یرمیاہ
20 جب یرمیاہ اِن باتوں کے بارے میں نبوّت کر رہے تھے تو اِمّیر کا بیٹا فشحور جو کاہن تھا اور یہوواہ کے گھر میں مرکزی عہدےدار بھی تھا، سُن رہا تھا۔ 2 پھر فشحور نے یرمیاہ نبی کو مارا اور اُنہیں اُس کاٹھ میں جکڑ دیا جو یہوواہ کے گھر میں اُوپری بِنیامینی دروازے کے پاس تھا۔ 3 لیکن اگلے دن جب فشحور نے یرمیاہ کو کاٹھ سے نکالا تو یرمیاہ نے اُس سے کہا:
”یہوواہ نے تمہارا نام فشحور نہیں بلکہ ”ہر طرف چھائی دہشت“ رکھا ہے 4 کیونکہ یہوواہ فرماتا ہے: ”مَیں تمہیں تمہارے لیے اور تمہارے سب دوستوں کے لیے دہشت کی علامت بنا دوں گا اور وہ تمہاری نظروں کے سامنے اپنے دُشمنوں کی تلوار سے مارے جائیں گے اور مَیں سارے یہوداہ کو بابل کے بادشاہ کے حوالے کر دوں گا اور وہ اُن لوگوں کو قیدی بنا کر بابل لے جائے گا اور اُنہیں تلوار سے مار ڈالے گا۔ 5 مَیں اِس شہر کا سارا مالودولت، اِس کی ساری قیمتی چیزیں اور یہوداہ کے بادشاہوں کے سارے خزانے اُن کے دُشمنوں کے ہاتھ میں دے دوں گا۔ وہ اُنہیں لُوٹ کر قبضے میں لے لیں گے اور بابل لے جائیں گے۔ 6 فشحور! تُم اور تمہارے گھر میں رہنے والے سب لوگ قید میں جائیں گے۔ تمہیں بابل لے جایا جائے گا اور تُم وہیں مرو گے اور وہیں اپنے سارے دوستوں کے ساتھ دفن ہو گے کیونکہ تُم نے اُن کے سامنے جھوٹی نبوّت کی۔““
7 اَے یہوواہ! تُو نے مجھے بےوقوف بنایا اور مَیں بےوقوف بن گیا۔
تُو نے میرے خلاف اپنی طاقت اِستعمال کی اور تُو جیت گیا۔
مجھے سارا سارا دن مذاق کا نشانہ بنایا جاتا ہے؛
ہر کوئی میرا مذاق اُڑاتا ہے
8 کیونکہ مَیں جب بھی بولتا ہوں، مجھے چیخ چیخ کر کہنا پڑتا ہے:
”ظلم اور تباہی!“
یہوواہ کا کلام میرے لیے سارا سارا دن بےعزتی اور طعنوں کی وجہ بنتا ہے۔
9 اِس لیے مَیں نے کہا: ”مَیں اُس کا ذکر نہیں کروں گا
اور آئندہ اُس کے نام سے پیغام نہیں سناؤں گا۔“
لیکن اُس کا کلام میرے دل میں جلتی آگ کی طرح بن گیا،
ہاں، میری ہڈیوں میں بھڑکتے شعلوں کی طرح؛
مَیں اِسے دباتے دباتے تھک گیا
اور مَیں اَور برداشت نہیں کر پایا۔
10 مَیں نے بہت سی بُری افواہیں سنی تھیں؛
میری ہر طرف دہشت چھائی ہوئی تھی۔
اُنہوں نے کہا: ”اُس کے خلاف بولو؛ آؤ اُس کے خلاف بولیں!“
مجھے سلامتی کی دُعا دینے والا ہر شخص میرے گِرنے کا اِنتظار کر رہا تھا۔
اُنہوں نے کہا: ”شاید وہ کوئی بےوقوفی کرے
اور ہم اُس پر حاوی ہو جائیں اور اُس سے اپنا بدلہ لیں۔“
11 لیکن یہوواہ ایک خطرناک جنگجو کی طرح میرے ساتھ تھا۔
اِس لیے مجھے اذیت دینے والے گِر جائیں گے اور مجھ پر حاوی نہیں ہو پائیں گے۔
اُنہیں بُری طرح شرمندہ کِیا جائے گا کیونکہ وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔
اُن کی ذِلت ہمیشہ کے لیے ہوگی اور کبھی بُھلائی نہیں جائے گی۔
12 لیکن اَے فوجوں کے خدا یہوواہ! تُو نیک شخص کو پرکھتا ہے؛
تُو گہرائیوں میں موجود خیالات* اور دلوں کو دیکھتا ہے۔
جب تُو اُن سے بدلہ لے تو مجھے دیکھنے کا موقع دینا
کیونکہ مَیں نے اپنا مُقدمہ تیرے سپرد کِیا ہے۔
13 یہوواہ کے لیے گیت گاؤ! یہوواہ کی بڑائی کرو!
کیونکہ اُس نے غریب شخص کو* بُرے لوگوں کے ہاتھ سے بچایا ہے۔
14 اُس دن پر لعنت ہو جس دن مَیں پیدا ہوا!
وہ دن مبارک نہ ہو جس دن میری ماں نے مجھے جنم دیا!
15 اُس شخص پر لعنت ہو جس نے میرے والد کو یہ خوشخبری دی جسے سُن کر وہ باغ باغ ہو گئے
کہ ”آپ کے ہاں لڑکا ہوا ہے! آپ کا بیٹا ہوا ہے!“
16 وہ شخص اُن شہروں کی طرح ہو جائے جنہیں یہوواہ نے بغیر کسی افسوس* کے ڈھا دیا۔
اُسے صبح چیخوپکار سنائی دے اور بھری دوپہر کو جنگ کی للکار۔
17 اُس نے مجھے کوکھ میں ہی کیوں نہیں مار ڈالا
تاکہ میری ماں میری قبر بن جاتی اور ہمیشہ حاملہ رہتی؟
18 مَیں کوکھ سے باہر کیوں آیا؟
مصیبت اور غم دیکھنے کے لیے؟
شرمندگی اُٹھاتے اُٹھاتے مرنے کے لیے؟