زبور
موسیقار کے لیے۔ اِس گیت کو ”مجھے برباد نہ ہونے دے“کی دُھن پر گایا جائے۔ داؤد کا مِکتام۔* یہ گیت اُس وقت کا ہے جب ساؤل نے داؤد کے گھر پر نظر رکھنے اور اُنہیں جان سے مارنے کے لیے آدمی بھیجے۔
59 اَے میرے خدا! مجھے میرے دُشمنوں سے چھڑا؛
اُن لوگوں سے میری حفاظت کر جو میرے خلاف کھڑے ہو رہے ہیں۔
2 مجھے بُرے کام کرنے والوں سے چھڑا
اور ظالم* لوگوں سے بچا۔
3 دیکھ! وہ میرے لیے* گھات لگائے بیٹھے ہیں؛
طاقتور آدمی مجھ پر حملہ کرتے ہیں
حالانکہ اَے یہوواہ! مَیں نے نہ تو بغاوت کی ہے اور نہ ہی گُناہ۔
4 مَیں نے کچھ بُرا نہیں کِیا پھر بھی وہ دوڑ دوڑ کر مجھ پر حملہ کرنے کی تیاری کرتے ہیں۔
میری پکار سُن کر اُٹھ اور دیکھ
5 کیونکہ اَے فوجوں کے خدا یہوواہ! تُو اِسرائیل کا خدا ہے۔
جاگ اور سب قوموں کے کاموں پر دھیان دے۔
کسی بھی بدنیت غدار پر رحم نہ کر۔ (سِلاہ)
6 وہ ہر شام لوٹ آتے ہیں؛
وہ کُتوں کی طرح بھونکتے* ہیں اور شکار کی تلاش میں شہر میں گھومتے ہیں۔
7 دیکھ، وہ اپنے مُنہ سے کیسی باتیں اُگلتے ہیں؛
اُن کے ہونٹ تلوار کی طرح ہیں
کیونکہ وہ کہتے ہیں: ”کوئی ہماری باتیں نہیں سُن رہا۔“
8 لیکن اَے یہوواہ! تُو اُن پر ہنسے گا؛
تُو ساری قوموں کا مذاق اُڑائے گا۔
9 اَے میری طاقت! مَیں تیری راہ دیکھوں گا
کیونکہ تُو میری محفوظ پناہگاہ* ہے۔
10 میرے لیے اٹوٹ محبت ظاہر کرنے والا خدا میری مدد کے لیے آئے گا؛
خدا مجھے میرے دُشمنوں کی ہار دِکھائے گا۔
11 اُنہیں ہلاک نہ کر تاکہ میرے لوگ بھول نہ جائیں۔
اُنہیں اپنی طاقت سے اِدھر اُدھر بھٹکا؛
اَے یہوواہ ہماری ڈھال! اُنہیں برباد کر دے
12 کیونکہ وہ اپنے مُنہ سے، ہاں، اپنے ہونٹوں سے گُناہ کرتے ہیں؛
وہ بددُعائیں دیتے اور اپنی زبان سے دھوکادہی کرتے ہیں۔
اِس لیے وہ اپنے ہی غرور کے پھندے میں پھنس جائیں۔
13 اپنے قہر میں اُنہیں فنا کر دے،
ہاں، اُنہیں فنا کر دے تاکہ اُن کا نامونشان مٹ جائے؛
اُنہیں دِکھا دے کہ خدا یعقوب پر بلکہ زمین کے کونے کونے پر حکمرانی کر رہا ہے۔ (سِلاہ)
14 اُنہیں شام کو لوٹنے دے؛
اُنہیں کُتوں کی طرح بھونکنے* دے اور شکار کی تلاش میں شہر میں گھومنے دے۔
15 اُنہیں روٹی کے ایک ایک نوالے کے لیے مارا مارا پھرنے دے؛
نہ تو اُن کا پیٹ بھرنے دے اور نہ ہی اُنہیں سر چھپانے کی جگہ ملنے دے۔
16 لیکن جہاں تک میری بات ہے، مَیں تیری طاقت کے بارے میں گیت گاؤں گا؛
صبح کو مَیں خوشی خوشی تیری اٹوٹ محبت کو بیان کروں گا
کیونکہ تُو میری محفوظ پناہگاہ ہے
اور ایک ایسی جگہ ہے جہاں مَیں مصیبت کے وقت بھاگ سکتا ہوں۔
17 اَے میری طاقت! مَیں تیری تعریف میں گیت گاؤں گا*
کیونکہ میرے لیے اٹوٹ محبت ظاہر کرنے والا خدا میری محفوظ پناہگاہ ہے۔