پاک کلام سے متعلق سوالوجواب
کیا فرشتے ہماری مدد کر سکتے ہیں؟
ماضی میں فرشتوں نے دانیایل نبی کی مدد کی۔ آجکل وہ خدا کا پیغام سنانے کے کام کی نگرانی کر رہے ہیں جس سے لوگوں کو بہت فائدہ ہو رہا ہے۔
یہوواہ خدا نے اِنسان کو بنانے سے پہلے کروڑوں فرشتوں کو بنایا۔ (ایوب 38:4، 7) فرشتے خدا کی خدمت کرتے ہیں اور وہ بہت ہی طاقتور ہیں۔ بعض اوقات خدا نے اپنے بندوں کو کوئی پیغام دینے کے لیے یا پھر اُن کی حفاظت کرنے کے لیے فرشتوں کو زمین پر بھیجا۔ (زبور 91:10، 11) آجکل فرشتے ایک ایسے کام کی نگرانی کر رہے ہیں جس سے بہت سے لوگوں کو فائدہ ہو رہا ہے۔ وہ خدا کا پیغام لوگوں تک پہنچانے میں یسوع مسیح کے شاگردوں کی رہنمائی کر رہے ہیں۔—مکاشفہ 14:6، 7 کو پڑھیں۔
کیا ہمیں فرشتوں سے دُعا کرنی چاہیے؟ جی نہیں۔ دُعا دراصل عبادت کا ایک پہلو ہے اور عبادت کا حقدار صرف یہوواہ خدا ہے۔ (متی 4:10) چونکہ فرشتے خدا کے خادم ہیں اِس لیے وہ اِنسانوں کی نہیں بلکہ خدا کی بات پر عمل کرتے ہیں۔ لہٰذا ہمیں صرف یہوواہ خدا سے دُعا کرنی چاہیے اور یسوع مسیح کے نام سے کرنی چاہیے۔—زبور 103:20، 21؛ متی 26:53 کو پڑھیں۔
کیا بُرے فرشتے بھی ہیں؟
خدا نے نہ صرف اِنسانوں کو بلکہ فرشتوں کو بھی یہ آزادی دی ہے کہ وہ اپنے اچھے بُرے کا فیصلہ خود کریں۔ افسوس کی بات ہے کہ بہت سے فرشتوں نے خدا کی نافرمانی کی۔ (2-پطرس 2:4) جس فرشتے نے سب سے پہلے خدا کے خلاف بغاوت کی، وہ شیطان کہلایا۔ بعد میں اَور فرشتے بھی اُس کے ساتھ مل گئے جو شیاطین کہلاتے ہیں۔ خدا نے اپنے مقررہ وقت پر شیطان اور شیاطین کو آسمان سے نکال دیا اور زمین پر پھینک دیا۔—مکاشفہ 12:7-9 کو پڑھیں۔
سن 1914ء سے بُرائی اور ظلم میں بےحد اِضافہ ہوا ہے۔ اِس سے یہ اِشارہ ملتا ہے کہ خدا بہت ہی جلد شیطان اور شیاطین کے خلاف سخت کارروائی کرے گا۔ اِس کے بعد خدا زمین کو پھر سے فردوس بنا دے گا۔—مکاشفہ 12:12؛ 21:3، 4 کو پڑھیں۔