یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • ت‌ن‌د طِطُس 1:‏1-‏3:‏15
  • طِطُس

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • طِطُس
  • کتابِ‌مُقدس—‏ترجمہ نئی دُنیا
کتابِ‌مُقدس—‏ترجمہ نئی دُنیا
طِطُس

طِطُس کے نام خط

1 خدا کے غلام اور یسوع مسیح کے رسول پولُس کی طرف سے خط جس کا ایمان خدا کے چُنے ہوئے لوگوں کے ایمان کی طرح ہے اور جس نے اُس سچائی کے بارے میں صحیح علم حاصل کِیا ہے جس کا تعلق خدا کی بندگی سے ہے۔‏2 یہ اُس ہمیشہ کی زندگی کی اُمید پر مبنی ہے جس کا وعدہ خدا نے جو جھوٹ نہیں بول سکتا، صدیوں پہلے کِیا تھا۔ 3 خدا نے مقررہ وقت پر اپنا کلام اُس مُنادی کے کام کے ذریعے ظاہر کِیا جو ہمارے نجات‌دہندہ خدا کے حکم سے مجھے سونپا گیا ہے۔ 4 یہ خط طِطُس کے نام ہے جو اُس ایمان کے لحاظ سے میرا حقیقی بیٹا ہے جس میں ہم دونوں شریک ہیں۔‏

ہمارا باپ خدا اور ہمارے نجات‌دہندہ مسیح یسوع آپ کو عظیم رحمت اور سلامتی عطا کریں۔‏

5 مَیں نے آپ کو اِس لیے جزیرہ کرِیٹ میں چھوڑا تاکہ آپ وہاں کی بگڑی ہوئی صورتحال کو سدھاریں اور میری ہدایت کے مطابق ہر شہر میں بزرگ مقرر کریں 6 بشرطیکہ وہ اِلزام سے پاک ہوں، ایک بیوی کے شوہر ہوں، اُن کے بچے ایمان رکھتے ہوں اور اُن کے بچوں پر عیاشی اور بغاوت کا اِلزام نہ ہو۔ 7 ایک نگہبان خدا کا مقررشُدہ مختار ہے اِس لیے اُس کو اِلزام سے پاک ہونا چاہیے؛ اُسے ضدی، گرم‌مزاج، شرابی اور متشدد نہیں ہونا چاہیے اور اپنا فائدہ حاصل کرنے کا لالچ نہیں کرنا چاہیے۔ 8 اِس کی بجائے اُسے اچھائی سے پیار کرنے والا، مہمان‌نواز،‏*‏ سمجھ‌دار، نیک، وفادار اور ضبطِ‌نفس کا مالک ہونا چاہیے۔ 9 جہاں تک تعلیم دینے کے ہنر کی بات ہے تو وہ اُس کلام کے عین مطابق تعلیم دے جو قابلِ‌بھروسا ہے۔ یوں وہ صحیح*‏ تعلیم کے ذریعے دوسروں کی حوصلہ‌افزائی*‏ کر سکے گا اور اُن لوگوں کی درستی کر سکے گا جو اِس تعلیم کے خلاف بولتے ہیں۔‏

10 کیونکہ بہت سے ایسے لوگ ہیں جو باغی اور دھوکے‌باز ہیں اور فضول باتیں پھیلاتے ہیں، خاص طور پر وہ جو ختنے کی روایت سے چپکے ہوئے ہیں۔‏11 ضروری ہے کہ اُن کا مُنہ بند کِیا جائے کیونکہ وہ اپنے فائدے کے لیے لوگوں کو ایسی تعلیم دے رہے ہیں جو اُنہیں نہیں دینی چاہیے اور یوں وہ پورے خاندانوں کو تباہ کر رہے ہیں۔ 12 اُن کے ایک ہم‌وطن نبی نے کہا:‏ ”‏کرِیٹ کے لوگ ہمیشہ جھوٹ بولتے ہیں، وہ وحشی درندے اور نکمّے پیٹ‌پجاری ہیں۔“‏

13 یہ بات بالکل سچ ہے۔ اِسی لیے سختی سے اُن کی درستی کرتے رہیں تاکہ اُن کا ایمان مضبوط*‏ ہو جائے 14 اور وہ یہودیوں کے قصے کہانیوں اور اُن لوگوں کے حکموں پر دھیان نہ دیں جو سچائی کی راہ سے گمراہ ہوتے ہیں۔‏15 پاک لوگوں کے لیے ساری چیزیں پاک ہیں لیکن ناپاک اور ایمان سے خالی لوگوں کے لیے کوئی بھی چیز پاک نہیں ہے کیونکہ اُن کے ذہن اور ضمیر دونوں ناپاک ہیں۔ 16 وہ لوگوں کے سامنے تو خدا کو جاننے کا اِقرار کرتے ہیں لیکن اپنے کاموں سے اُس کا اِنکار کرتے ہیں کیونکہ وہ گھناؤنے اور نافرمان ہیں اور کوئی بھی اچھا کام کرنے کے لائق نہیں ہیں۔‏

2 لیکن آپ اُن باتوں کا ذکر کرتے رہیں جو صحیح*‏ تعلیم کے مطابق ہیں۔ 2 اَدھیڑ عمر آدمیوں کو اچھی عادتوں کا مالک، سنجیدہ اور سمجھ‌دار ہونا چاہیے اور اُن کا ایمان، محبت اور صبر*‏ مضبوط ہونا چاہیے۔ 3 اِسی طرح اَدھیڑ عمر عورتوں کے چال‌چلن سے ظاہر ہونا چاہیے کہ وہ خدا کا خوف رکھتی ہیں۔ اُن کو دوسروں کے بارے میں جھوٹی باتیں نہیں پھیلانی چاہئیں اور مے پینے کا عادی نہیں ہونا چاہیے بلکہ اچھی باتیں سکھانی چاہئیں 4 تاکہ وہ جوان عورتوں کو سکھا*‏ سکیں کہ اپنے شوہروں اور بچوں سے پیار کریں 5 اور سمجھ‌دار، پاکیزہ اور اچھی ہوں، گھربار سنبھالیں*‏ اور اپنے شوہروں کی تابع ہوں تاکہ خدا کے کلام کی بدنامی نہ ہو۔‏

6 جوان آدمیوں کو بھی نصیحت کرتے رہیں کہ وہ سمجھ‌دار ہوں۔ 7 آپ ہر معاملے میں اچھے کام کر کے اچھی مثال قائم کریں۔ سنجیدگی سے خالص باتیں سکھائیں*‏ 8 اور اچھی*‏ زبان اِستعمال کریں جس پر نکتہ‌چینی نہ کی جا سکے تاکہ مخالفین شرمندہ ہو جائیں اور ہمارے بارے میں کوئی بُری*‏ بات نہ کہہ سکیں۔ 9 غلام ہر معاملے میں اپنے مالکوں کے تابع ہوں، اُن کو خوش کرنے کی کوشش کریں، اُن سے زبان نہ چلائیں 10 اور اُن کی کوئی چیز چوری نہ کریں بلکہ مکمل طور پر قابلِ‌بھروسا ہوں تاکہ ہر لحاظ سے ہمارے نجات‌دہندہ خدا کی تعلیم کی خوب‌صورتی کو ظاہر کر سکیں۔‏

11 کیونکہ خدا کی عظیم رحمت ظاہر ہو گئی ہے جس کے ذریعے ہر طرح کے لوگوں کو نجات ملتی ہے۔ 12 اِس رحمت کے ذریعے ہمیں تربیت ملتی ہے تاکہ ہم بُرائی اور دُنیاوی خواہشات کو رد کر سکیں اور اِس زمانے میں خدا کی بندگی کرتے ہوئے سمجھ‌داری اور نیکی سے زندگی گزار سکیں۔ 13 اِس کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنی شان‌دار اُمید کی تکمیل اور ہمارے عظیم خدا اور ہمارے نجات‌دہندہ یسوع مسیح کے عظیم‌اُلشان ظہور کا منتظر رہنا چاہیے۔ 14 یسوع نے اپنی جان قربان کر دی تاکہ ہمیں ہر طرح کی بُرائی سے رِہائی*‏ دِلائیں اور اپنے لیے ایک قوم کو پاک کر لیں جو اُن کی خاص ملکیت ہو اور شوق*‏ سے اچھے کام کرتی ہو۔‏

15 پورے اِختیار کے ساتھ اِن باتوں کا ذکر کرتے رہیں، لوگوں کو نصیحت*‏ کرتے رہیں اور اُن کی درستی کرتے رہیں۔ کسی کو موقع نہ دیں کہ وہ آپ کو حقیر سمجھے۔‏

3 اُن کو یاد دِلاتے رہیں کہ حکومتوں اور اِختیار والوں کے فرمانبردار اور تابع‌دار ہوں، ہر طرح کے اچھے کام کرنے کو تیار رہیں، 2 کسی کی بُرائی نہ کریں اور جھگڑالو نہ ہوں بلکہ سمجھ‌داری سے کام لیں اور سب کے ساتھ نرمی سے پیش آئیں۔ 3 کیونکہ ایک زمانے میں ہم بھی بے‌عقل، نافرمان، گمراہ اور گھناؤنے تھے، طرح طرح کی خواہشوں اور ہوسوں کے غلام تھے، بُرائی اور حسد کرتے تھے اور ایک دوسرے سے نفرت کرتے تھے۔‏

4 لیکن جب ہمارے نجات‌دہندہ خدا کی مہربانی اور اِنسانوں کے لیے محبت ظاہر ہوئی 5 ‏(‏اِس لیے نہیں کہ ہم نے کوئی نیک کام کِیا ہے بلکہ اِس لیے کہ وہ رحیم ہے)‏ تو اُس نے ہمیں نجات دِلائی کیونکہ وہ ہمیں پاک صاف کر کے *‏ زندگی کی طرف لایا اور پاک روح کے ذریعے نیا بنا دیا۔ 6 اُس نے یہ روح ہمارے نجات‌دہندہ یسوع مسیح کے ذریعے ہم پر کثرت*‏ سے نازل کی 7 تاکہ ہم اُس کی عظیم رحمت کے ذریعے نیک قرار دیے جائیں اور ہمیشہ کی زندگی کی اُمید کی بِنا پر وارث بن جائیں۔‏

8 یہ باتیں قابلِ‌بھروسا ہیں۔ مَیں چاہتا ہوں کہ آپ اِن معاملوں پر زور دیتے رہیں تاکہ جو لوگ خدا پر ایمان لائے ہیں، اُن کا دھیان اچھے کام کرنے پر لگا رہے۔ یہ باتیں اِنسانوں کے لیے فائدہ‌مند اور عمدہ ہیں۔‏

9 لیکن احمقانہ بحث‌وتکرار، سلسلۂ‌نسب کی چھان‌بین اور شریعت پر لڑائی جھگڑوں سے دُور رہیں کیونکہ یہ سب بے‌فائدہ اور فضول ہیں۔‏10 جو شخص کسی فرقے کو فروغ دیتا ہے، *‏ اُسے ایک یا دو بار خبردار*‏ کریں اور اگر وہ نہیں سنتا تو اُس سے تعلق توڑ دیں 11 کیونکہ ایسا شخص سیدھی راہ سے بھٹک گیا ہے اور گُناہ کر رہا ہے اور خود کو قصوروار ٹھہرا رہا ہے۔‏

12 جب مَیں ارتماس یا تخِکُس کو آپ کے پاس بھیجوں گا تو میرے پاس نیکپُلِس آنے کی پوری کوشش کریں کیونکہ مَیں نے سردی کا موسم وہاں گزارنے کا فیصلہ کِیا ہے۔ 13 آپ زیناس کو جو شریعت کے ماہر ہیں اور اپلّوس کو سفر کے لیے جو کچھ مہیا کر سکتے ہیں، ضرور کریں تاکہ اُنہیں کوئی کمی نہ ہو۔ 14 لیکن ہمارے لوگوں کو بھی یہ سیکھنا چاہیے کہ اچھے کام کرنے میں لگے رہیں تاکہ جب کوئی خاص ضرورت پیدا ہو تو وہ مدد کر سکیں۔ یوں وہ بے‌پھل نہیں ہوں گے۔‏

15 وہ سب آپ کو سلام کہتے ہیں جو میرے ساتھ ہیں۔ میری طرف سے اُن کو سلام کہیں جو ہمارے ہم‌ایمان ہیں اور ہمیں عزیز رکھتے ہیں۔‏

دُعا ہے کہ خدا کی عظیم رحمت آپ سب کے ساتھ رہے۔‏

یا ”‏ملنسار“‏

یا ”‏فائدہ‌مند؛ صحت‌بخش“‏

یا ”‏نصیحت“‏

یونانی میں:‏ ”‏صحت‌مند“‏

یا ”‏فائدہ‌مند؛ صحت‌بخش“‏

یونانی میں:‏ ”‏ثابت‌قدمی“‏

یا ”‏یاد دِلا؛ تربیت کر“‏

یا ”‏سگھڑ ہوں“‏

یا شاید ”‏سنجیدگی اور خلوصِ‌دل سے تعلیم دیں“‏

یا ”‏فائدہ‌مند؛ صحت‌بخش“‏

یا ”‏بے‌ہودہ“‏

یونانی میں:‏ ”‏فدیہ دے کر رِہائی“‏

یا ”‏جوش“‏

یا ”‏حوصلہ‌افزائی“‏

یونانی میں:‏ ”‏غسل دے کر“‏

یا ”‏فیاضی“‏

یا ”‏کوئی فرقہ بناتا ہے“‏

یا ”‏منع“‏

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں