کہانی نمبر ۹۴
یسوع مسیح اور چھوٹے بچے
دیکھیں، تصویر میں یسوع مسیح نے ایک چھوٹے لڑکے کو کتنے پیار سے پکڑا ہوا ہے۔ یسوع مسیح بچوں سے بہت پیار کرتے تھے۔ تصویر میں جو دوسرے آدمی ہیں، وہ رسول ہیں۔ پتہ ہے، یسوع مسیح اُن سے کیا کہہ رہے ہیں؟ آئیں، دیکھتے ہیں۔
یسوع مسیح اور رسول ایک لمبے سفر پر گئے تھے۔ راستے میں رسول آپس میں ایک بات پر لڑ رہے تھے۔ سفر کے بعد یسوع مسیح نے اُن سے پوچھا کہ ”تُم لوگ کس بات پر لڑ رہے تھے؟“ اصل میں یسوع مسیح کو پتہ تھا کہ رسول کس بات پر لڑ رہے تھے لیکن وہ چاہتے تھے کہ رسول خود اُن کو یہ بات بتائیں۔
رسولوں نے یسوع مسیح کو کوئی جواب نہیں دیا۔ پتہ ہے کیوں؟ کیونکہ کچھ رسول چاہتے تھے کہ لوگ اُن کو باقی رسولوں سے بڑا سمجھیں۔ اور راستے میں وہ اِس بات پر لڑ رہے تھے کہ ”ہم میں کون سب سے بڑا ہے۔“ لیکن یہ اچھی بات نہیں تھی۔ آئیں، دیکھتے ہیں کہ یسوع مسیح نے اُن کو یہ کیسے سمجھایا۔
اُنہوں نے ایک چھوٹے لڑکے کو رسولوں کے سامنے کھڑا کِیا۔ پھر اُنہوں نے کہا: ”تُم کو اپنی سوچ بدلنی ہوگی اور اِس چھوٹے بچے کی طرح بننا ہوگا۔ اگر تُم ایسا نہیں کرو گے تو خدا کی بادشاہت میں نہیں جاؤ گے۔ یاد رکھو، خدا کی بادشاہت میں سب سے بڑا وہ ہے جو اپنے آپ کو اِس بچے کی طرح بناتا ہے۔“ پتہ ہے، یسوع مسیح نے ایسا کیوں کہا تھا؟
کیونکہ چھوٹے بچے دوسروں سے بڑا بننے کی کوشش نہیں کرتے۔ یسوع مسیح چاہتے تھے کہ رسول بھی بچوں کی طرح بنیں اور یہ نہ سوچیں کہ ”مَیں سب سے بڑا ہوں۔“
کچھ مہینوں بعد ایک اَور بات ہوئی جس سے پتہ چلتا ہے کہ یسوع مسیح بچوں سے بہت پیار کرتے تھے۔ لوگ اپنے بچوں کو یسوع مسیح کے پاس لانا چاہتے تھے لیکن رسولوں نے اُن کو منع کر دیا۔ جب یسوع مسیح نے یہ دیکھا تو اُنہوں نے کہا: ”بچوں کو میرے پاس آنے دو۔ اُن کو مت روکو۔ خدا کی بادشاہت میں ایسے لوگ جائیں گے جو اِن بچوں کی طرح ہیں۔“ پھر یسوع مسیح نے بچوں کو اپنی گود میں لیا اور اُن کو دُعائیں دیں۔ دیکھا، یسوع مسیح بچوں سے کتنا پیار کرتے تھے۔