سموئیل کی پہلی کتاب
31 فِلِستی اِسرائیلیوں سے جنگ لڑ رہے تھے۔ اِسرائیل کے آدمی فِلِستیوں کے سامنے سے بھاگ گئے اور اُن میں سے بہت سے کوہِجِلبوعہ پر مارے گئے۔ 2 فِلِستی ساؤل اور اُن کے بیٹوں کا پیچھا کرتے کرتے اُن کے بہت قریب پہنچ گئے۔اُنہوں نے ساؤل کے بیٹوں یونتن، ابینداب اور مَلکیشُوع کو مار ڈالا۔ 3 فِلِستی ساؤل کے خلاف اَور زیادہ شدت سے لڑنے لگے۔ تیراندازوں نے ساؤل کو دیکھ لیا اور اُنہیں بُری طرح زخمی کر دیا۔ 4 ساؤل نے اپنے ہتھیار اُٹھانے والے خادم سے کہا: ”اپنی تلوار نکالو اور اِسے میرے آر پار کر دو ورنہ یہ غیرمختون آدمی آ کر مجھے چھلنی کر دیں گے اور مجھ سے بےرحمی سے پیش آئیں گے۔“* لیکن اُن کا خادم اِس پر راضی نہیں ہوا کیونکہ وہ بہت ڈرا ہوا تھا۔ اِس لیے ساؤل نے تلوار نکالی اور اِس پر گِر گئے۔ 5 جب ساؤل کے ہتھیار اُٹھانے والے خادم نے دیکھا کہ ساؤل مر گئے ہیں تو وہ بھی اپنی تلوار پر گِرا اور اُن کے ساتھ مر گیا۔ 6 اِس طرح ساؤل، اُن کے تین بیٹے، اُن کے ہتھیار اُٹھانے والا خادم اور اُن کے سب آدمی اُس دن مر گئے۔ 7 جب اِسرائیل کے اُن لوگوں نے جو وادی کے علاقے میں اور اُردن* کے علاقے میں تھے، دیکھا کہ اِسرائیلی آدمی بھاگ گئے ہیں اور ساؤل اور اُن کے بیٹے مارے گئے ہیں تو وہ شہروں کو چھوڑ کر بھاگنے لگے۔ پھر فِلِستی آ کر اُن شہروں میں رہنے لگے۔
8 اگلے دن جب فِلِستی لاشوں کا سامان لُوٹنے آئے تو اُنہوں نے دیکھا کہ ساؤل اور اُن کے تینوں بیٹوں کی لاشیں کوہِجِلبوعہ پر پڑی ہیں۔ 9 اُنہوں نے ساؤل کا سر کاٹ دیا اور اُن کا جنگی لباس اُتار لیا۔ پھر اُنہوں نے فِلِستیوں کے سارے علاقے میں یہ پیغام بھیجا کہ یہ خبر اُن کے بُتوں کے مندروں* اور سب لوگوں تک پہنچائی جائے۔ 10 اِس کے بعد اُنہوں نے ساؤل کے جنگی لباس کو عستارات کے مندر* میں رکھ دیا اور اُن کی لاش کو شہر بیتشان کی دیوار پر ٹھونک دیا۔ 11 جب یبیسجِلعاد کے لوگوں نے سنا کہ فِلِستیوں نے ساؤل کے ساتھ کیا کِیا ہے 12 تو اُن کے سارے جنگجو اُٹھے اور ساری رات سفر کر کے بیتشان کی دیوار سے ساؤل اور اُن کے بیٹوں کی لاشیں اُتار لائے۔ یبیس واپس آ کر اُنہوں نے اِن لاشوں کو جلا دیا۔ 13 پھر اُنہوں نے اُن کی ہڈیوں کو یبیس میں جھاؤ کے درخت کے نیچے دفنا دیا اور سات دن تک روزہ رکھا۔