زبور
موسیقار کے لیے۔ اِس نغمے کو تاردار سازوں کے ساتھ گایا جائے۔ ایک نغمہ۔ ایک گیت۔
67 خدا ہم پر مہربانی کرے گا اور ہمیں برکت دے گا؛
وہ ہم پر اپنے چہرے کا نور چمکائے گا (سِلاہ)
2 تاکہ پوری زمین کو تیری راہوں کے بارے میں پتہ چلے
اور تمام قومیں تیرے نجات بخش کاموں کے بارے میں جانیں۔
3 اَے خدا! قومیں تیری بڑائی کریں،
ہاں، سب قومیں تیری بڑائی کریں۔
4 قومیں باغ باغ ہوں اور خوشی سے للکاریں
کیونکہ تُو طرفداری کیے بغیر قوموں کی عدالت کرے گا۔
تُو زمین کی قوموں کی رہنمائی کرے گا۔ (سِلاہ)
5 اَے خدا! قومیں تیری بڑائی کریں،
ہاں، سب قومیں تیری بڑائی کریں۔
6 زمین اپنی پیداوار دے گی؛
خدا، ہاں، ہمارا خدا ہمیں برکت دے گا۔
7 خدا ہمیں برکت دے گا
اور زمین کے کونے کونے میں لوگ اُس کا خوف رکھیں گے۔*