پیدائش
28 تب اِضحاق نے یعقوب کو بُلایا، اُنہیں دُعا دی اور یہ حکم دیا: ”آپ کنعان کی کسی لڑکی سے ہرگز شادی نہ کرنا۔ 2 فداناَرام میں اپنے نانا بیتوایل کے گھر جاؤ اور اپنے ماموں لابن کی بیٹیوں میں سے کسی سے شادی کرو۔ 3 خدا جو لامحدود قدرت کا مالک ہے، آپ کو برکت دے گا۔ وہ آپ کو کثرت سے اولاد بخشے گا اور آپ کی تعداد بڑھائے گا اور آپ سے یقیناً بہت سی قومیں پیدا ہوں گی۔ 4 وہ آپ کو اور آپ کی نسل کو وہ برکت دے گا جو اُس نے اَبراہام کو دی تاکہ وہ ملک آپ کی ملکیت ہو جس میں آپ پردیسی کے طور پر رہ رہے ہو اور جسے خدا نے اَبراہام کو دیا۔“
5 پھر اِضحاق نے یعقوب کو روانہ کِیا اور یعقوب فداناَرام میں لابن کے پاس جانے کے لیے نکل پڑے۔ لابن بیتوایل اَرامی کے بیٹے تھے اور یعقوب اور عیسُو کی ماں رِبقہ کے بھائی تھے۔
6 عیسُو کو پتہ چلا کہ اِضحاق نے یعقوب کو دُعا دی ہے اور اُنہیں فداناَرام بھیجا ہے تاکہ وہ وہاں کی کسی لڑکی سے شادی کریں۔ اُنہیں یہ بھی پتہ چلا کہ اِضحاق نے یعقوب کو دُعا دیتے وقت یہ حکم بھی دیا کہ ”کنعان کی کسی لڑکی سے شادی نہ کرنا“ 7 اور یعقوب نے اپنے ماں باپ کی بات مانی ہے اور فداناَرام کے لیے نکل پڑے ہیں۔ 8 تب عیسُو کو احساس ہوا کہ اُن کے والد کو کنعانی لڑکیاں بُری لگتی ہیں۔ 9 اِس لیے عیسُو اِسماعیل کے پاس گئے اور محالات سے شادی کر لی حالانکہ اُن کی پہلے بھی بیویاں تھیں۔ محالات اَبراہام کے بیٹے اِسماعیل کی بیٹی اور نِبایوت کی بہن تھیں۔
10 یعقوب بِیرسبع سے نکلے اور حاران کی طرف سفر کرتے رہے۔ 11 کچھ وقت بعد وہ ایک جگہ پہنچے اور رات گزارنے کی تیاری کرنے لگے کیونکہ سورج غروب ہو چُکا تھا۔ اُنہوں نے وہاں سے ایک پتھر اُٹھایا اور اُس پر سر رکھ کر لیٹ گئے۔ 12 پھر اُنہوں نے ایک خواب دیکھا اور دیکھو! وہاں ایک سیڑھی تھی جو زمین سے لے کر آسمان تک جا رہی تھی اور خدا کے فرشتے اُس پر چڑھ اور اُتر رہے تھے۔ 13 اور دیکھو! اُس سیڑھی کے اُوپر یہوواہ موجود تھا۔ اُس نے یعقوب سے کہا:
”مَیں تمہارے باپ اَبراہام کا خدا اور اِضحاق کا خدا یہوواہ ہوں۔ جس ملک کی زمین پر تُم لیٹے ہوئے ہو، وہ مَیں تمہیں اور تمہاری نسل کو دوں گا۔ 14 تمہاری نسل یقیناً خاک کے ذرّوں کی طرح بےشمار ہوگی اور تُم مشرق، مغرب، شمال اور جنوب کی طرف پھیل جاؤ گے۔ تمہارے اور تمہاری نسل کے ذریعے زمین کے سب خاندانوں کو برکت ضرور ملے گی۔* 15 مَیں تمہارے ساتھ ہوں۔ تُم جہاں بھی جاؤ گے، مَیں تمہاری حفاظت کروں گا اور تمہیں اِس ملک میں واپس لاؤں گا۔ مَیں تمہارا ساتھ نہیں چھوڑوں گا اور اپنے اُس وعدے کو ضرور پورا کروں گا جو مَیں نے تُم سے کِیا ہے۔“
16 تب یعقوب نیند سے جاگ گئے اور کہنے لگے: ”بےشک یہوواہ اِس جگہ موجود ہے اور مجھے اِس بات کا پتہ نہیں تھا۔“ 17 وہ خوفزدہ ہو کر کہنے لگے: ”یہ اِنتہائی حیرتانگیز* جگہ ہے! یہ یقیناً خدا کا گھر ہے اور آسمان کا دروازہ ہے۔“ 18 پھر یعقوب صبح سویرے اُٹھے۔ اُنہوں نے اُس پتھر کو یادگار* کے طور پر کھڑا کِیا جو اُنہوں نے اپنے سر کے نیچے رکھا ہوا تھا اور اُس پر تیل اُنڈیلا۔ 19 اُنہوں نے اُس جگہ کا نام بیتایل* رکھا لیکن پہلے اُس شہر کا نام لُوز تھا۔
20 پھر یعقوب نے ایک منت مانی اور کہا: ”اگر خدا میرے ساتھ رہے گا، سفر میں میری حفاظت کرے گا، مجھے کھانے کو روٹی اور پہننے کو کپڑے دے گا 21 اور مَیں صحیح سلامت اپنے والد کے گھر لوٹ آؤں گا تو یہوواہ یہ ثابت کر دے گا کہ وہ میرا خدا ہے۔ 22 یہ پتھر جسے مَیں نے یادگار* کے طور پر کھڑا کِیا ہے، خدا کا گھر بن جائے گا۔ اَے خدا! مَیں ہمیشہ تجھے ہر اُس چیز کا دسواں حصہ دوں گا جو تُو مجھے دے گا۔“