زبور
موسیقار کے لیے۔ اِس نغمے کو تاردار سازوں کے ساتھ گایا جائے۔ آسَف کا نغمہ۔ ایک گیت۔
76 خدا یہوداہ میں مشہور ہے؛
اِسرائیل میں اُس کا نام عظیم ہے۔
2 اُس کا خیمہ سالِم میں ہے
اور اُس کی رہائشگاہ صِیّون میں۔
3 وہاں اُس نے کمان کے جلتے تیروں کو توڑ دیا
اور ڈھال، تلوار اور جنگی ہتھیاروں کو بھی۔ (سِلاہ)
4 تُو آبوتاب سے چمکتا ہے؛*
تیری شان اُن پہاڑوں سے کہیں زیادہ ہے جہاں شکاری جانور بستے ہیں۔
5 شیردل لوگوں کو لُوٹ لیا گیا۔
وہ موت کی نیند سو گئے؛
سارے جنگجو بےبس ہو گئے۔
6 اَے یعقوب کے خدا! تیری ڈانٹ کی وجہ سے
رتھوں کے سوار اور گھوڑے دونوں موت کی گہری نیند سو گئے۔
7 صرف تیرا ہی خوف رکھا* جانا چاہیے۔
کون تیرے شدید قہر کے سامنے ٹک سکتا ہے؟
8 تُو نے آسمان سے سزا سنائی؛
زمین اُس وقت ڈر گئی اور خاموش ہو گئی
9 جب خدا سزا دینے
اور زمین کے تمام حلیم لوگوں کو بچانے کے لیے اُٹھا۔ (سِلاہ)
10 اِنسان کا غصہ تیری تعریف کا باعث بنے گا؛
اُس کے غصے کی آخری چنگاریوں کے ذریعے بھی تُو اپنی بڑائی کرائے گا۔
11 یہوواہ اپنے خدا کے حضور منتیں مانو اور اِنہیں پورا کرو؛
وہ سب جو اُس کے اِردگِرد موجود ہیں، اُس کا خوف رکھتے ہوئے اُس کے لیے تحفے لائیں۔
12 وہ رہنماؤں کا غرور* توڑ دے گا؛
وہ زمین کے بادشاہوں کے دلوں میں ڈر بٹھائے گا۔