کہانی نمبر ۹۳
پانچ روٹیاں اور دو مچھلیاں
یوحنا بپتسمہ دینے والے کے ساتھ بہت بُرا ہوا۔ ملکہ ہیرودیاس، یوحنا کو پسند نہیں کرتی تھیں اور اُن کو مروانا چاہتی تھیں۔ بادشاہ نے ملکہ ہیرودیاس کی بات مان لی اور یوحنا کا سر کٹوا دیا۔
جب یسوع مسیح کو یہ خبر ملی تو وہ بہت دُکھی ہوئے۔ وہ اکیلے ایک ویران جگہ چلے گئے۔ لیکن لوگ اُن کے پیچھے آ گئے۔ جب یسوع مسیح نے لوگوں کو دیکھا تو اُن کو لوگوں پر ترس آیا۔ یسوع مسیح اُن کو خدا کی بادشاہت کے بارے میں بتانے لگے اور اُنہوں نے بہت سے بیمار لوگوں کو بھی ٹھیک کِیا۔
جب شام ہو گئی تو شاگردوں نے یسوع مسیح سے کہا: ”بہت دیر ہو گئی ہے۔ لوگوں سے کہیں کہ وہ پاس کے گاؤں جائیں اور اپنے لئے کھانا خرید لیں۔“
یسوع مسیح نے کہا: ”اِن کو یہیں رہنے دو۔ تُم لوگ اِن کو کھانا دو۔“ پھر یسوع مسیح نے فلپس سے کہا: ”ہم اِن سب لوگوں کے لئے کھانا کہاں سے خرید سکتے ہیں؟“
فلپس نے کہا: ”اگر ہم اِتنے زیادہ لوگوں کے لئے کھانا خریدیں گے تو بہت سارے پیسے لگیں گے اور پھر بھی کسی کا پیٹ نہیں بھرے گا۔“ اندریاس نے کہا: ”اِس لڑکے کے پاس دو مچھلیاں اور پانچ روٹیاں ہیں۔ لیکن اِن سے کیا ہوگا؟“
یسوع مسیح نے شاگردوں سے کہا: ”لوگوں سے کہو کہ وہ گھاس پر بیٹھ جائیں۔“ پھر اُنہوں نے کھانے کے لئے خدا کا شکریہ ادا کِیا اور روٹیاں توڑ توڑ کر شاگردوں کو دیں۔ شاگردوں نے کھانا لوگوں میں بانٹ دیا۔ وہاں پر ۵۰۰۰ آدمی اور ہزاروں عورتیں اور بچے تھے۔ سب نے پیٹ بھر کر کھانا کھایا۔ جب شاگردوں نے بچا ہوا کھانا جمع کِیا تو ۱۲ ٹوکریاں بھر گئیں۔
پھر یسوع مسیح نے شاگردوں سے کہا: ”جھیل کے پار چلے جاؤ۔“ شاگرد ایک کشتی میں بیٹھ کر روانہ ہو گئے۔ لیکن رات کے وقت طوفان آ گیا اور کشتی لہروں سے ڈگمگانے لگی۔ شاگرد بہت ڈر گئے۔ پھر آدھی رات کے وقت اُنہوں نے دیکھا کہ کوئی اُن کی طرف پانی پر چل کر آ رہا ہے۔ وہ ڈر کر زور زور سے چلّانے لگے۔
لیکن پھر اُن کو یسوع مسیح کی آواز آئی کہ ”ڈرو نہیں، مَیں ہوں۔“ شاگردوں کو یقین نہیں آ رہا تھا کہ یہ یسوع مسیح ہیں۔ اِس لئے پطرس نے کہا: ”اگر آپ واقعی یسوع مسیح ہیں تو مجھے طاقت دیں تاکہ مَیں بھی پانی پر چل سکوں۔“ یسوع مسیح نے کہا: ”ٹھیک ہے، چل کر میرے پاس آؤ۔“ پطرس نے پانی پر چلنا شروع کر دیا۔ لیکن پھر وہ ڈر گئے اور ڈوبنے لگے۔ مگر یسوع مسیح نے اُن کو بچا لیا۔
بعد میں یسوع مسیح نے پھر سے ہزاروں لوگوں کو کھانا کھلایا۔ اِس بار اُن کے پاس سات روٹیاں اور کچھ چھوٹیچھوٹی مچھلیاں تھیں۔ اِس بار بھی سب لوگوں نے پیٹ بھر کر کھانا کھایا۔ یسوع مسیح لوگوں کا کتنا خیال رکھتے تھے، ہےنا؟ جب یسوع مسیح پوری زمین پر حکومت کریں گے تو وہ ہم سب کا خیال رکھیں گے۔ اُس وقت ہمارے پاس سب کچھ ہوگا۔