یسعیاہ
34 اَے قومو! قریب آ کر سنو؛
اَے لوگو! دھیان دو۔
دُنیا اور جو کچھ اُس میں ہے، سنے؛
زمین اور اُس کی ساری پیداوار سنے
2 کیونکہ یہوواہ کو سب قوموں پر غصہ ہے
اور اُس کا غضب اُن کی ساری فوج کے خلاف بھڑکا ہوا ہے۔
وہ اُنہیں تباہ کر دے گا؛
وہ اُنہیں ذبح ہونے کے لیے دے دے گا۔
3 اُن کے قتل ہوئے لوگوں کو باہر پھینک دیا جائے گا
اور اُن کی لاشوں سے بدبُو اُٹھے گی؛
اُن کے خون کی وجہ سے پہاڑ پگھل جائیں گے۔*
4 آسمانوں کی ساری فوج سڑ جائے گی
اور آسمانوں کو طُومار کی طرح لپیٹ دیا جائے گا۔
اُن کی ساری فوج ایسے مُرجھا جائے گی
جیسے انگور کی بیل سے مُرجھایا ہوا پتّا گِر جاتا ہے
اور جیسے اِنجیر کے درخت سے سُوکھا ہوا اِنجیر جھڑ جاتا ہے
5 ”کیونکہ آسمانوں میں میری تلوار تر ہوگی۔
وہ ادوم کو سزا دینے کے لیے اُترے گی،
ہاں، اُن لوگوں کو جنہیں مَیں نے تباہ کرنے کا فیصلہ کِیا ہے۔
6 یہوواہ کے پاس ایک تلوار ہے؛ وہ خون سے تر ہوگی۔
وہ چربی، جوان مینڈھوں اور بکروں کے خون
اور مینڈھوں کے گُردوں کی چربی سے ڈھکی ہوگی
کیونکہ یہوواہ نے بصراہ میں ایک قربانی تیار کی ہے
اور ادوم کے علاقے میں بڑے خونخرابے کی تیاری کی ہے۔
7 جنگلی سانڈوں کو اُن کے ساتھ نیچے گِرایا جائے گا،
ہاں، جوان بیلوں کو طاقتوروں کے ساتھ۔
اُن کا ملک خون سے لتپت ہو جائے گا
اور اُن کی مٹی چربی سے بھیگ جائے گی“
8 کیونکہ یہوواہ نے بدلہ لینے کا ایک دن مقرر کِیا ہے،
ہاں، صِیّون کے مُقدمے میں سزا دینے کے لیے ایک سال ٹھہرایا ہے۔
9 اُس* کی ندیاں رال* میں بدل جائیں گی
اور اُس کی مٹی گندھک میں؛
اُس کا ملک جلتی ہوئی رال کی طرح بن جائے گا
10 جو دن اور رات سلگتی رہے گی؛
اُس کا دُھواں ہمیشہ اُٹھتا رہے گا؛
وہ نسلدرنسل تباہ پڑا رہے گا
اور اُس میں سے کبھی کوئی نہیں گزرے گا۔
11 حواصل* اور خارپُشت* اُس کے مالک بن جائیں گے
اور لمبے کانوں والے اُلّو اور کوّے اُس میں بسیں گے۔
وہ اُس پر خالیپن کی ڈوری تانے گا
اور اُسے ویرانی کے ساہول* سے ناپے گا۔
12 اُس کے نوابوں میں سے کسی کو بادشاہت کے لیے نہیں بُلایا جائے گا
اور اُس کے سارے حاکموں کا خاتمہ ہو جائے گا۔
13 اُس کے مضبوط بُرجوں میں کانٹےدار جھاڑیاں اُگیں گی
اور اُس کے قلعوں میں بچھوبُوٹی اور کانٹےدار جنگلی پودے۔
وہ گیدڑوں کا ٹھکانا اور شُترمُرغوں کا گھر بن جائے گا۔
14 ریگستان کے جانور رونے والے جانوروں* کے ساتھ مل جائیں گے
اور جنگلی بکرا* اپنے ساتھی کو بُلائے گا،
ہاں، لیلیت* وہاں بسے گا اور آرام کرے گا۔
15 وہاں تیزرفتار مادہ سانپ اپنا گھونسلا بنائے گی اور انڈے دے گی؛
وہ اُنہیں سیے گی اور اُنہیں اپنے سائے میں اِکٹھا کرے گی۔
وہاں چیلیں اپنے اپنے ساتھیوں کے ساتھ جمع ہوں گی۔
16 یہوواہ کی کتاب میں ڈھونڈو اور اِسے اُونچی آواز میں پڑھو:
اُن میں سے ایک بھی کم نہیں ہوگا؛
اُن میں سے کوئی بھی ساتھی سے محروم نہیں ہوگا
کیونکہ یہ حکم یہوواہ نے اپنے مُنہ سے دیا ہے
اور اُس نے اُنہیں اپنی روح* کے ذریعے جمع کِیا ہے۔
17 اُس نے خود اُن کے لیے قُرعہ ڈالا ہے
اور اُس نے اپنے ہاتھ سے اُن کی مقررہ جگہ کو ناپا ہے۔*
وہ ہمیشہ کے لیے اِس کے مالک ہوں گے؛
وہ نسلدرنسل اِس میں بسیں گے۔