کہانی نمبر ۸۵
ایک بہت خاص بچہ
کیا آپ کو پتہ ہے کہ تصویر میں جو چھوٹا بچہ ہے، وہ کون ہے؟ اِس کا نام یسوع ہے۔ وہ ایک ایسے گھر میں پیدا ہوئے جہاں جانوروں کو رکھا جاتا ہے۔ اب مریم کو دیکھیں۔ وہ یسوع کو چرنی میں لٹا رہی ہیں۔ لیکن چرنی میں تو جانوروں کو چارہ ڈالتے ہیں۔ تو پھر یوسف اور مریم، یسوع کو چرنی میں کیوں لٹا رہے ہیں؟ آئیں، دیکھتے ہیں۔
اُس زمانے میں روم کے شہنشاہ اَوگوستُس، یہوداہ پر حکومت کرتے تھے۔ اُنہوں نے حکم دیا کہ ”ہر آدمی اُس شہر جائے جہاں وہ پیدا ہوا تھا اور وہاں اپنا نام لکھوائے۔“ یوسف اور مریم شہر بیتلحم گئے کیونکہ یوسف وہاں پیدا ہوئے تھے۔ لیکن جب وہ بیتلحم پہنچے تو وہاں اُن کو رہنے کے لئے کوئی کمرہ نہیں ملا۔ اِس لئے اُن کو ایک ایسے گھر میں رہنا پڑا جہاں جانوروں کو رکھا جاتا تھا۔ اُسی رات یسوع پیدا ہوئے۔
دیکھیں، تصویر میں کچھ آدمی یسوع کو دیکھنے آ رہے ہیں۔ وہ چرواہے ہیں۔ پتہ ہے، کچھ دیر پہلے اِن کے ساتھ کیا ہوا تھا؟ وہ رات کے وقت میدان میں اپنی بھیڑوں کا دھیان رکھ رہے تھے۔ لیکن اچانک اُن کے چاروں طرف تیز روشنی چمکنے لگی اور اُن کو ایک فرشتہ نظر آیا۔ یہ دیکھ کر چرواہے ڈر گئے۔ لیکن فرشتے نے اُن سے کہا: ”ڈرو مت۔ مَیں تُم لوگوں کو ایک خوشخبری سنانے آیا ہوں۔ آج بیتلحم میں بہت اہم بچہ پیدا ہوا ہے۔ وہ بڑا ہو کر لوگوں کو نجات دِلائے گا۔ اِس بچے کی ماں نے اُس کو ایک چرنی میں لٹایا ہوا ہے۔“ پھر چرواہوں کو بہت سے فرشتے نظر آئے جو خدا کی بڑائی کر رہے تھے۔ چرواہے فوراً یسوع کو دیکھنے گئے۔
لیکن یسوع اِتنے خاص کیوں تھے؟ یاد ہے، اِس کتاب کی پہلی کہانی میں ہم نے ایک خاص فرشتے کے بارے میں پڑھا تھا۔ خدا نے اِس فرشتے کو سب چیزوں سے پہلے بنایا تھا۔ خدا اِس فرشتے سے اُسی طرح پیار کرتا ہے جس طرح ایک باپ اپنے بیٹے سے پیار کرتا ہے۔ اِس لئے پاک کلام میں اِس فرشتے کو خدا کا بیٹا کہا گیا ہے۔ یہ فرشتہ یسوع تھا۔
یہوواہ خدا نے اِس فرشتے کی زندگی کو مریم کے پیٹ میں ڈال دیا۔ پھر مریم کے پیٹ میں ایک بچہ پلنے لگا جیسے ہر بچہ اپنی ماں کے پیٹ میں پلتا ہے۔ لیکن یہ بچہ بہت خاص تھا کیونکہ پہلے وہ آسمان پر ایک فرشتہ تھا۔ پھر وہ بیتلحم میں پیدا ہوا اور اُس کے امیابو نے اُس کا نام یسوع رکھا۔ اِسی لئے فرشتوں نے خوش ہو کر لوگوں کو بتایا کہ یسوع پیدا ہوئے ہیں۔