یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • ت‌ن‌د 2-‏تھسلُنیکیوں 1:‏1-‏3:‏18
  • 2-‏تھسلُنیکیوں

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • 2-‏تھسلُنیکیوں
  • کتابِ‌مُقدس—‏ترجمہ نئی دُنیا
کتابِ‌مُقدس—‏ترجمہ نئی دُنیا
2-‏تھسلُنیکیوں

تھسلُنیکیوں کے نام دوسرا خط

1 پولُس، سِلوانُس*‏ اور تیمُتھیُس کی طرف سے تھسلُنیکے کی کلیسیا*‏ کے نام جو ہمارے باپ خدا اور ہمارے مالک یسوع مسیح کے ساتھ متحد ہے:‏

2 ہمارا باپ خدا اور ہمارے مالک یسوع مسیح آپ کو عظیم رحمت اور سلامتی عطا کریں۔‏

3 بھائیو، ہمارا فرض ہے کہ ہمیشہ آپ کے لیے خدا کا شکر کریں۔ اور یہ مناسب بھی ہے کیونکہ آپ کے ایمان میں اِضافہ ہوتا جا رہا ہے اور آپ کے دل میں ایک دوسرے کے لیے محبت بڑھتی جا رہی ہے۔ 4 لہٰذا ہم خدا کی کلیسیاؤں میں فخر سے آپ کے بارے میں بات کرتے ہیں کیونکہ آپ اذیتوں اور مصیبتوں کا سامنا کرنے کے باوجود ثابت‌قدم رہے ہیں اور ایمان ظاہر کر رہے ہیں۔ 5 یہ اِس بات کا ثبوت ہے کہ خدا راست فیصلے کرتا ہے اور اِسی لیے اُس نے آپ کو اپنی بادشاہت میں داخل ہونے کے لیے بلا‌یا ہے جس کے لیے آپ اذیت اُٹھا رہے ہیں۔‏

6 دراصل خدا کی نظر میں مناسب ہے کہ اُن لوگوں پر مصیبت لائے جو آپ پر مصیبت لاتے ہیں۔ 7 لیکن آپ لوگوں کو جو مصیبتوں کا سامنا کر رہے ہیں، اُس وقت ہمارے ساتھ آرام ملے گا جب مالک یسوع آسمان سے اپنے طاقت‌ور فرشتوں کے ساتھ بھڑکتی ہوئی آگ میں ظاہر ہوں گے 8 اور اُن لوگوں سے بدلہ لیں گے جو خدا کو نہیں جانتے اور اُن لوگوں سے بھی جو مالک یسوع کے بارے میں خوش‌خبری کو قبول نہیں کرتے۔ 9 ہاں، مالک اُن لوگوں کو ہمیشہ کی ہلاکت کی سزا سنائیں گے اور اُنہیں اپنے سامنے سے دُور کر دیں گے اور اپنی عظیم قدرت سے محروم کر دیں گے۔ 10 یہ اُس وقت ہوگا جب ہمارے مالک اپنے مُقدسوں کے ساتھ آئیں گے تاکہ اُن پر ایمان رکھنے والے لوگ حیران ہوں اور اُن کی بڑائی کریں۔ آپ بھی اُن لوگوں میں شامل ہوں گے کیونکہ آپ اُس گواہی پر ایمان رکھتے ہیں جو ہم نے آپ کو دی ہے۔‏

11 اِس لیے ہم ہمیشہ دُعا کرتے ہیں کہ ہمارا خدا آپ کو اُس زندگی کے لائق ٹھہرائے جس کے لیے اُس نے آپ کو بلا‌یا ہے اور اپنی طاقت سے وہ سب اچھے کام کرے جو اُس کو پسند ہیں اور اُن کاموں کو کامیاب بنائے جو آپ ایمان کی بِنا پر کرتے ہیں۔ 12 اِس طرح آپ کے ذریعے ہمارے مالک یسوع کے نام کی بڑائی ہوگی اور اُن کے ساتھ ساتھ آپ کی بھی بڑائی ہوگی۔ یہ سب ہمارے خدا اور ہمارے مالک یسوع مسیح کی عظیم رحمت کے مطابق ہوگا۔‏

2 بھائیو، جہاں تک اُس وقت کا تعلق ہے جب ہمارے مالک یسوع مسیح کی موجودگی ہوگی اور جب ہمیں اُن کے ساتھ رہنے کے لیے جمع کِیا جائے گا تو ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ 2 اگر کوئی دعویٰ کرے کہ یہوواہ*‏ کا دن آ گیا ہے تو فوراً اُلجھن میں نہ پڑیں اور پریشان نہ ہوں، چاہے ایسے دعوے کسی روحانی پیغام*‏ یا زبانی پیغام یا ایسے خط پر مبنی ہوں جس کے بارے میں کہا جائے کہ یہ ہماری طرف سے ہے۔‏

3 دیکھیں، کسی کی باتوں میں نہ آئیں کیونکہ وہ دن تب تک نہیں آئے گا جب تک برگشتگی نہیں آئے گی اور بُرائی کا شخص یعنی ہلاکت کا بیٹا ظاہر نہیں ہوگا۔ 4 وہ ایک دُشمن ہے اور اپنے آپ کو دیوتاؤں اور معبودوں سے بڑا بناتا ہے۔ یوں وہ خدا کی ہیکل*‏ میں بیٹھ کر سب کو دِکھاتا ہے کہ وہ خدا کی طرح ہے۔ 5 آپ کو یاد ہوگا کہ جب مَیں آپ کے ساتھ تھا تو مَیں آپ کو یہ باتیں بتایا کرتا تھا۔‏

6 آپ تو جانتے ہیں کہ کس نے اُس کا راستہ روکا ہوا ہے تاکہ وہ مقررہ وقت سے پہلے ظاہر نہ ہو۔ 7 دراصل یہ بُرائی ایک راز ہے اور ابھی بھی اپنا کام کر رہی ہے۔ لیکن یہ صرف اُس وقت تک راز رہے گی جب تک اِس کے راستے کی رُکاوٹ ہٹ نہیں جاتی۔ 8 اِس کے بعد بُرائی کا شخص ظاہر ہوگا جسے مالک یسوع اپنے مُنہ کی طاقت*‏ سے اُس وقت بے‌اثر کر دیں گے اور مار ڈالیں گے جب اُن کی موجودگی ظاہر ہوگی۔ 9 دراصل بُرائی کے شخص کی موجودگی کے پیچھے شیطان کا ہاتھ ہے جو اُسے طاقت دیتا ہے کہ حیرت‌انگیز کام کرے اور معجزے اور جھوٹی نشانیاں دِکھائے 10 اور ہر طرح کی بُرائی کے ذریعے اُن لوگوں کو دھوکا دے جنہیں سزا کے طور پر ہلاک کر دیا جائے گا کیونکہ اُنہوں نے اُس سچائی سے محبت نہیں کی جس کے ذریعے اُن کی جان بچ سکتی تھی۔ 11 لہٰذا خدا نے اُنہیں اِس لیے فریب کا شکار ہونے دیا تاکہ وہ جھوٹ پر یقین کریں 12 اور اُنہیں سزا دی جائے کیونکہ اُنہوں نے سچائی پر یقین نہیں کِیا بلکہ بُرائی کو پسند کِیا۔‏

13 بھائیو اور یہوواہ*‏ کے عزیزو، ہمارا فرض ہے کہ آپ کے لیے ہمیشہ خدا کا شکر کریں کیونکہ اُس نے آپ کو اپنی روح کے ذریعے مخصوص*‏ کر کے اور سچائی پر آپ کے ایمان کو دیکھ کر آپ کو نجات دِلانے کے لیے شروع سے چُنا۔ 14 اُس نے آپ کو اُس خوش‌خبری کی بِنا پر چُنا جو ہم سناتے ہیں تاکہ آپ ہمارے مالک یسوع مسیح جیسی شان حاصل کریں۔ 15 لہٰذا بھائیو، ثابت‌قدم رہیں اور اُن باتوں*‏ پر قائم رہیں جو آپ کو سکھائی گئی ہیں، چاہے وہ کسی زبانی پیغام پر مبنی ہوں یا ہمارے کسی خط پر۔ 16 ہماری دُعا ہے کہ ہمارے مالک یسوع مسیح اور ہمارا باپ خدا جو ہم سے محبت کرتا ہے اور جس نے اپنی عظیم رحمت کے ذریعے ہمیں ابدی تسلی اور شان‌دار اُمید دی ہے، 17 آپ کے دلوں کو تسلی دیں اور آپ کو مضبوط بنائیں تاکہ آپ ہمیشہ اچھی باتیں کہیں اور اچھے کام کریں۔‏

3 بھائیو، دُعا کرتے رہیں کہ ہمارے ذریعے یہوواہ*‏ کا کلام تیزی سے پھیلتا رہے اور لوگ اِس کی بڑائی کریں، بالکل ویسے ہی جیسے آپ کرتے ہیں۔ 2 یہ دُعا بھی کریں کہ خدا ہمیں بُرے اور غلط لوگوں سے بچائے کیونکہ سب لوگ ایمان نہیں رکھتے۔ 3 لیکن ہمارے مالک وعدے کے پکے*‏ ہیں۔ وہ آپ کو طاقت دیں گے اور شیطان*‏ سے محفوظ رکھیں گے۔ 4 مالک کے پیروکار ہونے کے ناتے ہمیں پورا بھروسا ہے کہ آپ ہماری ہدایتوں پر عمل کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ 5 دُعا ہے کہ ہمارے مالک آپ کے دلوں کی رہنمائی کرتے رہیں تاکہ آپ خدا سے محبت رکھیں اور مسیح کی خاطر ثابت‌قدم رہیں۔‏

6 بھائیو، اب ہم آپ کو اپنے مالک یسوع مسیح کے نام سے یہ ہدایت دے رہے ہیں کہ ایسے بہن بھائیوں کے ساتھ کوئی میل جول نہ رکھیں جو اپنی من‌مانی کر رہے ہیں اور اُن ہدایتوں*‏ پر عمل نہیں کر رہے جو ہم نے آپ*‏ کو دی ہیں۔ 7 آپ تو جانتے ہی ہیں کہ ہم نے آپ کے لیے کس طرح کی مثال قائم کی ہے۔ جب ہم آپ کے ساتھ تھے تو ہم نے نہ تو اپنی من‌مانی کی 8 اور نہ ہی کسی کے گھر سے مُفت کی روٹی کھائی بلکہ ہم نے دن رات محنت اور مشقت کی تاکہ آپ میں سے کسی پر مالی بوجھ نہ ڈالیں۔ 9 اِس کی وجہ یہ نہیں تھی کہ ہمیں آپ سے کچھ لینے کا حق نہیں تھا بلکہ اِس کی وجہ یہ تھی کہ ہم آپ کے لیے مثال قائم کرنا چاہتے تھے۔ 10 یاد ہے کہ جب ہم وہاں تھے تو ہم آپ سے کہا کرتے تھے کہ ”‏جو شخص کام نہیں کرنا چاہتا، وہ کھانا بھی نہ کھائے۔“‏ 11 لیکن ہم نے سنا ہے کہ آپ میں سے کچھ لوگ اپنی من‌مانی کر رہے ہیں۔ وہ کام کرنے کی بجائے ایسے معاملوں میں دخل دیتے ہیں جن سے اُن کا کوئی تعلق نہیں۔ 12 ایسے لوگوں کو ہم مالک یسوع مسیح کے نام سے حکم دیتے اور نصیحت کرتے ہیں کہ اپنے کام سے کام رکھیں اور اپنی کمائی سے روٹی کھائیں۔‏

13 بھائیو، جہاں تک آپ کا تعلق ہے، اچھے کام کرتے رہیں۔ 14 اگر کوئی شخص اِس خط میں لکھی باتوں پر عمل نہ کرے تو اُس سے خبردار رہیں*‏ اور اُس سے میل جول رکھنا بند کر دیں تاکہ وہ شرمندہ ہو۔ 15 لیکن اُسے دُشمن نہ سمجھیں بلکہ بھائی ہونے کے ناتے نصیحت کرتے رہیں۔‏

16 دُعا ہے کہ اِطمینان*‏ کا مالک آپ کو ہر معاملے میں اِطمینان عطا کرتا رہے اور آپ سب کے ساتھ رہے۔‏

17 مَیں پولُس، اپنے ہاتھ سے آپ کو سلام لکھ رہا ہوں۔ یہ میرے خطوں کی نشانی ہے اور مَیں اِسی طرح لکھتا ہوں۔‏

18 ہمارے مالک یسوع مسیح کی عظیم رحمت آپ سب کے ساتھ رہے۔‏

یعنی سیلاس

یا ”‏جماعت“‏

‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏

یونانی میں:‏ ”‏روح“‏

یعنی خدا کا گھر

یونانی میں:‏ ”‏روح“‏

‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏

یا ”‏پاک“‏

یونانی میں:‏ ”‏روایتوں“‏

‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏

یا ”‏وفادار“‏

یونانی میں:‏ ”‏بُری ہستی“‏

یونانی میں:‏ ”‏روایتوں“‏

یا شاید ”‏اُن“‏

یونانی میں:‏ ”‏اُس پر نشان لگائیں“‏

یا ”‏امن“‏

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں