ٹماٹر—کا وسیع استعمال
برطانیہ سے جاگو! کا نامہنگار
اٹلی سے ایک خاتون نے بیان کِیا: ”ٹماٹروں کے بغیر مَیں کیا کروں گی!“ پوری دُنیا میں کھانا پکانے والے بےشمار لوگ ایسا ہی محسوس کرتے ہیں۔ ٹماٹر بہت سی تہذیبوں میں کھانے کی ترکیبوں کا ایک حصہ ہیں۔ گھر کے باغیچوں میں یہ سب سے زیادہ کاشت کئے جاتے ہیں۔ لیکن کیا یہ پھل ہے یا سبزی؟
نباتاتی لحاظ سے ٹماٹر ایک پھل ہے کیونکہ یہ رسیلا اور بیجدار ہوتا ہے۔ بہتیرے لوگ اسے ایک سبزی خیال کرتے ہیں کیونکہ اسے عموماً کھانے کیساتھ استعمال کِیا جاتا ہے۔ اس دلکش خوراک کا ماضی بہت دلچسپ ہے۔
دلچسپ پسمنظر
میکسیکو میں آزٹکس نے خوراک کے طور پر ٹماٹروں کے استعمال کو فروغ دیا۔ سولہویں صدی کے آغاز میں، ہسپانوی فاتح اسے سپین لے گئے اور نواتل لفظ ٹوماٹل کی مناسبت سے اسے ٹوماٹی کہا جانے لگا۔ جلد ہی اٹلی، شمالی افریقہ اور مشرقوسطیٰ جنہیں سپین نے فتح کِیا تھا اس لذیذ خوراک سے لطف اُٹھانے لگے۔
بعدازاں، سولہویں صدی کے وسط میں ٹماٹر شمالی یورپ پہنچ گیا۔ شروع میں اسے زہریلا سمجھا جاتا تھا اور گھر کے باغیچے میں سجاوٹ کیلئے کاشت کِیا جاتا تھا۔ سولانم جنس کے اس پودے کا پھل خوشبودار مضبوط پتوں اور زہریلے تنوں کی وجہ سے مکمل طور پر زہریلا دکھائی دیتا تھا۔
یورپ لائے جانے والے پہلے ٹماٹر زرد رنگ کے تھے۔ اسلئے اٹلی کے لوگ اسے پوموڈورو (سنہری سیب) کہنے لگے۔ انگریز اسے ٹوماٹی اور بعد میں ٹوماٹو کہنے لگے لیکن اصطلاح ”محبت بھرا سیب“ بھی بہت مشہور تھی۔ یورپ سے ٹماٹر واپس اوقیانوس کے پار شمالی امریکہ پہنچا۔ جہاں ۱۹ ویں صدی میں یہ کھانوں کا ایک اہم حصہ بن گیا۔
نمایاں اقسام اور مقبولیت
اگر یہ پوچھا جائے کہ ٹماٹر کس رنگ کے ہوتے ہیں تو بیشتر لوگوں کا جواب ہوگا ”سرخ۔“ لیکن کیا آپ یہ جانتے تھے کہ یہ زرد، نارنجی، گلابی، ارغوانی، بھورے، سفید یا سبز رنگ کے اور بعض تو دھاریدار بھی ہوتے ہیں؟ یہ گول، چپٹے، آلوبخارے یا ناشپاتی کی طرح ہوتے ہیں۔ کچھ مٹر کے دانوں کی طرح چھوٹے یا انسان کی مٹھی جتنے بھی ہو سکتے ہیں۔
اسے جنوب میں نیوزیلینڈ اور شمال میں آئسلینڈ تک کاشت کِیا جاتا ہے۔ اسکی سب سے زیادہ پیداوار امریکہ اور یورپی ممالک میں ہوتی ہے۔ اسکی پیداوار سرد موسم میں گرینہاؤس میں ہوتی ہے اور خشک علاقوں میں انکی جڑیں زمین کی بجائے کیمیائی محلول میں ڈال دی جاتی ہیں۔
ٹماٹر باغبانی کے شوقین لوگوں میں بےحد مقبول ہے۔ اسے کاشت کرنا آسان ہے اور چند پودے ایک چھوٹے سے خاندان کیلئے کافی ٹماٹر فراہم کرتے ہیں۔ اگر آپکے پاس محدود جگہ ہے تو آپ گملے میں اُگنے والی اقسام کاشت کرنے کے متعلق سوچ سکتے ہیں۔
صحت سے متعلق ہدایات اور مشورے
سرد درجۂحرارت ٹماٹر کے ذائقے کو خراب کر دیتا ہے اسلئے انہیں ریفریجریٹر میں محفوظ نہ کریں۔ آپ انہیں جلد پکانے کیلئے دھوپ میں، کمرے میں عام درجۂحرارت پر ایک برتن میں پکے ہوئے ٹماٹر کیساتھ یا پھر چند دنوں کیلئے کسی خاکی لفافے میں رکھ سکتے ہیں۔
ٹماٹر آپکی صحت کیلئے مفید ہیں۔ ان میں وٹامن اے، سی اور ای کیساتھ ساتھ پوٹاشیم، کیلشیم اور نمکیات بھی شامل ہوتے ہیں۔ تحقیقدان دریافت کر رہے ہیں کہ یہ ایک طاقتور تکسیدی عامل لائیکوپینی کا عمدہ ذریعہ ہے جسے کینسر، دل کی بیماریوں اور دیگر بیماریوں میں استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ ٹماٹروں میں ۹۳ سے ۹۵ فیصد پانی ہوتا ہے۔ وہ لوگ جو وزن بڑھانا نہیں چاہتے یہ جان کر خوش ہوں گے کہ اس میں بہت کم کیلوریز ہوتی ہیں۔
لذیذ اور کثیرالاستعمال
ٹماٹر خریدتے وقت آپ اس کی کس قسم کا انتخاب کرتے ہیں؟ عام طور پر سرخ ٹماٹر سلاد، سُوپ اور چٹنی میں استعمال کئے جاتے ہیں۔ چھوٹے چھوٹے سرخ، نارنجی اور زرد ٹماٹر بہت میٹھے ہوتے ہیں اور کچے بھی بہت مزیدار لگتے ہیں۔ اگر آپ پیزا یا بغیر خمیر کے گندھے ہوئے آٹے کی کوئی چیز بناتے ہیں تو بیضوی شکل کے ٹماٹروں کا چھلکوں سمیت انتخاب اچھا ہوگا۔ اپنی مضبوط ساخت کے باعث بیفسٹک ٹماٹر بھر کر پکانے کے لئے بہترین ہیں۔ بعضاوقات منفرد دھاریوں والے سبز ٹماٹر عمدہ ذائقہ پیدا کرتے ہیں۔ بِلاشُبہ، ٹماٹر مزیدار سبزی، انڈے، پنیر، گوشت اور مچھلی میں اپنا امتیازی ذائقہ اور رنگ شامل کر دیتے ہیں۔ اگر آپ تازہ ٹماٹر حاصل نہیں کر سکتے تو اپنے مقامی سٹور سے اس کی بنی ہوئی مصنوعات لے سکتے ہیں۔
ٹماٹر بنانے کیلئے ہر ایک کھانا پکانے والے کی اپنی ترکیب ہوتی ہے لیکن یہاں چند مشورے دئے جا رہے ہیں جنہیں شاید آپ استعمال کرنا چاہیں۔
۱. جلدی اور جاذبِنظر بھوک بڑھانے والا کھانا تیار کرنے کیلئے ٹماٹر، موزریلا (پنیر) اور ناشپاتی کے ٹکڑے ایک دوسرے کے اُوپر رکھیں۔ اسکے اُوپر زیتون کے تیل کی چٹنی، کالی مرچ اور نیازبو کے پتے ڈال کر اسکی سجاوٹ کر دیں۔
۲. یونانی سلاد بنانے کیلئے ٹماٹر، کھیرے، پنیر، پکے ہوئے زیتون اور لال پیاز کے ٹکڑوں کو ملا لیں۔ اسکے اُوپر نمک اور مرچ ڈالیں، لیموں کے رس اور زیتون کے تیل کی چٹنی کیساتھ پیش کریں۔
۳. میکسیکن سالسا بنانے کیلئے تازہ ٹماٹر، پیاز، سبز مرچ اور دھنیے کو تھوڑے سے لیموں کے رس میں ملا لیں۔
۴. مزیدار ٹماٹر کی چٹنی بنانے کیلئے ٹماٹر، تھوڑی سی چینی، زیتون کا تیل، پسا ہوا لہسن، تھوڑے سے نیازبو کے پتے، تیزپات اور دیگر مصالحہجات ایک برتن میں ڈال دیں۔ اس آمیزے کو اُبالیں اور ۲۰ منٹ تک پکائیں یہانتک کہ چٹنی گاڑھی ہو جائے۔ اب اسے پیزا یا بغیر خمیر کے گندھے ہوئے آٹے کی کسی بھی چیز کیساتھ پیش کریں۔
کثیرالاستعمال ٹماٹر ہمارے استعمال کے لئے تیار کی گئی خوراک کی شاندار اقسام میں سے محض ایک مثال ہے۔