۔ پھر ایک وقت آئے گا جب آپ خدا کے ساتھ ایک خاص تعلق قائم کر سکیں گے۔ آپ اُس کے اِتنے قریب ہو جائیں گے جتنا کہ ایک بچہ اپنے باپ کے قریب ہوتا ہے۔ 2-کرنتھیوں 6:18 کو پڑھیں۔
4. آپ کو آگے کیا کرنا چاہئے؟
خدا کو گہرائی سے جاننے کے لئے اُس کے کلام کا مطالعہ جاری رکھیں۔ (عبرانیوں 5:13، 14) اِس سلسلے میں آپ یہوواہ کے گواہوں سے مدد لے سکتے ہیں۔ وہ کتاب پاک کلام کی تعلیم حاصل کریں کے ذریعے آپ کے ساتھ پاک صحیفوں کا مطالعہ کر سکتے ہیں۔ جتنا زیادہ آپ خدا کے کلام سے سیکھیں گے، اُتنی ہی زیادہ آپ کی زندگی خوشگوار ہوگی۔ زبور 1:1-3؛ 73:27، 28 کو پڑھیں۔
پاک کلام میں پائی جانے والی خوشخبری یہوواہ خدا کی طرف سے ہے۔ آپ خدا کے خادموں کے ساتھ جمع ہونے سے بھی خدا کے زیادہ قریب ہو جائیں گے۔ (عبرانیوں 10:24، 25) اگر آپ خدا کو خوش کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے تو آپ حقیقی زندگی یعنی ہمیشہ کی زندگی کی طرف قدم بڑھائیں گے۔ خدا کی قربت حاصل کرنے سے آپ زندگی کی بہترین راہ اپنا لیں گے۔ 1-تیمتھیس 1:11؛ 6:19 کو پڑھیں۔