زبور
موسیقار کے لیے۔ اِس گیت کو تاردار سازوں کے ساتھ گایا جائے۔ داؤد کا گیت۔
61 اَے خدا! مدد کے لیے میری فریاد سُن۔
میری دُعا پر توجہ فرما۔
2 جب میرا دل غم میں ڈوبا ہوگا*
تو مَیں تجھے پکاروں گا پھر چاہے مَیں زمین کے کسی بھی کونے میں ہوں۔
مجھے کسی اُونچی چٹان پر لے چل
3 کیونکہ تُو میری پناہگاہ ہے۔
تُو میرا مضبوط بُرج ہے جو مجھے دُشمنوں سے محفوظ رکھتا ہے۔
4 مَیں ہمیشہ تیرے خیمے کا مہمان رہوں گا؛
مَیں تیرے پَروں کے سائے میں پناہ لوں گا (سِلاہ)
5 کیونکہ اَے خدا! تُو نے میری منتیں سنی ہیں۔
تُو نے مجھے اُن لوگوں جیسی وراثت بخشی ہے جو تیرے نام کا خوف رکھتے ہیں۔
6 تُو بادشاہ کی زندگی بڑھا دے گا
اور وہ پُشت در پُشت زندہ رہے گا۔
7 وہ خدا کے حضور ہمیشہ تختنشین رہے گا؛*
تیری اٹوٹ محبت اور وفاداری اُس کی حفاظت کریں۔