پیدائش
38 اِس دوران یہوداہ اپنے بھائیوں سے الگ ہو گئے اور اپنا خیمہ اُس جگہ لگا لیا جہاں حِیرہ نامی ایک عدُلّامی شخص رہتا تھا۔ 2 وہاں یہوداہ نے ایک کنعانی آدمی سُوع کی بیٹی کو دیکھا اور اُسے اپنی بیوی بنا لیا۔ اُنہوں نے اُس سے جنسی تعلق قائم کِیا 3 اور وہ حاملہ ہوئی۔ بعد میں اُس نے ایک بیٹے کو جنم دیا اور یہوداہ نے اُس کا نام عیر رکھا۔ 4 پھر وہ دوبارہ حاملہ ہوئی اور اُس کا بیٹا پیدا ہوا جس کا نام اُس نے اونان رکھا۔ 5 بعد میں اُس نے ایک اَور بیٹے کو جنم دیا اور اُس کا نام سِلح رکھا۔ جب سِلح کی پیدائش ہوئی تو یہوداہ اَکزیب میں تھے۔
6 وقت گزرتا گیا اور پھر یہوداہ نے اپنے پہلوٹھے بیٹے عیر کی شادی تَمر نامی ایک لڑکی سے کرا دی۔ 7 لیکن یہوداہ کا پہلوٹھا بیٹا عیر ایسے کام کرتا تھا جو یہوواہ کی نظر میں بہت بُرے تھے۔ اِس لیے یہوواہ نے اُسے ہلاک کر دیا۔ 8 اِس وجہ سے یہوداہ نے اونان سے کہا: ”اپنے بھائی کی بیوہ سے شادی کر کے دیور کا فرض ادا کرو۔ اُس سے جنسی تعلق قائم کرو تاکہ آپ کے ذریعے آپ کے بھائی کی اولاد پیدا ہو۔“ 9 لیکن اونان جانتا تھا کہ یہ اولاد اُس کی نہیں کہلائے گی۔ اِس لیے جب وہ اپنے بھائی کی بیوی سے جنسی تعلق قائم کرتا تھا تو وہ مَنی کو زمین پر گِرا دیتا تھا تاکہ اُس کے بھائی کے لیے اولاد پیدا نہ ہو۔ 10 یہوواہ کی نظر میں اُس کی یہ حرکت بہت بُری تھی۔ اِس لیے اُس نے اُسے بھی ہلاک کر دیا۔ 11 تب یہوداہ نے اپنی بہو تَمر سے کہا: ”جب تک میرا بیٹا سِلح جوان نہیں ہو جاتا تب تک آپ اپنے والد کے گھر میں بیوہ کے طور پر رہو۔“ اصل میں اُنہیں ڈر تھا کہ اُن کا بیٹا سِلح بھی اپنے بھائیوں کی طرح ہلاک ہو جائے گا۔ اِس پر تَمر اپنے والد کے گھر چلی گئیں اور وہاں رہنے لگیں۔
12 کچھ وقت کے بعد یہوداہ کی بیوی جو سُوع کی بیٹی تھی، فوت ہو گئی اور یہوداہ اُس کی وفات پر ماتم کرنے لگے۔ ماتم کا عرصہ گزرنے کے بعد اُنہوں نے اپنے ساتھی حِیرہ عدُلّامی کو ساتھ لیا اور اپنی بھیڑوں کی اُون کُترنے والوں کے پاس تِمنت گئے۔ 13 کسی نے تَمر کو بتایا: ”آپ کے سُسر اپنی بھیڑوں کی اُون کُتروانے تِمنت جا رہے ہیں۔“ 14 تب تَمر نے اپنا بیوگی کا لباس بدلا، نقاب اوڑھا، چادر لپیٹی اور جا کر عینیم کے دروازے پر بیٹھ گئیں جو تِمنت جانے والے راستے پر ہے۔ اُنہوں نے ایسا اِس لیے کِیا کیونکہ سِلح بڑے ہو چُکے تھے لیکن اُن کے سُسر نے اب تک اُن کی شادی سِلح سے نہیں کرائی تھی۔
15 جب یہوداہ نے تَمر کو دیکھا تو اُنہوں نے سوچا کہ وہ کوئی جسمفروش عورت ہیں کیونکہ اُنہوں نے اپنا چہرہ ڈھکا ہوا تھا۔ 16 یہوداہ سڑک کے کنارے اُن کے پاس گئے اور کہا: ”کیا مَیں آپ کے ساتھ جنسی تعلق قائم کر سکتا ہوں؟“ دراصل یہوداہ کو نہیں پتہ تھا کہ وہ عورت اُن کی بہو ہے۔ تَمر نے یہوداہ سے کہا: ”اگر مَیں آپ کو ایسا کرنے دوں تو آپ بدلے میں مجھے کیا دیں گے؟“ 17 یہوداہ نے جواب دیا: ”مَیں آپ کو اپنے ریوڑ میں سے بکری کا ایک بچہ بھجوا دوں گا۔“ اِس پر تَمر نے کہا: ”کیا تب تک آپ میرے پاس ضمانت کے طور پر کچھ رکھوائیں گے؟“ 18 یہوداہ نے کہا: ”مَیں آپ کو ضمانت کے طور پر کیا دوں؟“ تَمر نے جواب دیا: ”اپنی مُہر والی انگوٹھی، اُس کی ڈوری اور وہ لاٹھی جو آپ کے ہاتھ میں ہے۔“ یہوداہ نے یہ چیزیں اُنہیں دے دیں۔ پھر اُنہوں نے اُن سے جنسی تعلق قائم کِیا اور وہ حاملہ ہو گئیں۔ 19 اِس کے بعد تَمر اُٹھ کر وہاں سے چلی گئیں۔ اُنہوں نے اپنی چادر اُتاری اور دوبارہ بیوگی کا لباس پہن لیا۔
20 بعد میں یہوداہ نے اپنے عدُلّامی ساتھی کے ہاتھ اُس عورت کے پاس بکری کا ایک بچہ بھجوایا تاکہ اُس سے اپنی وہ چیزیں واپس لے سکیں جو اُنہوں نے ضمانت کے طور پر رکھوائی تھیں۔ لیکن اُس آدمی کو وہ عورت نہیں ملی۔ 21 تب اُس نے وہاں کے آدمیوں سے پوچھا: ”مندر کی وہ جسمفروش عورت کہاں ہے جو عینیم میں راستے کے کنارے بیٹھتی ہے؟“ اُنہوں نے جواب دیا: ”اِس جگہ تو کبھی مندر کی کوئی جسمفروش عورت نہیں تھی۔“ 22 آخرکار وہ آدمی یہوداہ کے پاس واپس گیا اور کہا: ”مجھے وہ عورت نہیں ملی بلکہ وہاں کے آدمیوں نے کہا ہے کہ ”اِس جگہ تو کبھی مندر کی کوئی جسمفروش عورت نہیں تھی۔““ 23 تب یہوداہ نے کہا: ”وہ چیزیں اُسی کے پاس رہنے دو۔ اگر ہم اُسے ڈھونڈتے رہیں گے تو ہماری بےعزتی ہوگی۔ بہرحال مَیں نے تو بکری کا یہ بچہ بھیجا تھا لیکن آپ کو وہ عورت ملی ہی نہیں۔“
24 اِس کے تقریباً تین مہینے بعد یہوداہ کو یہ خبر ملی: ”آپ کی بہو تَمر نے جسمفروشی کی ہے اور اب وہ حاملہ ہے۔“ یہ سُن کر یہوداہ نے کہا: ”اُسے باہر لا کر مار ڈالو اور جلا دو۔“ 25 جب تَمر کو باہر لایا جا رہا تھا تو اُنہوں نے اپنے سُسر کو یہ پیغام بھیجا: ”میرے پیٹ میں اُس شخص کا بچہ ہے جس کی یہ چیزیں ہیں۔ مہربانی سے دیکھیں کہ یہ مُہر والی انگوٹھی، ڈوری اور لاٹھی کس کی ہے۔“ 26 یہوداہ نے اُن چیزوں کو غور سے دیکھا اور کہا: ”قصور اُس کا نہیں، میرا ہے* کیونکہ مَیں نے اپنے بیٹے سِلح کی شادی اُس سے نہیں کی۔“ اِس کے بعد یہوداہ نے کبھی تَمر سے جنسی تعلق قائم نہیں کِیا۔
27 بعد میں بچے کی پیدائش کے وقت پتہ چلا کہ تَمر کے پیٹ میں جُڑواں بچے ہیں۔ 28 جب وہ بچوں کو جنم دے رہی تھیں تو اُن میں سے ایک نے اپنا ہاتھ باہر نکالا۔ دائی نے فوراً اُس کے ہاتھ پر گہرا سُرخ دھاگا باندھ دیا اور کہا:”یہ پہلے باہر آیا ہے۔“ 29 لیکن پھر اُس نے اپنا ہاتھ اندر کھینچ لیا اور اِس کے ساتھ ہی اُس کا بھائی باہر نکل آیا۔ اِس پر دائی بول اُٹھی: ”تُم کیسے چیر کر نکل آئے ہو!“ اِس لیے اُس لڑکے کا نام فارِص* رکھا گیا۔ 30 اِس کے بعد اُس کا بھائی باہر نکل آیا جس کے ہاتھ پر گہرا سُرخ دھاگا باندھا گیا تھا اور اُس کا نام زارح رکھا گیا۔