عبدیاہ
1 عبدیاہ* کو دِکھائی گئی رُویا:
اُنہوں نے ادوم کے بارے میں حاکمِاعلیٰ یہوواہ کا یہ پیغام سنایا:
”ہم نے یہوواہ کی طرف سے ایک خبر سنی ہے؛
قوموں کے بیچ ایک قاصد* بھیجا گیا ہے جو یہ پیغام سنا رہا ہے:
”اُٹھو! ادوم کے خلاف جنگ کی تیاری کریں۔““
2 خدا فرماتا ہے: ”دیکھ! مَیں نے تجھے قوموں کی نظر میں ناچیز بنا دیا ہے؛
تجھے بالکل دُھتکار دیا گیا ہے۔
3 تیرے گستاخ* دل نے تجھے دھوکا دیا ہے؛
تُو چٹان کے شگافوں میں بستا ہے،
بلندیوں پر رہتا ہے اور اپنے دل میں کہتا ہے:
”کون مجھے نیچے گِرا سکتا ہے؟““
4 یہوواہ فرماتا ہے: ”چاہے تُو عقاب کی طرح بلندیوں پر بسے*
یا ستاروں کے درمیان اپنا گھونسلا بنائے،
مَیں تجھے نیچے گِرا دوں گا۔
5 اگر تیرے ہاں چور آ جائیں، رات کو ڈاکو گُھس آئیں
تو کیا وہ صرف وہی چیزیں نہیں چُرائیں گے جو وہ چُرانا چاہتے ہیں؟
یا اگر تیرے ہاں انگور جمع کرنے والے آئیں
تو کیا وہ کچھ انگور پیچھے نہیں چھوڑ جائیں گے؟
(تجھے بڑی بُری طرح برباد کِیا جائے گا!)*
6 عیسُو! تجھے ڈھونڈ لیا گیا ہے!
تیرے چھپے ہوئے خزانے لُوٹ لیے گئے ہیں!
7 تیرے سب اِتحادیوں نے* تجھے دھوکا دیا ہے؛
وہ تجھے گھسیٹ کر اپنی سرحدوں تک لے گئے ہیں؛
جن کے ساتھ تُو صلح سے رہتا ہے، وہ تجھ پر غالب آئے ہیں؛
جن کے ساتھ تُو کھانا کھاتا ہے، وہ تیرے لیے جال بچھائیں گے
لیکن تجھے پتہ بھی نہیں چلے گا۔“
8 یہوواہ فرماتا ہے:
”اُس دن مَیں ادوم کے دانشمندوں کو ہلاک کر دوں گا
اور عیسُو کے پہاڑی علاقے کے سمجھداروں کو مٹا دوں گا۔
9 اور اَے تیمان! تیرے جنگجو خوفزدہ ہو جائیں گے
کیونکہ عیسُو کے پہاڑی علاقے کے ہر شخص کو قتل کر دیا جائے گا۔
10 تُو نے اپنے بھائی یعقوب پر جو ظلموستم کِیا ہے،
اُس کی وجہ سے تُو شرمندہ ہوگا
اور ہمیشہ کے لیے نابود ہو جائے گا۔
11 جس دن اجنبی اُس کی فوج کو قیدی بنا کر لے گئے؛
جب غیرملکی اُس کے شہر* میں گُھس گئے اور یروشلم پر قُرعہ ڈالا
تو تُو کونے میں کھڑا تماشا دیکھتا رہا
اور اُن جیسا بن گیا۔
12 تجھے اپنے بھائی کی مصیبت کے دن خوش نہیں ہونا چاہیے تھا؛
تجھے یہوداہ کے لوگوں کی بربادی کے دن جشن نہیں منانا چاہیے تھا
اور تجھے اُن کی پریشانی کے دن بڑا بول نہیں بولنا چاہیے تھا۔
13 تجھے میرے بندوں کی مصیبت کے دن اُن کے شہر* میں نہیں آنا چاہیے تھا؛
تجھے اُن کی مصیبت کے دن اُن کی بربادی پر خوش نہیں ہونا چاہیے تھا
اور تجھے اُن کی مصیبت کے دن اُن کی دولت پر ہاتھ نہیں ڈالنا چاہیے تھا۔
14 تجھے بھاگنے والوں کو قتل کرنے کے لیے چوکوں پر کھڑا نہیں ہونا چاہیے تھا
اور تجھے پریشانی کے دن بچ نکلنے والوں کو دُشمنوں کے حوالے نہیں کرنا چاہیے تھا۔
15 کیونکہ یہوواہ کا دن قریب ہے جب وہ تمام قوموں کے خلاف کارروائی کرے گا؛
تیرا کِیا تیرے سامنے آئے گا؛
جیسا سلوک تُو نے دوسروں کے ساتھ کِیا ہے ویسا ہی تیرے ساتھ کِیا جائے گا۔*
16 جس طرح تُو نے میرے مُقدس پہاڑ پر مے پی
اُسی طرح تمام قومیں مسلسل میرے غصے کی مے پئیں گی؛
وہ اِسے پئیں گی اور غٹک جائیں گی؛
اُن کا وجود ایسے ختم ہو جائے گا جیسے وہ کبھی تھیں ہی نہیں۔
17 لیکن بچ جانے والے کوہِصِیّون پر رہیں گے
اور یہ پاک ہوگا۔
اور یعقوب کا گھرانہ اُن چیزوں کا مالک ہوگا جو اُس کی ملکیت ہیں۔
18 یعقوب کا گھرانہ آگ بن جائے گا
اور یوسف کا گھرانہ شعلہ
جبکہ عیسُو کا گھرانہ بھوسے کی طرح ہوگا؛
وہ اِسے جلا کر بھسم کر دیں گے
اور عیسُو کے گھرانے میں سے کوئی نہیں بچے گا
کیونکہ یہوواہ نے خود یہ فرمایا ہے۔
19 وہ عیسُو کے پہاڑی علاقے اور نِجِب کے مالک ہوں گے
اور فِلسطین کی سرزمین اور شِفیلہ کے بھی؛
وہ اِفرائیم اور سامریہ کے میدانوں کے مالک ہوں گے
اور جِلعاد، بِنیامین کی ملکیت بن جائے گا۔
20 اِس پُشتے* کے جلاوطن
یعنی اِسرائیل کے لوگ صارپت تک کنعان کی سرزمین کے مالک ہوں گے۔
اور یروشلم کے جلاوطن جو سِفاراد میں تھے، نِجِب کے شہروں کے مالک ہوں گے۔
21 اور نجات دِلانے والے کوہِصِیّون پر جائیں گے
تاکہ عیسُو کے پہاڑی علاقے کے باشندوں کا اِنصاف کریں۔
اور بادشاہت یہوواہ کی ہوگی۔“