یسعیاہ
4 اُس دن سات عورتیں ایک آدمی کو پکڑ کر کہیں گی:
”ہم اپنی روٹی کھائیں گی
اور اپنے کپڑے پہنیں گی۔
ہمیں بس اِتنی اِجازت دے دیں کہ ہم آپ کے نام سے کہلائیں
تاکہ ہماری رُسوائی* دُور ہو جائے۔“
2 اُس دن یہوواہ جو کچھ اُگائے گا، وہ شاندار اور زبردست ہوگا۔ زمین کا پھل اِسرائیل کے بچے ہوئے لوگوں کے لیے فخر اور خوبصورتی کا باعث ہوگا۔ 3 جو صِیّون میں باقی بچے گا اور جو یروشلم میں رہ جائے گا، اُسے پاک کہا جائے گا یعنی یروشلم کے اُن سب لوگوں کو جن کے نام زندگی کے لیے لکھے ہیں۔
4 جب یہوواہ عدالت* اور بھڑکتے ہوئے قہر* کے ذریعے صِیّون کی بیٹیوں کی گندگی* دھوئے گا اور یروشلم کے بیچ سے بہائے ہوئے خون کو صاف کرے گا 5 تو یہوواہ یہ بھی کرے گا کہ کوہِصِیّون کی ساری جگہ اور اُس کے اِجتماعوں کی جگہ کو دن میں بادل اور دُھوئیں سے اور رات میں بھڑکتی ہوئی روشن آگ سے ڈھک دے کیونکہ ساری شاندار چیزوں پر ایک سائبان ہوگا۔ 6 وہاں ایک چھپر* ہوگا جو دن کی تپش میں سایہ اور طوفان اور بارش میں پناہ اور آسرا دے گا۔