یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • ت‌ن‌د 2-‏تیمُتھیُس 1:‏1-‏4:‏22
  • 2-‏تیمُتھیُس

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • 2-‏تیمُتھیُس
  • کتابِ‌مُقدس—‏ترجمہ نئی دُنیا
کتابِ‌مُقدس—‏ترجمہ نئی دُنیا
2-‏تیمُتھیُس

تیمُتھیُس کے نام دوسرا خط

1 پولُس کی طرف سے جسے خدا کی مرضی اور اُس زندگی کے وعدے کے مطابق جو مسیح یسوع کے ذریعے ملتی ہے، مسیح یسوع کا رسول مقرر کِیا گیا، 2 تیمُتھیُس کے نام جو میرا پیارا بیٹا ہے:‏

ہمارا باپ خدا اور ہمارے مالک مسیح یسوع آپ کو عظیم رحمت اور مہربانی اور اِطمینان عطا کریں۔‏

3 مَیں اپنے خدا کا احسان‌مند ہوں جس کی مَیں اپنے باپ‌دادا کی طرح صاف ضمیر کے ساتھ عبادت کرتا ہوں۔ مَیں آپ کو دن رات اپنی دُعاؤں میں یاد رکھتا ہوں۔ 4 جب مَیں آپ کے آنسوؤں کو یاد کرتا ہوں تو میرا بڑا جی کرتا ہے کہ آپ سے ملوں تاکہ میرا دل خوشی سے بھر جائے۔ 5 مجھے آپ کا وہ بے‌ریا ایمان یاد ہے جو آپ کی نانی لوئس اور آپ کی ماں یُونیکے رکھتی تھیں اور مجھے پکا یقین ہے کہ آپ اب بھی ایسا ہی ایمان رکھتے ہیں۔‏

6 اِسی لیے مَیں آپ کو یاد دِلانا چاہتا ہوں کہ خدا کی اُس نعمت کو آگ کی طرح بھڑکاتے رہیں جو آپ کو اُس وقت ملی جب مَیں نے آپ پر ہاتھ رکھے۔ 7 خدا نے ہمیں بزدلی کی روح نہیں دی بلکہ قوت اور محبت اور سمجھ‌داری کی روح دی ہے۔ 8 لہٰذا اِس بات پر شرمندگی محسوس نہ کریں کہ آپ مالک کے گواہ ہیں اور نہ ہی میری وجہ سے شرمندہ ہوں جو اُن کی خاطر قید میں ہوں۔ اِس کی بجائے خدا کی طاقت کی مدد سے خوش‌خبری کی خاطر مصیبتیں سہنے کے لیے تیار رہیں۔ 9 اُس نے ہمیں بچایا اور مُقدس بننے کے لیے بلا‌یا۔ اُس نے ہمارے کاموں کی وجہ سے ایسا نہیں کِیا بلکہ اپنی مرضی اور عظیم رحمت کی وجہ سے ایسا کِیا۔ یہ عظیم رحمت ہمیں مُدتوں پہلے مسیح یسوع کے ذریعے ملی۔ 10 اور اب یہ ہمارے نجات‌دہندہ مسیح یسوع کے ظہور کے ذریعے صاف دِکھائی دیتی ہے جنہوں نے موت کو ختم کر دیا اور خوش‌خبری کے ذریعے زندگی، ہاں، غیرفانی زندگی پر روشنی ڈالی۔ 11 یہی خوش‌خبری سنانے کے لیے مجھے مُناد اور رسول اور اُستاد مقرر کِیا گیا ہے۔‏

12 اِسی لیے تو مجھے اِن اذیتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لیکن مَیں شرمندگی محسوس نہیں کرتا کیونکہ مَیں اُس خدا کو جانتا ہوں جس پر مَیں ایمان رکھتا ہوں اور مجھے پورا یقین ہے کہ وہ اُس امانت کو مقررہ دن تک محفوظ رکھے گا جو مَیں نے اُس کے سپرد کی ہے۔ 13 اُس صحیح*‏ تعلیم کے معیار*‏ پر قائم رہیں جو آپ کو مجھ سے ملی ہے اور اُس ایمان اور محبت پر بھی قائم رہیں جس کا تعلق مسیح یسوع سے ہے۔ 14 اُس پاک روح کی مدد سے جو ہم میں بسی ہے، اِس اچھی امانت کی حفاظت کریں۔‏

15 آپ جانتے ہی ہیں کہ فوگلُس اور ہرموگینس سمیت صوبہ آسیہ کے سارے آدمیوں نے مجھے چھوڑ دیا ہے۔ 16 دُعا ہے کہ ہمارا مالک خدا اُنیسِفرس اور اُن کے گھر والوں پر مہربانی کرے کیونکہ اُنیسِفرس نے مجھے اکثر تازہ‌دم کِیا اور اِس بات پر شرمندگی محسوس نہیں کی کہ مَیں زنجیروں میں جکڑا ہوا ہوں۔ 17 بلکہ جب وہ روم میں تھے تو اُنہوں نے مجھے جگہ جگہ تلاش کِیا اور آخرکار ڈھونڈ لیا۔ 18 دُعا ہے کہ مقررہ دن پر ہمارا مالک یہوواہ*‏ اُن پر مہربانی کرے۔ آپ کو تو اچھی طرح معلوم ہے کہ اُنہوں نے اِفسس میں کتنی خدمت انجام دی۔‏

2 بیٹا، اُس عظیم رحمت کے ذریعے جس کا تعلق مسیح یسوع سے ہے، طاقت حاصل کرتے رہیں۔ 2 وفادار آدمیوں کو وہ باتیں سکھائیں جو آپ نے مجھ سے سنی ہیں اور جن کی بہت سے گواہوں نے تصدیق کی ہے۔ اِس طرح وہ دوسروں کو تعلیم دینے کے لائق بنیں گے۔ 3 مسیح یسوع کے اچھے فوجی کے طور پر مصیبتیں سہنے کے لیے تیار رہیں۔ 4 کوئی فوجی کاروباری معاملوں*‏ میں نہیں اُلجھتا کیونکہ وہ اُس شخص کو خوش کرنا چاہتا ہے جس نے اُسے بھرتی کِیا ہے۔ 5 اور کھلاڑی کو اُسی صورت میں اِنعام*‏ ملتا ہے جب وہ کھیل کے اصولوں کے مطابق مقابلہ کرتا ہے۔ 6 اور جو کسان محنت کرتا ہے، اُسے فصل کا پہلا حصہ ملتا ہے۔ 7 میری باتوں پر سوچ بچار کرتے رہیں۔ ہمارا مالک آپ کو سب باتوں کی سمجھ عطا کرے گا۔‏

8 یاد رکھیں کہ یسوع مسیح مُردوں میں سے جی اُٹھے اور وہ داؤد کی نسل سے تھے۔ یہی وہ خوش‌خبری ہے جو مَیں لوگوں کو سناتا ہوں 9 اور جس کی وجہ سے مَیں اذیت اُٹھا رہا ہوں اور ایک مُجرم کے طور پر قید ہوں۔ لیکن خدا کا کلام قید نہیں ہے۔ 10 لہٰذا مَیں اُن لوگوں کی خاطر جنہیں خدا نے چُنا ہے، مصیبتیں سہتا رہوں گا تاکہ وہ بھی مسیح یسوع کے ذریعے نجات اور ابدی عظمت حاصل کر سکیں۔ 11 یہ بات سچی ہے کہ اگر ہم اُس کے ساتھ مریں گے تو ہم اُس کے ساتھ جئیں گے؛ 12 اگر ہم ثابت‌قدم رہیں گے تو ہم اُس کے ساتھ بادشاہوں کے طور پر حکمرانی کریں گے؛ اگر ہم اُس کا اِنکار کریں گے تو وہ ہمارا اِنکار کرے گا؛ 13 اگر ہم بے‌وفائی کریں گے تو وہ وفادار رہے گا کیونکہ وہ اپنا اِنکار نہیں کر سکتا۔‏

14 اُنہیں یہ باتیں یاد دِلاتے رہیں اور خدا کے حضور ہدایت*‏ دیتے رہیں کہ لفظوں کے بارے میں بحث‌وتکرار نہ کریں کیونکہ اِس کا کوئی فائدہ نہیں بلکہ اِس سے سننے والوں کو نقصان پہنچتا ہے۔ 15 خدا کی خوشنودی حاصل کرنے کی پوری کوشش کریں اور خود کو اُس کے حضور ایک ایسے خادم کے طور پر پیش کریں جسے اپنے کاموں کی وجہ سے شرمندہ نہ ہونا پڑے اور جو سچائی کے کلام کو صحیح طور پر اِستعمال کرے۔ 16 ایسی فضول تقریروں پر دھیان نہ دیں جن میں پاک چیزوں کی توہین کی جاتی ہے کیونکہ اُن کی وجہ سے بُرائی بڑھتی جائے گی 17 اور وہ ایک زہریلے زخم کی طرح پھیلتی جائیں گی۔ ایسی تقریریں کرنے والوں میں ہِمنیُس اور فلیتُس بھی شامل ہیں۔ 18 وہ سچائی کی راہ سے پھر گئے ہیں اور دوسروں کے ایمان کو بھی تباہ کر رہے ہیں کیونکہ وہ کہتے ہیں کہ مُردے زندہ ہو چکے ہیں۔ 19 اِس کے باوجود خدا کی مضبوط بنیاد قائم رہتی ہے۔ اِس بنیاد پر ایک مُہر لگی ہے جس پر لکھا ہے:‏ ”‏یہوواہ*‏ اپنے بندوں کو جانتا ہے“‏ اور ”‏جو شخص یہوواہ*‏ کا نام لیتا ہے، وہ بُرائی کو ترک کر دے۔“‏

20 ایک بڑے گھر میں نہ صرف سونے اور چاندی کے برتن ہوتے ہیں بلکہ لکڑی اور مٹی کے بھی۔ کچھ برتن اعلیٰ کاموں کے لیے اِستعمال ہوتے ہیں جبکہ کچھ ادنیٰ کاموں کے لیے۔ 21 اگر کوئی شخص اُن برتنوں سے دُور رہے گا جو ادنیٰ کاموں کے لیے اِستعمال ہوتے ہیں تو وہ ایسا برتن ہوگا جو اعلیٰ کاموں کے لیے اِستعمال ہوتا ہے۔ وہ پاک*‏ ہوگا اور اپنے مالک کے کام آئے گا اور ہر اچھے کام کے لیے تیار ہوگا۔ 22 لہٰذا جوانی کی خواہشوں سے بھاگیں اور اُن لوگوں کے ساتھ مل کر نیکی، ایمان، محبت اور صلح*‏ کی جستجو کریں جو صاف‌دل سے ہمارے مالک کا نام لیتے ہیں۔‏

23 اِس کے علاوہ احمقانہ اور فضول بحث‌وتکرار سے کنارہ کریں کیونکہ اِس سے لڑائی جھگڑا پیدا ہوتا ہے۔ 24 لیکن ہمارے مالک کے غلام کو لڑائی جھگڑا نہیں کرنا چاہیے بلکہ سب کے ساتھ نرمی سے پیش آنا چاہیے، تعلیم دینے کے لائق ہونا چاہیے، بُرے سلوک پر درگزر کرنا چاہیے 25 اور سرکش لوگوں کو نرمی سے سکھانا چاہیے۔ شاید خدا ایسے لوگوں کو توبہ کرنے کی توفیق بخشے تاکہ وہ سچائی کے بارے میں صحیح علم حاصل کریں 26 اور ہوش میں آئیں اور شیطان کے پھندے سے چھٹکارا پائیں جس نے اُنہیں پھنسا رکھا ہے تاکہ وہ اُس کی مرضی پر چلیں۔‏

3 لیکن یہ جان لیں کہ آخری زمانے میں مشکل وقت آئے گا 2 کیونکہ لوگ خود غرض، پیسے سے پیار کرنے والے، شیخی مارنے والے، مغرور، کفر بکنے والے، ماں باپ کے نافرمان، ناشکر، بے‌وفا، 3 خاندانی محبت سے خالی، ضدی، بدنامی کرنے والے، بے‌ضبط، وحشی، نیکی کے دُشمن، 4 دھوکے‌باز، ہٹ‌دھرم اور گھمنڈی ہوں گے۔ وہ خدا سے پیار کرنے کی بجائے موج مستی سے پیار کریں گے۔ 5 وہ دِکھنے میں تو بڑے خداپرست لگیں گے لیکن اُن کا طرزِزندگی خدا کے حکموں کے مطابق نہیں ہوگا۔ اِس طرح کے لوگوں سے دُور رہیں۔ 6 اِن میں سے کچھ ایسے آدمی اُٹھیں گے جو گھرانوں کو دھوکا دینے کے لیے کمزور عورتوں کو بڑی چالاکی سے اپنے بس میں کریں گے۔ یہ ایسی عورتیں ہیں جو گُناہ میں جکڑی ہوئی ہیں اور طرح طرح کی خواہشوں کی غلام ہیں۔ 7 وہ تعلیم حاصل کرتی رہتی ہیں لیکن کبھی سچائی کو پوری طرح سمجھ نہیں پاتیں۔‏

8 یہ آدمی سچائی کی مخالفت کرتے ہیں، بالکل ویسے ہی جیسے ینیس اور یمبریس نے موسیٰ کی مخالفت کی۔ اُن کی سوچ بالکل بگڑی ہوئی ہے اور اُنہیں خدا کی خوشنودی حاصل نہیں کیونکہ وہ ایمان کے معیاروں پر پورا نہیں اُترتے۔ 9 مگر وہ کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ ینیس اور یمبریس کی طرح اُن کی بے‌وقوفی بھی سب کو دِکھائی دے گی۔ 10 لیکن آپ نے میری تعلیم، میرے طرزِزندگی، میرے عزم، میرے ایمان، میرے صبر، میری محبت اور میری ثابت‌قدمی پر غور کِیا ہے۔ 11 آپ یہ بھی جانتے ہیں کہ مجھے انطاکیہ، اِکُنیُم اور لِسترہ میں کتنی اذیتیں اور تکلیفیں اُٹھانی پڑیں۔ مَیں نے یہ سب کچھ برداشت کِیا اور ہمارے مالک نے مجھے اِن سب سے بچا لیا۔ 12 دراصل اُن سب کو اذیت دی جائے گی جو مسیح یسوع کے پیروکاروں کے طور پر خدا کی بندگی کرنا چاہتے ہیں۔ 13 لیکن بُرے اور دھوکے‌باز آدمی بگڑتے چلے جائیں گے۔ وہ دوسروں کو بھی گمراہ کریں گے اور خود بھی گمراہ ہوں گے۔‏

14 مگر آپ اُن باتوں پر عمل کرتے رہیں جو آپ نے سیکھی تھیں اور جن پر ایمان لانے کے لیے آپ کو قائل کِیا گیا تھا کیونکہ آپ جانتے ہیں کہ آپ نے یہ باتیں کن سے سیکھی ہیں۔ 15 آپ بچپن*‏ سے پاک صحیفوں سے واقف ہیں جو آپ کو دانش‌مند بنا سکتے ہیں تاکہ آپ مسیح یسوع پر ایمان لا کر نجات حاصل کر سکیں۔ 16 پاک صحیفوں میں جو کچھ بھی لکھا ہے، وہ خدا کے اِلہام سے ہے اور تعلیم دینے، اِصلاح کرنے، معاملوں کو سدھارنے اور خدا کے معیاروں کے مطابق تربیت کرنے کے لیے فائدہ‌مند ہے 17 تاکہ خدا کے بندے ہر لحاظ سے قابل ہوں اور ہر اچھے کام کے لیے تیار ہوں۔‏

4 مَیں خدا کے سامنے اور مسیح یسوع کے سامنے جو اپنے ظہور اور اپنی بادشاہت کے ذریعے زندوں اور مُردوں کی عدالت کریں گے، آپ کو سنجیدگی سے حکم دیتا ہوں کہ 2 دل لگا کر خدا کے کلام کی مُنادی کریں، چاہے اچھا وقت ہو یا بُرا؛ اور صبر سے اور مہارت سے تعلیم دے کر بہن بھائیوں کی درستی کریں، اُنہیں خبردار کریں اور اُنہیں نصیحت کریں۔ 3 کیونکہ ایک وقت آئے گا جب لوگ صحیح*‏ تعلیم کے مطابق نہیں بلکہ اپنی خواہشوں کے مطابق چلیں گے۔ وہ اُن لوگوں کو اپنا اُستاد بنائیں گے جو ایسی باتیں سکھائیں گے جو اُن کے کانوں کو بھلی لگیں گی۔ 4 وہ سچائی پر دھیان دینا چھوڑ دیں گے اور جھوٹی کہانیوں پر دھیان دینے لگیں گے۔ 5 لیکن آپ ہر طرح کے حالات میں اپنے ہوش‌وحواس قائم رکھیں، مصیبتوں میں ثابت‌قدم رہیں، خوش‌خبری سناتے رہیں اور اچھی طرح سے خدا کی خدمت انجام دیتے رہیں۔‏

6 مَیں اُس مے کے نذرانے کی طرح ہوں جسے قربان‌گاہ پر اُنڈیلا جا رہا ہے اور میری رِہائی کا وقت قریب ہے۔ 7 مَیں اچھی کُشتی لڑ چُکا ہوں۔ مَیں نے دوڑ مکمل کر لی ہے۔ مَیں ایمان پر قائم رہا ہوں۔ 8 لہٰذا میرے لیے نیکی کا تاج رکھا ہے جو ہمارے مالک اور راست منصف مجھے اِنعام کے طور پر مقررہ وقت پر دیں گے اور نہ صرف مجھے بلکہ اُن سب لوگوں کو بھی جو اُن کے ظہور کے منتظر رہتے ہیں۔‏

9 میرے پاس جلد از جلد آنے کی کوشش کریں۔ 10 دیماس نے مجھے چھوڑ دیا ہے کیونکہ وہ اِس دُنیا*‏ سے محبت کرنے لگا ہے اور تھسلُنیکے چلا گیا ہے جبکہ کریسکنس، گلتیہ گئے ہیں اور طِطُس، دلمتیہ گئے ہیں۔ 11 صرف لُوقا میرے پاس ہیں۔ مرقس کو بھی اپنے ساتھ لیتے آئیں کیونکہ وہ خدا کی خدمت کرنے میں میرے بڑے کام آتے ہیں۔ 12 مَیں نے تخِکُس کو اِفسس بھیج دیا ہے۔ 13 جب آپ آئیں تو وہ چوغہ لیتے آئیں جو مَیں نے تروآس میں کرپس کے پاس چھوڑا تھا اور ہاں، طومار*‏ بھی لیتے آئیں، خاص طور پر چمڑے کے طومار۔‏

14 تانبے کے کاریگر سکندر نے مجھے بہت نقصان پہنچایا ہے۔ یہوواہ*‏ اُسے اُس کے کاموں کے مطابق بدلہ دے گا۔ 15 اُس سے خبردار رہیں کیونکہ اُس نے ہمارے پیغام کی بہت زیادہ مخالفت کی۔‏

16 میری پہلی پیشی کے وقت کوئی بھی میرے ساتھ نہیں تھا، سب نے میرا ساتھ چھوڑ دیا۔ دُعا ہے کہ خدا اُنہیں اِس کے لیے جواب‌دہ نہ ٹھہرائے۔ 17 لیکن ہمارے مالک نے میری مدد کی اور مجھے طاقت بخشی تاکہ میرے ذریعے مُنادی کا کام اچھی طرح سے انجام دیا جائے اور سب قوموں تک خوش‌خبری پہنچ جائے۔ اُنہوں نے مجھے شیر کے مُنہ سے بھی بچایا۔ 18 وہ مجھے ہر طرح کی بُرائی سے بچائیں گے اور اپنی آسمانی بادشاہت کے لیے محفوظ رکھیں گے۔ اُن کی بڑائی ہمیشہ ہمیشہ تک ہو۔ آمین۔‏

19 پرِسکہ اور اکوِلہ کو میرا سلام دیں اور اُنیسِفرس کے گھر والوں کو بھی۔‏

20 اِراستُس، کُرنتھس میں رُک گئے اور تروفیمس کو مَیں نے میلیتُس میں چھوڑ دیا کیونکہ وہ بیمار تھے۔ 21 سردی کا موسم شروع ہونے سے پہلے میرے پاس پہنچنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔‏

یُوبولُس، پُودینس، لینُس، کلودیہ اور یہاں کے سب بہن بھائیوں کی طرف سے سلام۔‏

22 جو جذبہ*‏ آپ ظاہر کرتے ہیں، اُس پر ہمارے مالک کی برکت ہو۔ اُن کی عظیم رحمت آپ کے ساتھ رہے۔‏

یا ”‏فائدہ‌مند؛ صحت‌بخش“‏

یا ”‏خاکے“‏

‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏

یا شاید ”‏روزمرہ کاموں“‏

یونانی میں:‏ ”‏تاج“‏

یا ”‏اچھی طرح سے گواہی“‏

‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏

‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏

یا ”‏مخصوص“‏

یا ”‏امن“‏

یا ”‏اپنی پیدائش“‏

یا ”‏فائدہ‌مند؛ صحت‌بخش“‏

یا ”‏زمانے“‏

یا ”‏کتاب“‏

‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏

یونانی میں:‏ ”‏روح“‏

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں