یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • ح‌ایم حصہ 5 ص.‏ 12-‏14
  • خدا کی صفات کے بارے میں سیکھیں

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • خدا کی صفات کے بارے میں سیکھیں
  • حقیقی ایمان—‏خوشگوار زندگی کی بنیاد
  • ذیلی عنوان
  • ملتا جلتا مواد
  • خدا قوت‌وقدرت کا مالک ہے
  • خدا انصاف‌پسند ہے
  • خدا لامحدود حکمت رکھتا ہے
  • ‏”‏خدا محبت ہے“‏
  • خدا کی قربت حاصل کریں
  • ‏’‏دیکھو!‏ یہ ہمارا خدا ہے‘‏
    مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏2003ء
  • سچے خدا کی بڑائی کریں
    سچے خدا کی عبادت کریں
  • آپ خدا کی قربت کیسے حاصل کر سکتے ہیں
    مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏2000ء
  • بائبل سے اِس کے لکھوانے والے کے بارے میں کیا پتہ چلتا ہے؟‏
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—‏2023ء
مزید
حقیقی ایمان—‏خوشگوار زندگی کی بنیاد
ح‌ایم حصہ 5 ص.‏ 12-‏14

باب 5

خدا کی صفات کے بارے میں سیکھیں

پاک صحیفوں میں خدا کی صفات کے بارے میں بتایا گیا ہے تاکہ انسان خدا کو بہتر طور پر جان سکیں۔ اِن میں خدا کی چار خاص صفات کا بھی ذکر ہے یعنی کہ وہ قوت‌وقدرت کا مالک ہے، وہ انصاف‌پسند ہے، وہ لامحدود حکمت رکھتا ہے اور وہ محبت کی اعلیٰ مثال ہے۔ آئیں، اِن صفات پر ایک‌ایک کرکے غور کریں۔‏

خدا قوت‌وقدرت کا مالک ہے

ایک آدمی ستاروں بھرے آسمان کو دیکھ رہا ہے۔‏

خدا کی قدرت لامحدود ہے۔‏

یہوواہ خدا نے اپنے نبی ابرہام سے کہا:‏ ”‏مَیں خدایِ‌قادر ہوں۔“‏ (‏پیدایش 17:‏1‏)‏ خدا جیسی قوت‌وقدرت کوئی نہیں رکھتا۔ اُس کی قوت لامحدود ہے اور کبھی کم نہیں ہوتی۔ خدا نے اپنی قدرت سے کائنات کو خلق کِیا۔‏

خدا اپنی قوت کو کبھی غلط طریقے سے استعمال نہیں کرتا ہے۔ اُسے اپنی قوت پر پورا اختیار ہے۔ وہ اِسے اپنی مرضی پوری کرنے کے لئے استعمال کرتا ہے۔ جب بھی خدا اپنی قوت کو کام میں لاتا ہے تو وہ انصاف‌پسندی، حکمت اور محبت کی بِنا پر ایسا کرتا ہے۔‏

یہوواہ خدا اپنے خادموں کی خاطر اپنی قوت استعمال کرتا ہے۔ ”‏[‏یہوواہ]‏ کی آنکھیں ساری زمین پر پھرتی ہیں تاکہ وہ اُن کی امداد میں جن کا دل اُس کی طرف کامل ہے اپنے تیئں قوی دکھائے۔“‏ (‏2-‏تواریخ 16:‏9‏)‏ خدا لامحدود قوت‌وقدرت کا مالک ہے اور آپ کی مدد کرنے کو تیار ہے۔ کیا آپ کے دل میں بھی ایک ایسے قوی اور شفیق خدا کی قربت حاصل کرنے کی خواہش اُبھرتی ہے؟‏

خدا انصاف‌پسند ہے

زبور میں یہوواہ خدا کے بارے میں لکھا ہے کہ وہ ”‏اِنصاف کو پسند کرتا ہے۔“‏ (‏زبور 37:‏28‏)‏ وہ کبھی اپنے اصولوں کی خلاف‌ورزی نہیں کرتا۔ اُس کے کام ہمیشہ صحیح اور درست ہوتے ہیں۔‏

مختلف نسلوں اور عمروں کے لوگ

خدا کی نظر میں تمام انسان برابر ہیں۔‏

خدا ناانصافی سے نفرت کرتا ہے۔ وہ ”‏کسی کی طرفداری نہیں کرتا اور نہ ہی رشوت لیتا ہے۔“‏ (‏استثنا 10:‏17، کتابِ‌مُقدس کا نیا اُردو ترجمہ‏)‏ خدا اُن لوگوں کو پسند نہیں کرتا جو دوسروں پر ظلم ڈھاتے ہیں۔ وہ بے‌سہارا لوگوں کی مدد کرتا ہے۔ اُسے ’‏بیواؤں اور یتیموں‘‏ کی فکر ہے۔ (‏خروج 22:‏22)‏ اُس کی نظر میں تمام انسان برابر ہیں۔ ”‏خدا کسی کا طرفدار نہیں۔ بلکہ ہر قوم میں جو اُس سے ڈرتا اور راستبازی کرتا ہے وہ اُس کو پسند آتا ہے۔“‏—‏اعمال 10:‏34، 35‏۔‏

یہوواہ خدا کامل انصاف کرتا ہے۔ وہ نہ تو حد سے زیادہ نرمی برتتا ہے اور نہ ہی حد سے زیادہ سختی کرتا ہے۔ خدا اُن گنہگاروں کو معاف نہیں کرتا جو توبہ نہیں کرتے۔ لیکن جو گنہگار توبہ کرتے ہیں اُن پر وہ رحم کرتا ہے۔ زبور میں لکھا ہے کہ ”‏[‏یہوواہ]‏ رحیم اور کریم ہے۔ قہر کرنے میں دھیما اور شفقت میں غنی۔ وہ سدا جھڑکتا نہ رہے گا۔ وہ ہمیشہ غضب‌ناک نہ رہے گا۔ اُس نے ہمارے گُناہوں کے موافق ہم سے سلوک نہیں کِیا اور ہماری بدکاریوں کے مطابق ہم کو بدلہ نہیں دیا۔“‏ (‏زبور 103:‏8-‏10‏)‏ وہ اپنے خادموں کی وفاداری کو یاد رکھتا ہے اور اُنہیں اِس کا اجر دیتا ہے۔ یقیناً آپ بھی اِس انصاف‌پسند خدا پر بھروسہ رکھنا چاہیں گے۔‏

خدا لامحدود حکمت رکھتا ہے

ایک آدمی کے ہاتھ میں پاک کلام ہے۔‏

خدا کی حکمت پاک صحیفوں میں پائی جاتی ہے۔‏

پاک صحیفوں میں لکھا ہے:‏ ’‏واہ!‏ خدا کی حکمت اور علم کیا ہی عمیق ہے!‏‘‏ (‏رومیوں 11:‏33‏)‏ واقعی کائنات میں کوئی بھی ایسی حکمت نہیں رکھتا جیسی خدا رکھتا ہے۔ اُس کی حکمت لامحدود ہے۔‏

خدا کی حکمت اُن چیزوں سے ظاہر ہوتی ہے جو اُس نے بنائی ہیں۔ زبور میں لکھا ہے:‏ ”‏اَے [‏یہوواہ]‏!‏ تیری صنعتیں کیسی بے‌شمار ہیں!‏ تُو نے یہ سب کچھ حکمت سے بنایا۔“‏—‏زبور 104:‏24‏۔‏

خدا کی حکمت پاک صحیفوں سے بھی ظاہر ہوتی ہے۔ بادشاہ داؤد نے خدا کے الہام سے لکھا:‏ ”‏[‏یہوواہ]‏ کی شریعت کامل ہے۔ وہ جان کو بحال کرتی ہے۔ [‏یہوواہ]‏ کی شہادت برحق ہے۔ نادان کو دانش بخشتی ہے۔“‏ (‏زبور 19:‏7‏)‏ پاک صحیفوں کا علم حاصل کرنے سے ایک شخص دراصل خدا سے حکمت حاصل کرتا ہے۔ لہٰذا اِس انمول حکمت کو حاصل کرنے کا موقع ہاتھ سے نہ جانے دیں۔‏

‏”‏خدا محبت ہے“‏

یہوواہ خدا کی تمام صفات میں سب سے نمایاں صفت اُس کی محبت ہے۔ پاک صحیفوں میں لکھا ہے کہ ”‏خدا محبت ہے۔“‏ (‏1-‏یوحنا 4:‏8‏)‏ خدا جو کچھ بھی کرتا ہے، محبت کی بِنا پر کرتا ہے۔‏

خدا مختلف طریقوں سے ہمارے لئے محبت ظاہر کرتا ہے۔ وہ ہمیں طرح‌طرح کی نعمتیں عطا کرتا ہے۔ اِس سلسلے میں خدا کے کلام میں بتایا گیا ہے:‏ ”‏اُس نے مہربانیاں کیں اور آسمان سے تمہارے لئے پانی برسایا اور بڑی‌بڑی پیداوار کے موسم عطا کئے اور تمہارے دلوں کو خوراک اور خوشی سے بھر دیا۔“‏ (‏اعمال 14:‏17‏)‏ واقعی ”‏ہر اچھی بخشش اور ہر کامل انعام اُوپر سے ہے۔“‏ (‏یعقوب 1:‏17‏)‏ بِلاشُبہ پاک صحیفے بھی خدا کی ایک بخشش ہیں۔ اِن کے ذریعے ہم اُس کے بارے میں جان سکتے ہیں اور اُس کے اصولوں اور حکموں سے واقف ہو سکتے ہیں۔ یسوع مسیح نے خدا سے دُعا کرتے ہوئے کہا:‏ ”‏تیرا کلام سچائی ہے۔“‏—‏یوحنا 17:‏17‏۔‏

پہاڑ

خدا کی حکمت اُس کی بنائی ہوئی چیزوں سے ظاہر ہوتی ہے۔‏

خدا کو ہم سے اتنی محبت ہے کہ وہ مصیبت کے وقت میں ہماری مدد کرتا ہے۔ زبور میں لکھا ہے کہ ”‏اپنا بوجھ [‏یہوواہ]‏ پر ڈال دے۔ وہ تجھے سنبھالے گا۔ وہ صادق کو کبھی جنبش نہ کھانے دے گا۔“‏ (‏زبور 55:‏22‏)‏ وہ ہمارے گُناہوں کو معاف کرتا ہے۔ خدا ”‏نیک اور معاف کرنے کو تیار ہے اور اپنے سب دُعا کرنے والوں پر شفقت میں غنی ہے۔“‏ (‏زبور 86:‏5‏)‏ خدا ہمیں ہمیشہ کی زندگی حاصل کرنے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ پاک صحیفوں میں لکھا ہے کہ خدا انسانوں کی ”‏آنکھوں کے سب آنسو پونچھ دے گا۔ اِس کے بعد نہ موت رہے گی اور نہ ماتم رہے گا۔ نہ آہ‌ونالہ نہ درد۔“‏ (‏مکاشفہ 21:‏4‏)‏ یہ جان کر کہ خدا آپ سے اِس قدر محبت رکھتا ہے، کیا آپ کے دل میں بھی اُس کے لئے محبت اُبھرتی ہے؟‏

خدا کی قربت حاصل کریں

ایک عورت دُعا کر رہی ہے۔‏

خدا کی قربت حاصل کرنے کے لئے اُس سے دُعا کریں اور اُس کی صفات پر سوچ‌بچار کریں۔‏

خدا چاہتا ہے کہ آپ اُس کے بارے میں علم حاصل کریں اور اُس کی قربت میں آئیں۔ اُس کے کلام میں لکھا ہے:‏ ”‏خدا کے نزدیک جاؤ تو وہ تمہارے نزدیک آئے گا۔“‏ (‏یعقوب 4:‏8‏)‏ خدا نے اپنے نبی ابرہام کو ”‏میرے دوست اؔبرہام“‏ کہہ کر مخاطب کِیا۔ (‏یسعیاہ 41:‏8‏)‏ خدا چاہتا ہے کہ آپ بھی اُس کے دوست بنیں۔‏

آپ خدا کے بارے میں جتنا زیادہ سیکھیں گے اُتنا ہی آپ اُس کے قریب ہوتے جائیں گے۔ اِس طرح آپ حقیقی خوشی حاصل کریں گے۔ زبور میں لکھا ہے کہ ایسا شخص حقیقی معنوں میں خوش ہے ’‏جس کی خوشنودی خدا کی شریعت میں ہے اور جس کا دھیان دن‌رات اِس پر رہتا ہے۔‘‏ (‏زبور 1:‏1، 2‏)‏ اِس لئے پاک صحیفوں کا مطالعہ کرتے رہیں۔ خدا کی صفات اور اُس کے کاموں کے بارے میں سوچ‌بچار کریں۔ جو کچھ آپ خدا کے کلام سے سیکھتے ہیں، اِس پر عمل کریں۔ یوں آپ خدا کے لئے اپنی محبت ظاہر کر رہے ہوں گے۔ پاک صحیفوں میں لکھا ہے:‏ ”‏خدا کی محبت یہ ہے کہ ہم اُس کے حکموں پر عمل کریں اور اُس کے حکم سخت نہیں۔“‏ (‏1-‏یوحنا 5:‏3‏)‏ جیسا کہ زبور میں لکھا ہے، آپ خدا سے کچھ یوں دُعا کر سکتے ہیں:‏ ”‏اَے [‏یہوواہ]‏!‏ اپنی راہیں مجھے دکھا۔ اپنے راستے مجھے بتا دے۔ مجھے اپنی سچائی پر چلا اور تعلیم دے۔“‏ (‏زبور 25:‏4، 5‏)‏ آپ دیکھیں گے کہ خدا ”‏ہم میں سے کسی سے دُور نہیں۔“‏—‏اعمال 17:‏27‏۔‏

آپ اِن سوالوں کے کیا جواب دیں گے؟‏

  • آپ کو خدا کی کون سی صفت سب سے اچھی لگتی ہے؟ آپ کو یہ صفت کیوں اچھی لگتی ہے؟‏

  • آپ خدا کی قربت کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟‏

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں