کہانی نمبر ۱۱
پہلی دھنک
کیا آپ کو پتہ ہے کہ نوح نے کشتی سے نکل کر سب سے پہلے کیا کِیا؟ نیچے تصویر کو دیکھیں۔ نوح نے خدا کے لئے قربانی چڑھائی۔ وہ خدا کا شکریہ ادا کرنا چاہتے تھے کیونکہ خدا نے اُن کو اور اُن کے گھر والوں کو طوفان سے بچا لیا تھا۔
کیا یہوواہ خدا کو نوح کی قربانی اچھی لگی؟ جی، بہت اچھی لگی۔ اِس لئے خدا نے پکا ارادہ کِیا کہ ”مَیں سب جانداروں کو سیلاب سے پھر کبھی ختم نہیں کروں گا۔“
جلد ہی زمین کے بہت سے حصے خشک ہو گئے۔ پھر نوح اور اُن کے گھر والوں نے اپنے رہنے کے لئے جگہ بنائی اور فصلیں لگائیں۔ خدا نے اُن کی ضرورتیں پوری کیں اور اُن کو حکم دیا کہ ”ڈھیر سارے بچے پیدا کرو اور ساری زمین کو اپنے بچوں سے بھر دو۔“
اِس کے بعد خدا نے وعدہ کِیا کہ ”مَیں سب انسانوں اور جانوروں کو پھر کبھی سیلاب سے ختم نہیں کروں گا۔“ خدا نے لوگوں کو اپنے وعدے کی نشانی بھی دی۔ اُس نے یہ نشانی کیوں دی؟ خدا چاہتا تھا کہ لوگ اُس کے وعدے کو یاد رکھیں۔ ہو سکتا تھا کہ لوگ بہت سال بعد خدا کے اِس وعدے کو بھول جاتے۔ پھر وہ نوح کے طوفان کے بارے میں سُن کر ڈر جاتے۔ شاید وہ سوچنے لگتے کہ ”کیا خدا پھر سے ایک بڑا سیلاب لائے گا اور سب لوگوں کو ختم کر دے گا؟“ اِس لئے خدا نے لوگوں کو ایک نشانی دی جس کو دیکھ کر اُن کو خدا کا وعدہ یاد آتا۔ یہ نشانی دھنک تھی۔
جب بارش بند ہوتی ہے اور سورج نکلتا ہے تو آسمان پر کبھیکبھی دھنک نظر آتی ہے۔ دھنک کمان کی طرح لگتی ہے اور اِس میں بہت سے رنگ ہوتے ہیں۔ کیا آپ نے کبھی دھنک دیکھی ہے؟ تصویر میں دھنک کہاں ہے؟
خدا نے کہا کہ ”بادلوں میں دھنک نظر آئے گی۔ اور جب مَیں دھنک دیکھوں گا تو مجھے اپنا وعدہ یاد آئے گا اور مَیں پھر کبھی سب انسانوں اور جانوروں کو سیلاب سے ختم نہیں کروں گا۔“
جب آپ دھنک دیکھتے ہیں تو آپ کو کیا یاد آنا چاہئے؟ آپ کو خدا کا یہ وعدہ یاد آنا چاہئے کہ وہ سب انسانوں اور جانوروں کو پھر کبھی سیلاب سے ختم نہیں کرے گا۔