کہانی نمبر ۹۶
یسوع مسیح معجزے کیوں کرتے تھے؟
یسوع مسیح جہاں بھی جاتے تھے وہاں بیماروں کو ٹھیک کرتے تھے۔ اُن کے معجزوں کی خبر گاؤںگاؤں اور شہرشہر پھیل گئی تھی۔ اِس لئے لوگ لنگڑوں، اندھوں، بہروں اور بہت سے بیمار لوگوں کو یسوع مسیح کے پاس لاتے تھے۔ یسوع مسیح اُن سب کو ٹھیک کر دیتے تھے۔
یاد ہے، ہم نے پڑھا تھا کہ یوحنا نے یسوع مسیح کو بپتسمہ دیا تھا۔ اب تین سال گزر گئے تھے۔ یسوع مسیح نے رسولوں کو بتایا کہ ”بہت جلد مَیں یروشلیم جاؤں گا۔ وہاں لوگ مجھے مار دیں گے۔ لیکن خدا مجھے زندہ کر دے گا۔“ یہ بات کچھ عرصے بعد پوری ہوئی۔ مگر اُس وقت تک یسوع مسیح بیماروں کو ٹھیک کرتے رہے۔
ایک دن یسوع مسیح لوگوں کو اچھی اچھی باتیں سکھا رہے تھے۔ وہ سبت کا دن تھا۔ سبت کے دن یہودی کام نہیں کرتے تھے۔ ایک عورت بھی یسوع مسیح کی باتیں سُن رہی تھی۔ وہ ۱۸ سال سے کبڑی تھی اور سیدھی کھڑی نہیں ہو سکتی تھی۔ یسوع مسیح نے اِس عورت پر ہاتھ رکھا اور وہ ٹھیک ہو گئی۔ دیکھیں، تصویر میں عورت سیدھی کھڑی ہو رہی ہے۔
یہ دیکھ کر یہودیوں کے مذہبی اُستادوں کو بہت غصہ آیا۔ اُن میں سے ایک نے لوگوں کو ڈانٹا اور کہا: ”ہمیں چھ دن کام کر نے کی اجازت ہے۔ اگر ٹھیک ہونا ہے تو اِن دنوں میں آیا کرو لیکن سبت کے دن مت آیا کرو۔“
یسوع مسیح نے مذہبی اُستادوں سے کہا: ”آپ لوگ کتنے بُرے ہو! آپ لوگ سبت کے دن اپنے گدھے کو پانی پلاتے ہو، نا؟ یہ بےچاری عورت ۱۸ سال سے تکلیف میں تھی۔ اگر مَیں نے اِس کو سبت کے دن ٹھیک کِیا ہے تو کیا مَیں نے غلط کام کِیا ہے؟“ یہ سُن کر مذہبی اُستاد شرمندہ ہو گئے۔
بعد میں یسوع مسیح اور رسول یروشلیم کی طرف روانہ ہو گئے۔ وہ شہر یریحو سے گزر رہے تھے۔ دو اندھے آدمیوں کو پتہ چلا کہ یسوع مسیح آ رہے ہیں۔ وہ دونوں چلّا چلّا کر کہنے لگے: ”یسوع مسیح! ہماری مدد کریں۔“
یسوع مسیح نے اُن کو اپنے پاس بلایا اور اُن سے کہا: ”بتاؤ، مَیں تمہارے لئے کیا کروں؟“ اندھے آدمیوں نے کہا: ”ہماری آنکھیں ٹھیک کر دیں۔“ یسوع مسیح نے اُن کی آنکھوں کو چُھوا اور اُن کی آنکھیں ٹھیک ہو گئیں۔ اب وہ آدمی سب کچھ دیکھ سکتے تھے۔ کیا آپ کو پتہ ہے کہ یسوع مسیح معجزے کیوں کرتے تھے؟ کیونکہ وہ لوگوں سے پیار کرتے تھے اور چاہتے تھے کہ لوگ اُن پر ایمان لائیں۔ جب خدا کی بادشاہت آئے گی تو یسوع مسیح سب بیماروں کو ٹھیک کر دیں گے۔ پھر کوئی بھی بیمار نہیں ہوگا۔