زبور
موسیقار کے لیے۔ قورح کے بیٹوں کا نغمہ۔
85 اَے یہوواہ! تُو نے اپنے ملک پر مہربانی کی ہے؛
تُو یعقوب کی اولاد کو غلامی سے واپس لایا ہے۔
2 تُو نے اپنے بندوں کی غلطی معاف کر دی ہے؛
تُو نے اُن کے سارے گُناہ بخش* دیے ہیں۔ (سِلاہ)
3 تُو نے اپنا غضب روک لیا؛
تُو اپنا شدید قہر نازل کرنے سے باز رہا۔
4 ہمیں نجات دِلانے والے خدا! ہمیں بحال کر*
اور ہم سے ناراض نہ رہ۔
5 کیا تُو ہمیشہ تک غصے میں رہے گا؟
کیا تیرا قہر نسلدرنسل بھڑکتا رہے گا؟
6 کیا تُو ہم میں نئی جان نہیں ڈالے گا
تاکہ تیرے بندے تیری وجہ سے خوشی منائیں؟
7 اَے یہوواہ! ہمارے لیے اٹوٹ محبت ظاہر کر
اور ہمیں نجات دِلا۔
8 مَیں سچے خدا یہوواہ کی بات سنوں گا
کیونکہ وہ اپنے بندوں سے، ہاں، اپنے وفادار بندوں سے امن* کی باتیں کرے گا۔
مگر ایسا نہ ہو کہ وہ پہلے کی طرح حد سے زیادہ خود اِعتماد ہو جائیں۔
9 بےشک خدا اُن لوگوں کو بچانے کے لیے تیار رہتا ہے جو اُس کا خوف رکھتے ہیں
تاکہ اُس کی شان ہمارے ملک پر چھائی رہے۔
10 اٹوٹ محبت اور وفاداری ایک دوسرے سے گلے ملیں گی؛
نیکی اور امن* ایک دوسرے کو چُومیں گے۔
11 وفاداری زمین سے پھوٹے گی
اور نیکی آسمان سے جھانکے گی۔
12 بےشک یہوواہ اپنے بندوں کو اچھی چیزیں* بخشے گا
اور ہمارا ملک اپنی پیداوار دے گا۔
13 نیکی اُس کے آگے آگے چلے گی
اور اُس کے قدموں کے لیے راستہ بنائے گی۔