تیمُتھیُس کے نام پہلا خط
1 پولُس کی طرف سے جسے ہمارے نجاتدہندہ خدا اور ہماری اُمید کی بنیاد، مسیح یسوع کے حکم سے مسیح یسوع کا رسول مقرر کِیا گیا ہے، 2 تیمُتھیُس* کے نام جو ایمان کے لحاظ سے میرا حقیقی بیٹا ہے:
ہمارا باپ خدا اور ہمارے مالک مسیح یسوع آپ کو عظیم رحمت اور مہربانی اور اِطمینان عطا کریں۔
3 جب مَیں مقدونیہ جانے والا تھا تو مَیں نے آپ کو اِفسس میں رہنے کی نصیحت کی تھی اور اب بھی مَیں آپ کو یہی نصیحت کر رہا ہوں تاکہ آپ بھائیوں کو حکم دیں کہ کوئی اَور تعلیم نہ دیں 4 اور جھوٹی کہانیوں اور سلسلۂنسب پر دھیان نہ دیں کیونکہ ایسی باتوں کا کوئی فائدہ نہیں۔ اِن کا اُن چیزوں سے کوئی تعلق نہیں جو خدا ایمان کو مضبوط کرنے کے لیے دیتا ہے بلکہ اِن سے صرف سوال اُٹھتے ہیں۔ 5 مَیں آپ کو یہ ہدایت* اِس لیے دے رہا ہوں تاکہ ہم خلوصِدل، صاف ضمیر اور بےریا ایمان کے ساتھ ایک دوسرے سے محبت کریں۔ 6 کچھ لوگ اِن باتوں کو چھوڑ کر فضول باتوں میں لگ گئے ہیں۔ 7 وہ شریعت کے اُستاد تو بننا چاہتے ہیں لیکن اُن باتوں کو نہیں سمجھتے جو وہ اپنے مُنہ سے کہتے ہیں اور جن پر وہ بڑے اِعتماد سے اِصرار کرتے ہیں۔
8 ہم جانتے ہیں کہ شریعت اچھی ہے بشرطیکہ اِسے یہ سمجھ کر صحیح طور پر لاگو کِیا جائے کہ 9 شریعت نیک لوگوں کے لیے نہیں بنائی گئی بلکہ اُن لوگوں کے لیے جو بُرے، باغی، نافرمان، گُناہگار اور بےوفا ہیں، جو پاک چیزوں کو حقیر جانتے ہیں اور ماں باپ کے قاتل ہیں، جو خونی، 10 حرامکار،* ہمجنسپرست* اور جھوٹے ہیں، جو دوسروں کو اغوا کرتے ہیں اور جھوٹی قسم کھاتے ہیں اور ہر وہ کام کرتے ہیں جو صحیح* تعلیم کے خلاف ہے۔ 11 اور یہ تعلیم ہمارے خوشدل خدا کی اُس شاندار خوشخبری کے مطابق ہے جو مجھے دی گئی ہے۔
12 مَیں اپنے مالک مسیح یسوع کا جنہوں نے مجھے طاقت بخشی، بہت شکرگزار ہوں کیونکہ اُنہوں نے مجھے قابلِبھروسا سمجھ کر ایک خاص خدمت دی 13 حالانکہ مَیں پہلے کفر بکتا تھا، لوگوں کو اذیت پہنچاتا تھا اور بہت بدتمیز تھا۔ اِس کے باوجود مجھ پر رحم کِیا گیا کیونکہ مَیں نے جو کچھ کِیا، وہ جہالت اور ایمان کی کمی کی وجہ سے کِیا۔ 14 لیکن مجھے مالک کی عظیم رحمت کثرت سے حاصل ہوئی اور اُس کی طرف سے ایمان اور وہ محبت بھی ملی جس کا تعلق مسیح یسوع سے ہے۔ 15 یہ بات سچی اور قابلِبھروسا ہے کہ مسیح یسوع گُناہگاروں کو نجات دِلانے کے لیے دُنیا میں آئے۔ اور مَیں تو سب سے بڑا گُناہگار ہوں۔ 16 اِس کے باوجود مجھ پر رحم کِیا گیا تاکہ مجھ جیسے گُناہگار کے ذریعے مسیح یسوع اپنا صبر ظاہر کریں اور اُن لوگوں کے لیے مثال قائم کریں جو ہمیشہ کی زندگی حاصل کرنے کے لیے اُن پر ایمان رکھتے ہیں۔
17 ابدیت کے بادشاہ اور غیرفانی اور اَندیکھے اور واحد خدا کی عزت اور تعظیم ہمیشہ ہمیشہ تک ہو۔ آمین۔
18 بیٹا تیمُتھیُس، مَیں آپ کو یہ ہدایت* اُن پیشگوئیوں کے مطابق دے رہا ہوں جو آپ کے بارے میں کی گئی تھیں تاکہ آپ اچھی جنگ جاری رکھیں 19 اور صاف ضمیر اور ایمان کو تھامے رکھیں۔ کچھ لوگوں نے اِن چیزوں کو رد کر دیا جس کے نتیجے میں اُن کے ایمان کا بیڑا غرق ہو گیا۔ 20 اِن لوگوں میں ہِمنیُس اور سکندر بھی شامل ہیں۔ مَیں نے اُنہیں شیطان کے حوالے کر دیا ہے تاکہ اُنہیں سبق ملے کہ اُنہیں کفر نہیں بکنا چاہیے۔
2 سب سے پہلے تو مَیں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ خدا کے حضور ہر طرح کے لوگوں کے لیے اِلتجائیں، دُعائیں، درخواستیں اور شکرگزاری کریں۔ 2 اِس طرح کی دُعائیں بادشاہوں اور اُونچے عہدے پر فائز لوگوں* کے لیے بھی کریں تاکہ ہم سکون اور اِطمینان سے زندگی گزار سکیں، خدا کی بندگی کر سکیں اور ہر معاملے میں سنجیدگی سے کام لے سکیں۔ 3 ایسی دُعائیں ہمارے نجاتدہندہ خدا کی نظر میں اچھی اور پسندیدہ ہیں 4 جس کی مرضی ہے کہ ہر طرح کے لوگ نجات پائیں اور سچائی کے بارے میں صحیح علم حاصل کریں۔ 5 کیونکہ خدا ایک ہے اور خدا اور اِنسان کے بیچ درمیانی بھی ایک ہے یعنی مسیح یسوع جو وہ آدمی تھے 6 جس نے اپنی جان دے کر سب* لوگوں کی رِہائی کے لیے پورا فدیہ فراہم کِیا۔ اِس بات کی گواہی مقررہ وقت پر دی جائے گی۔ 7 اور یہی گواہی دینے کے لیے مجھے مُناد اور رسول مقرر کِیا گیا ہے۔ ہاں، مجھے قوموں کو ایمان اور سچائی کے بارے میں تعلیم دینے کے لیے مقرر کِیا گیا ہے۔ مَیں بالکل سچ بول رہا ہوں، جھوٹ نہیں بول رہا۔
8 مَیں چاہتا ہوں کہ کلیسیا* جہاں بھی جمع ہو وہاں آدمی وفاداری سے ہاتھ اُٹھا کر دُعا کریں اور غصہ اور بحثوتکرار نہ کریں۔ 9 اِسی طرح مَیں چاہتا ہوں کہ عورتیں مہذب لباس پہنیں اور حیاداری اور سمجھداری سے خود کو سنواریں۔ اُنہیں بال گُوندھنے، سونے اور موتیوں کے زیورات یا مہنگے مہنگے کپڑے پہننے سے خود کو نہیں سنوارنا چاہیے 10 بلکہ اچھے کاموں سے جیسا کہ اُن عورتوں کے لیے مناسب ہے جو کہتی ہیں کہ وہ خدا کی بندگی کرتی ہیں۔
11 عورتوں کو چاہیے کہ خاموشی اور تابعداری سے سیکھیں۔ 12 مَیں کسی عورت کو یہ اِجازت نہیں دیتا کہ تعلیم دے یا کسی آدمی پر اِختیار رکھے بلکہ خاموش رہے۔ 13 کیونکہ پہلے آدم کو بنایا گیا اور پھر حوا کو 14 اور آدم نے دھوکا نہیں کھایا بلکہ عورت نے دھوکا کھایا اور گُناہگار بن گئی۔ 15 لیکن عورتیں ماں بن کر محفوظ* رہیں گی بشرطیکہ وہ ایمان، محبت، پاکیزگی اور سمجھداری سے زندگی گزارتی رہیں۔
3 بےشک اگر ایک آدمی نگہبان بننے کی کوشش کرتا ہے تو وہ ایک اچھے کام کی خواہش رکھتا ہے۔ 2 نگہبان کو اِلزام سے پاک، ایک بیوی کا شوہر، اچھی عادتوں کا مالک، سمجھدار، مہذب، مہماننواز* اور تعلیم دینے کے لائق ہونا چاہیے۔ 3 اُسے شرابی نہیں ہونا چاہیے، اُسے متشدد نہیں ہونا چاہیے بلکہ نرممزاج* ہونا چاہیے، اُسے جھگڑالو بھی نہیں ہونا چاہیے اور نہ ہی پیسے سے پیار کرنا چاہیے۔ 4 اُسے اپنے گھر والوں کی اچھی طرح سے پیشوائی کرنی چاہیے اور اُس کے بچوں کو تابعدار اور تمیزدار ہونا چاہیے۔ 5 (کیونکہ اگر ایک آدمی اپنے گھر والوں کی پیشوائی نہیں کر سکتا تو وہ خدا کی کلیسیا* کی دیکھبھال کیسے کرے گا؟) 6 وہ ایسا شخص نہ ہو جو نیا نیا شاگرد بنا ہو تاکہ کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ مغرور بن جائے اور اُسے ویسی ہی سزا سنائی جائے جیسی اِبلیس کو سنائی گئی۔ 7 اِس کے علاوہ اُسے دُنیا کے لوگوں میں نیک نام ہونا چاہیے تاکہ اُس پر اُنگلی نہ اُٹھائی جا سکے اور وہ اِبلیس کے پھندے میں نہ پھنسے۔
8 اِسی طرح کلیسیا کے خادموں کو سنجیدہ ہونا چاہیے، اُنہیں دھوکےباز* نہیں ہونا چاہیے، بہت زیادہ مے نہیں پینی چاہیے اور اپنا فائدہ حاصل کرنے کا لالچ نہیں رکھنا چاہیے۔ 9 اِس کے علاوہ اُنہیں صاف ضمیر کے ساتھ ایمان کے مُقدس راز کو تھامے رکھنا چاہیے۔
10 پہلے اُنہیں پرکھا جائے اور اگر وہ لائق ثابت ہوں تو اُنہیں کلیسیا کے خادموں کے طور پر مقرر کِیا جائے بشرطیکہ وہ بےاِلزام ہوں۔
11 اِسی طرح عورتوں کو سنجیدہ ہونا چاہیے، جھوٹی باتیں نہیں پھیلانی چاہئیں، اچھی عادتوں کا مالک ہونا چاہیے اور ہر معاملے میں وفادار ہونا چاہیے۔
12 کلیسیا کے خادموں کو ایک بیوی کا شوہر ہونا چاہیے اور اپنے بچوں اور گھر والوں کی اچھی طرح پیشوائی کرنی چاہیے۔ 13 کیونکہ جو آدمی اچھی طرح خدمت کرتے ہیں، وہ نیکنامی حاصل کرتے ہیں اور مسیح یسوع پر ایمان کے سلسلے میں دلیری سے بول سکتے ہیں۔
14 اُمید ہے کہ مَیں جلد ہی آپ کے پاس آؤں گا۔ مَیں آپ کو یہ باتیں اِس لیے لکھ رہا ہوں 15 تاکہ اگر مجھے دیر ہو جائے تو آپ کو معلوم ہو کہ آپ کا چالچلن خدا کے گھرانے میں کیسا ہونا چاہیے اور یہ گھرانہ زندہ خدا کی کلیسیا ہے جو سچائی کا ستون اور فصیل ہے۔ 16 خدا کی بندگی کا یہ مُقدس راز واقعی بہت عظیم ہے: ”وہ اِنسانی جسم میں ظاہر ہوا، وہ روحانی جسم میں نیک ٹھہرایا گیا، وہ فرشتوں پر ظاہر ہوا، قوموں میں اُس کی مُنادی کی گئی، دُنیا میں اُس پر ایمان لایا گیا، شان سے اُسے آسمان پر اُٹھایا گیا۔“
4 لیکن خدا کی روح نے واضح طور پر بتایا ہے کہ مستقبل میں کچھ لوگ ایمان سے پھر جائیں گے اور جھوٹے روحانی پیغاموں* اور بُرے فرشتوں کی تعلیم پر دھیان دیں گے۔ 2 یہ ایسے آدمیوں کی ریاکاری کی وجہ سے ہوگا جو جھوٹ بولتے ہیں اور جن کا ضمیر سُن ہو گیا ہے گویا اِسے گرم لوہے سے داغا گیا ہو۔ 3 یہ آدمی شادی کرنے سے منع کرتے ہیں اور ایسے کھانوں سے پرہیز کرنے کا حکم دیتے ہیں جو خدا نے اِس لیے بنائے ہیں تاکہ جو لوگ ایمان رکھتے ہیں اور سچائی سے اچھی طرح واقف ہیں، اِن کھانوں کو شکر کر کے کھائیں۔ 4 سچ تو یہ ہے کہ خدا نے جو کچھ بھی بنایا ہے، وہ عمدہ ہے۔ اِس لیے اگر کسی کھانے کی چیز پر شکر ادا کِیا گیا ہے تو اِسے رد نہیں کرنا چاہیے 5 کیونکہ یہ خدا کے کلام اور دُعا کی وجہ سے پاک ہے۔
6 اگر آپ بھائیوں کو یہ نصیحت کریں گے تو آپ مسیح یسوع کے اچھے خادم ہوں گے یعنی ایک ایسے خادم جس نے خدا کے کلام اور اُس تعلیم کے مطابق تربیت پائی ہے جس پر آپ نے بڑی احتیاط سے عمل کِیا ہے۔ 7 لیکن ایسی توہینآمیز جھوٹی کہانیوں کو رد کریں جیسی بوڑھی عورتیں سناتی ہیں۔ اِس کی بجائے خدا کی بندگی کرنے کا عزم کریں اور اِس سلسلے میں اپنی تربیت کریں۔ 8 کیونکہ جسمانی تربیت* کا تھوڑا سا فائدہ ہے لیکن خدا کی بندگی ہر معاملے میں فائدہمند ہے کیونکہ اِس کے ذریعے نہ صرف اب برکتیں ملتی ہیں بلکہ مستقبل میں بھی ملیں گی۔ 9 یہ بات سچی اور قابلِبھروسا ہے۔ 10 اِس لیے ہم سخت محنت اور پوری کوشش کر رہے ہیں کیونکہ ہم زندہ خدا پر اُمید رکھتے ہیں جو ہر طرح کے لوگوں کا نجاتدہندہ ہے، خاص طور پر اُن کا جو اُس کے وفادار ہیں۔
11 بہن بھائیوں کو یہ حکم اور یہ تعلیم دیتے رہیں 12 اور اِس بات کا دھیان رکھیں کہ کوئی آپ کو آپ کی کمعمری کی وجہ سے حقیر نہ جانے۔ اِس کی بجائے اپنی باتوں، چالچلن، محبت، ایمان اور پاکیزگی سے اُن لوگوں کے لیے مثال قائم کریں جو خدا کے وفادار ہیں۔ 13 جب تک مَیں نہ آؤں تب تک نصیحت* کرنے، تعلیم دینے اور صحیفوں کی تلاوت کرنے میں لگے رہیں۔ 14 اپنی اُس نعمت کو نظرانداز نہ کریں جو ایک پیشگوئی کے مطابق آپ کو اُس وقت دی گئی جب بزرگوں کی جماعت نے آپ پر ہاتھ رکھے۔ 15 اِن باتوں پر سوچ بچار کریں، اِن میں مگن رہیں تاکہ سب لوگ دیکھ سکیں کہ آپ پختگی حاصل کر رہے ہیں۔ 16 اپنی شخصیت اور اُس تعلیم پر دھیان دیں جو آپ دوسروں کو دیتے ہیں۔ اِن کاموں میں لگے رہیں کیونکہ اِس طرح آپ خود کو اور اُن لوگوں کو بچا لیں گے جو آپ کی بات سنتے ہیں۔
5 بوڑھے آدمیوں سے سختی سے بات نہ کریں بلکہ اُنہیں باپ سمجھ کر پیار سے سمجھائیں۔ اِسی طرح جوان آدمیوں کو بھائی سمجھ کر، 2 بوڑھی عورتوں کو ماں سمجھ کر اور جوان عورتوں کو صافدل سے بہن سمجھ کر پیار سے سمجھائیں۔
3 اُن بیواؤں کی عزت کریں جو واقعی بیوہ ہیں۔* 4 لیکن اگر کسی بیوہ کے بچے ہوں یا بچوں کے بچے ہوں تو اُن کو چاہیے کہ وہ پہلے اپنے گھر میں خدا کے اصولوں پر عمل کریں* اور اپنے والدین اور دادا دادی اور نانا نانی کا حق ادا کریں کیونکہ یہ خدا کو پسند ہے۔ 5 جو عورت واقعی بیوہ اور بےسہارا ہے، وہ خدا پر اُمید رکھتی ہے اور دن رات اِلتجائیں اور دُعائیں کرتی ہے۔ 6 لیکن جو بیوہ عیشوآرام کی زندگی گزارنے میں مگن ہے، وہ زندہ ہونے کے باوجود مُردہ ہے۔ 7 لہٰذا اُن کو یہ ہدایتیں* دیتے رہیں تاکہ کوئی اُن پر اُنگلی نہ اُٹھا سکے۔ 8 بےشک اگر کوئی شخص اپنوں کی اور خاص طور پر اپنے گھر والوں کی ضرورتیں پوری نہیں کرتا تو وہ ایمان سے پھر گیا ہے اور غیرایمان شخص سے زیادہ بُرا ہے۔
9 اُس بیوہ کو بیواؤں کی فہرست میں شامل کریں جس کی عمر 60 (ساٹھ) سال سے اُوپر ہو، جو ایک شوہر کی بیوی رہ چکی ہو، 10 جو اچھے کام کرنے کے لیے مشہور ہو، جس نے بچوں کی پرورش کی ہو، جس نے مہماننوازی کی ہو، جس نے مُقدسوں کے پاؤں دھوئے ہوں، جس نے مصیبتزدہ لوگوں کی مدد کی ہو اور جو ہر طرح کے نیک کام کرنے میں مصروف رہی ہو۔
11 لیکن جوان بیواؤں کو بیواؤں کی فہرست میں شامل نہ کریں کیونکہ جب اُن کی جنسی خواہشیں مسیح کی خدمت کی راہ میں حائل ہو جاتی ہیں تو وہ شادی کرنا چاہتی ہیں۔ 12 یوں وہ قصوروار ٹھہرتی ہیں کیونکہ وہ اپنا وعدہ توڑ دیتی ہیں۔ 13 اِس کے ساتھ ساتھ وہ بےکار رہنے اور گھر گھر پھرنے کی عادی ہو جاتی ہیں اور نہ صرف بےکار رہنے کی بلکہ فضول باتیں کرنے، دوسروں کے معاملوں میں دخل دینے اور نامناسب باتیں کرنے کی بھی۔ 14 اِس لیے مَیں چاہتا ہوں کہ جوان بیوائیں شادی کریں، ماں بنیں اور گھر سنبھالیں تاکہ مخالفوں کو اُن پر اُنگلی اُٹھانے کا موقع نہ ملے۔ 15 دراصل کچھ بیوائیں گمراہ ہو گئی ہیں اور شیطان کی پیروی کرنے لگی ہیں۔ 16 اگر کسی مسیحی عورت کے خاندان میں بیوائیں ہوں تو اُسے چاہیے کہ اُن کی مدد کرے تاکہ کلیسیا* پر بوجھ نہ پڑے۔ اِس طرح کلیسیا اُن عورتوں کی مدد کر سکے گی جو واقعی بیوہ ہیں۔*
17 جو بزرگ اچھی طرح پیشوائی کرتے ہیں، اُن کی دُگنی عزت کی جائے، خاص طور پر اُن کی جو خدا کے کلام کے بارے میں بات کرنے اور تعلیم دینے میں سخت محنت کر رہے ہیں۔ 18 کیونکہ صحیفوں میں لکھا ہے کہ ”جب بیل اناج کو گاہتا* ہے تو اُس کا مُنہ نہ باندھا جائے“ اور یہ بھی لکھا ہے کہ ”مزدور کا حق ہے کہ اُسے مزدوری دی جائے۔“ 19 جب کلیسیا کے کسی بزرگ پر اِلزام لگایا جائے تو تب تک اِس اِلزام پر یقین نہ کریں جب تک دو یا تین گواہ اِس کی تصدیق نہ کریں۔ 20 تمام حاضرین کے سامنے اُن لوگوں کی درستی کریں جو عادتاً گُناہ کرتے ہیں تاکہ باقی لوگوں کو عبرت حاصل ہو۔ 21 مَیں خدا اور مسیح یسوع اور چُنے ہوئے فرشتوں کے سامنے آپ کو سنجیدگی سے حکم دیتا ہوں کہ اِن ہدایتوں پر طرفداری اور تعصب کیے بغیر عمل کریں۔
22 کسی آدمی کو کلیسیا کی خدمت کے لیے مقرر کرنے میں جلدبازی نہ کریں۔* دوسروں کے گُناہوں میں شریک نہ ہوں۔ اپنا چالچلن پاک رکھیں۔
23 چونکہ آپ کا پیٹ خراب رہتا ہے اور آپ اکثر بیمار رہتے ہیں اِس لیے صرف پانی نہ پیا کریں بلکہ تھوڑی سی مے بھی پیا کریں۔
24 کچھ لوگوں کے گُناہوں کا سب کو پتہ ہوتا ہے اور اُنہیں فوراً سزا ملتی ہے جبکہ دوسرے لوگوں کے گُناہوں کا بعد میں پتہ چلتا ہے۔ 25 اِسی طرح کچھ نیک کاموں کا سب کو پتہ ہوتا ہے اور جن نیک کاموں کا پتہ نہیں ہوتا، وہ چھپے نہیں رہ سکتے۔
6 جو لوگ غلام ہیں، اُنہیں چاہیے کہ اپنے مالکوں کی عزت کریں تاکہ خدا کے نام اور اُس کی تعلیم کی بدنامی نہ ہو۔ 2 اور جن غلاموں کے مالک اُن کے ہمایمان ہوں، اُن غلاموں کو اپنے مالکوں سے بدتمیزی نہیں کرنی چاہیے کیونکہ وہ اُن کے بھائی ہیں۔ اِس کی بجائے اُنہیں زیادہ شوق سے اپنے مالکوں کی خدمت کرنی چاہیے کیونکہ جو لوگ اُن کی خدمت سے فائدہ اُٹھا رہے ہیں، وہ اُن کے ہمایمان اور عزیز بھائی ہیں۔
اِن باتوں کے بارے میں تعلیم دیتے رہیں اور نصیحت کرتے رہیں۔ 3 جو آدمی کوئی اَور تعلیم دے اور اُس صحیح* تعلیم سے متفق نہ ہو جو ہمارے مالک یسوع مسیح کی طرف سے ہے اور اُس تعلیم کو نہ مانے جس کے ذریعے ہم خدا کی بندگی کرنا سیکھتے ہیں، 4 وہ مغرور ہے اور کچھ نہیں سمجھتا۔ اُسے لفظوں کے بارے میں بحثوتکرار کرنے کا جنون ہے۔ اِن باتوں سے حسد، لڑائی جھگڑے، بدزبانی، بدگمانی 5 اور چھوٹی چھوٹی باتوں پر بحث کو فروغ ملتا ہے۔ اور ایسی بحث وہ آدمی کرتے ہیں جن کی سوچ بگڑی ہوئی ہے اور جو سچائی سے محروم ہیں کیونکہ وہ سوچتے ہیں کہ خدا کی بندگی کرنے سے وہ ذاتی فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔ 6 بےشک خدا کی بندگی کرنے کا بڑا فائدہ ہے بشرطیکہ ہم اُن چیزوں پر راضی رہیں جو ہمارے پاس ہیں۔ 7 ہم خالی ہاتھ دُنیا میں آئے ہیں اور خالی ہاتھ چلے جائیں گے۔ 8 لہٰذا اگر ہمارے پاس روٹی اور کپڑے* ہیں تو ہم اِن چیزوں پر راضی رہیں گے۔
9 لیکن جو لوگ امیر بننے پر تُلے ہیں، وہ آزمائشوں اور پھندوں اور بہت سی ایسی فضول اور نقصاندہ خواہشوں میں پھنس گئے ہیں جو اِنسانوں کو تباہی اور بربادی کے دریا میں غرق کر دیتی ہیں۔ 10 کیونکہ پیسے سے پیار ہر طرح کی بُرائی کی جڑ ہے اور اِس پیار کو پانے کی جستجو میں کچھ لوگ ایمان سے پھر گئے ہیں۔ اور اُنہوں نے اپنے پورے جسم کو گھائل کر لیا ہے اور شدید درد میں مبتلا ہیں۔
11 لیکن آپ تو خدا کے بندے ہیں اِس لیے اِن چیزوں سے بھاگیں اور نیکی، خدا کی بندگی، ایمان، محبت، ثابتقدمی اور نرممزاجی کی جستجو کریں۔ 12 ایمان کی اچھی کُشتی لڑیں اور ہمیشہ کی زندگی کی اُس اُمید کو مضبوطی سے تھامے رکھیں جس کے لیے آپ کو بلایا گیا ہے اور جس کا آپ نے بہت سے گواہوں کے سامنے اِقرار کِیا ہے۔
13 مَیں خدا کے حضور جو سب کو زندہ رکھتا ہے اور مسیح یسوع کے حضور جنہوں نے پُنطیُس پیلاطُس کے سامنے اپنے ایمان کا اِقرار کِیا، آپ کو حکم دیتا ہوں کہ 14 ہمارے مالک یسوع مسیح کے ظہور تک میری باتوں پر اِس طرح عمل کریں کہ آپ بےداغ اور بےاِلزام رہیں۔ 15 اِس خوشدل اور واحد حکمران کا ظہور مقررہ وقت پر ہوگا۔ وہ بادشاہوں کا بادشاہ اور مالکوں کا مالک ہے 16 اور صرف اُسے غیرفانی زندگی دی گئی ہے۔ وہ ایسی روشنی میں رہتا ہے جہاں کوئی نہیں جا سکتا۔ اُسے کسی نے نہیں دیکھا اور نہ ہی دیکھ سکتا ہے۔ اُسے عزت اور ابدی قدرت حاصل ہو۔ آمین۔
17 اُن لوگوں کو جو اِس زمانے میں امیر ہیں، ہدایت* دیں کہ مغرور نہ ہوں اور دولت سے اُمید نہ لگائیں جو آنی جانی ہے بلکہ خدا سے اُمید لگائیں جو ہمیں وہ سب چیزیں کثرت سے دیتا ہے جن سے ہم لطف اُٹھاتے ہیں۔ 18 اُنہیں بتائیں کہ بھلائی کریں، نیک کاموں میں امیر بنیں، فراخدل ہوں اور اپنی چیزیں دوسروں کے ساتھ بانٹنے کے لیے تیار رہیں 19 کیونکہ اِس طرح وہ اپنے لیے خزانہ جمع کریں گے یعنی اِس طرح وہ مستقبل کے لیے ایک اچھی بنیاد ڈالیں گے تاکہ حقیقی زندگی کو مضبوطی سے تھام سکیں۔
20 بیٹا تیمُتھیُس، اُس امانت کی حفاظت کریں جو آپ کے سپرد کی گئی ہے۔ ایسی فضول تقریروں پر دھیان نہ دیں جن میں پاک چیزوں کی توہین کی جاتی ہے اور نہ ہی اُس نام نہاد علم پر توجہ دیں جس میں اِختلافات ہی اِختلافات پائے جاتے ہیں 21 کیونکہ کچھ لوگ اِس علم کا دِکھاوا کرنے کی وجہ سے ایمان سے پھر گئے ہیں۔
خدا کی عظیم رحمت آپ کے ساتھ رہے۔
اِس کا مطلب ہے: ”خدا کی تعظیم کرنے والا۔“
یا ”حکم“
”الفاظ کی وضاحت“ میں ”حرامکاری“ کو دیکھیں۔
یا ”مردوں کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کرنے والے مرد“
یا ”فائدہمند؛ صحتبخش“
یا ”حکم“
یا ”اِختیار والوں“
یا ”ہر طرح کے“
یا ”جماعت“
غالباً روحانی طور پر محفوظ
یا ”ملنسار“
یا ”لچکدار؛ لحاظ کرنے والا“
یا ”جماعت“
یونانی میں: ”دو زبان“
یونانی میں: ”جھوٹی روحوں“
یا ”ورزش“
یا ”حوصلہافزائی“
یا ”جو واقعی ضرورتمند ہیں۔“ یعنی ایسی بیوائیں جو بےسہارا ہیں۔
یا ”خدا کی بندگی کریں“
یا ”حکم“
یا ”جماعت“
یا ”جو واقعی ضرورتمند ہیں۔“ یعنی ایسی بیوائیں جو بےسہارا ہیں۔
یہ ایک ایسا عمل ہے جس میں اناج کو بھوسے سے الگ کِیا جاتا ہے۔
یا ”کسی آدمی پر ہاتھ رکھنے میں جلدبازی نہ کریں۔“
یا ”فائدہمند؛ صحتبخش“
یا ”ٹھکانا“
یا ”حکم“