پیدائش
23 سارہ 127 سال زندہ رہیں؛ یہ اُن کی کُل عمر تھی۔ 2 سارہ ملک کنعان میں قِریتاربع یعنی حِبرون میں فوت ہوئیں۔ اَبراہام اُن کی موت پر رونے اور ماتم کرنے لگے۔ 3 پھر اَبراہام اپنی بیوی کی میت کے پاس سے اُٹھے اور جا کر حِت کے بیٹوں سے کہنے لگے: 4 ”مَیں ایک پردیسی ہوں جو آپ کے درمیان بسا ہوا ہوں۔ مہربانی سے مجھے اپنی زمین میں سے کوئی جگہ دیں تاکہ مَیں اپنی بیوی کو دفنا سکوں۔“ 5 حِت کے بیٹوں نے اَبراہام سے کہا: 6 ”دیکھیں مالک۔ آپ ہمارے درمیان خدا کے چُنے ہوئے سردار* ہیں۔ آپ ہماری بہترین قبروں میں سے کسی بھی قبر میں اپنی بیوی کو دفنا سکتے ہیں۔ ہم میں سے کوئی بھی آپ کو اپنی قبر دینے سے اِنکار نہیں کرے گا۔“
7 تب اَبراہام اُٹھے اور وہاں کے لوگوں یعنی حِت کے بیٹوں کے سامنے جھکے 8 اور اُن سے کہا: ”اگر آپ* اِس بات پر راضی ہیں کہ مَیں اپنی بیوی کو یہاں دفناؤں تو میری ایک گزارش ہے۔ صُحر کے بیٹے عِفرون سے درخواست کریں 9 کہ وہ مجھے غارِمکفیلہ بیچ دیں جو اُن کی ملکیت ہے اور اُن کی زمین کے کنارے پر ہے۔ اُن سے کہیں کہ وہ آپ کے سامنے مجھے یہ غار بیچ دیں اور مَیں اُنہیں اُتنی چاندی دوں گا جتنی اِس کی قیمت ہے۔ اِس طرح مجھے قبر کے لیے جگہ مل جائے گی۔“
10 عِفرون وہیں حِت کے بیٹوں کے ساتھ بیٹھے تھے۔ تب عِفرون حِتّی نے حِت کے بیٹوں اور شہر کے دروازے پر موجود سب لوگوں کے سامنے اَبراہام سے کہا: 11 ”دیکھیں میرے مالک! مَیں آپ کو اپنی زمین اور اُس میں موجود غار دونوں دیتا ہوں۔ مَیں اپنی قوم کے لوگوں کے سامنے یہ دونوں چیزیں آپ کو دیتا ہوں۔ آپ اپنی بیوی کو وہاں دفنا لیں۔“ 12 تب اَبراہام وہاں کے لوگوں کے سامنے جھکے 13 اور اُن کی موجودگی میں عِفرون سے کہا: ”مَیں آپ سے ایک عرض کرنا چاہتا ہوں۔ مَیں آپ کو اُس زمین کے لیے اُتنی چاندی دوں گا جتنی اُس کی قیمت ہے۔ مجھ سے یہ قیمت لے لیں تاکہ مَیں اپنی بیوی کو وہاں دفنا سکوں۔“
14 اِس پر عِفرون نے اَبراہام کو جواب دیا: 15 ”دیکھیں میرے مالک! اِس زمین کی قیمت 400 مِثقال* چاندی ہے۔ لیکن پیسوں کا حساب کتاب تو ہوتا رہے گا، ابھی آپ جا کر اپنی بیوی کو دفنائیں۔“ 16 اَبراہام نے سودا قبول کر لیا اور اُنہیں اُتنی چاندی تول کر دی جتنی عِفرون نے حِت کے بیٹوں کے سامنے کہی تھی۔ اُنہوں نے عِفرون کو اُس تول کے حساب سے 400 مِثقال* چاندی دی جو اُس زمانے میں تاجر اِستعمال کرتے تھے۔ 17 اِس طرح اِس بات کی تصدیق ہو گئی کہ مکفیلہ میں عِفرون کی زمین جو ممرے کے سامنے تھی، اِس میں موجود غار اور سارے درخت 18 اَبراہام کی ملکیت بن گئے ہیں۔ اَبراہام نے یہ سب کچھ حِت کے بیٹوں اور شہر کے دروازے پر موجود سب لوگوں کے سامنے خریدا۔ 19 اِس کے بعد اَبراہام نے اپنی بیوی سارہ کو مکفیلہ کی زمین پر موجود غار میں دفنایا جو ملک کنعان میں ممرے یعنی حِبرون کے سامنے ہے۔ 20 اِس طرح حِت کے بیٹوں نے وہ زمین اور اِس میں موجود غار اَبراہام کے نام کر دیا تاکہ وہ اپنی بیوی کو وہاں دفنا سکیں۔