روحُالقدس—زندگی کو بدلنے والی قوت
داؤد نے گناہ کرنے کے بعد یہوواہ خدا سے یہ التجا کی: ”مجھے اپنے حضور سے خارج نہ کر اور اپنی پاک رُوح کو مجھ سے جُدا نہ کر۔“—زبور ۵۱:۱۱۔
داؤد نے اپنی زندگی میں بارہا روحُالقدس کی طاقت سے مدد حاصل کی تھی۔ جب وہ نوجوان ہی تھا تو اُس نے اِسی طاقت سے جولیت جیسے خوفناک سُورما کو مار گرایا تھا۔ (۱-سموئیل ۱۷:۴۵-۵۰) روحُالقدس کی راہنمائی سے اُس نے بعض ایسے خوبصورت زبور لکھے جو اپنی مثال آپ ہیں۔ داؤد نے بیان کِیا: ”[یہوواہ] کی رُوح نے میری معرفت کلام کِیا اور اُس کا سخن میری زبان پر تھا۔“—۲-سموئیل ۲۳:۲۔
یسوع مسیح نے اِس بات کی تصدیق کی کہ روحُالقدس نے داؤد کی زندگی میں اہم کردار ادا کِیا تھا۔ ایک موقع پر اُس نے اپنے سامعین کو بتایا: ”داؔؤد نے خود روحُالقدس کی ہدایت سے کہا ہے کہ [یہوواہ] نے میرے خداوند سے کہا میری دہنی طرف بیٹھ جب تک میں تیرے دشمنوں کو تیری پاؤں کے نیچے کی چوکی نہ کر دوں۔“ (مرقس ۱۲:۳۶؛ زبور ۱۱۰:۱) یسوع اِس بات سے واقف تھا کہ داؤد نے یہوواہ کی پاک رُوح کی ہدایت سے یہ زبور لکھے تھے۔ کیا یہ رُوح آجکل ہماری بھی مدد کرتی ہے؟
”مانگتے رہو گے تو تمہیں دیا جائے گا“
شاید آپ داؤد کی طرح زبور تو نہ لکھ سکیں لیکن جیسے اُس نے دیوقامت جولیت کا سامنا کِیا ویسے ہی آپ کو بھی بڑےبڑے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اِس سلسلے میں کیرل کی مثال پر غور کریں۔a اُس کے شوہر نے ایک لڑکی کی وجہ سے اُسے چھوڑ دیا تھا۔ اب اُسے اپنے شوہر کا قرضہ بھی چکانا تھا اور اپنی دو بیٹیوں کی پرورش بھی تنہا ہی کرنی تھی۔ وہ کہتی ہے کہ ”اگرچہ میرے شوہر نے مجھے ناچیز جانا توبھی مَیں محسوس کرتی ہوں کہ جب سے وہ مجھے چھوڑ کر گیا ہے خدا کی پاک رُوح نے مجھے سنبھالا ہے۔“
کیرل کو بغیر کسی کوشش کے ہی روحُالقدس حاصل نہیں ہو گئی تھی بلکہ وہ ہر روز خدا سے التجا کرتی تھی کہ وہ اُسے اپنی پاک رُوح عطا کرے۔ وہ جانتی تھی کہ مشکلات کا سامنا کرنے، بچوں کی دیکھبھال کرنے اور اپنی عزتِنفس بحال کرنے کے لئے اُسے خدا کی طاقت کی ضرورت ہے۔ اُس نے یسوع کے اِن الفاظ پر عمل کِیا: ”مانگتے رہو گے تو تمہیں دیا جائے گا، ڈھونڈتے رہو گے تو پاؤ گے۔ دروازہ کھٹکھٹاتے رہو گے تو تمہارے لئے کھول دیا جائے گا۔“—لوقا ۱۱:۹، نیو اُردو بائبل ورشن۔
رابرٹ نے بھی یہ محسوس کِیا کہ اُسے خدا کی پاک رُوح کی مدد کی ضرورت ہے۔ مگر اُس کی صورتحال کیرل سے فرق تھی۔ وہ بہت زیادہ منشیات استعمال کرتا تھا۔ اُس نے دو سال تک اپنی اِس عادت کو ترک کرنے کی کوشش کی مگر ناکام رہا۔ رابرٹ کہتا ہے: ”نشے کی عادت کو ترک کرنا اتنا آسان نہیں ہے کیونکہ آپ کا جسم ہر روز آپ کو نشہ کرنے پر مجبور کرتا ہے۔“
رابرٹ مزید بیان کرتا ہے: ”مَیں نے اپنی زندگی کو تبدیل کرنے کا ارادہ کر لیا تھا تاکہ مَیں خدا کی خدمت کر سکوں۔ اِس کے لئے مَیں نے بائبل میں درج عمدہ باتوں پر غور کرنے کی کوشش کی۔ مَیں جانتا تھا کہ مَیں اپنی طاقت سے نشے کی عادت پر قابو نہیں پا سکتا۔ اِس لئے مَیں ہر روز خدا سے دُعا کرتا تھا کہ وہ مجھے اپنی زندگی کو پاکصاف کرنے کی طاقت دے۔ مَیں نے یہ محسوس کِیا کہ خدا نے واقعی میری دُعاؤں کا جواب دیا ہے۔ جب مَیں نشے کی عادت کو پوری طرح نہ چھوڑ پایا تو مجھے ندامت محسوس ہونے لگی۔ لیکن خدا کی روحُالقدس نے مجھے بھرپور طاقت بخشی۔ مجھے یقین ہے کہ اِسی طاقت کی بدولت مَیں نشے کی عادت کو ترک کرنے کے قابل ہوا ہوں۔“—فلپیوں ۴:۶-۸۔
”وہ عقابوں کی مانند بالوپر سے اُڑیں گے“
کیرل اور رابرٹ کی طرح لاکھوں یہوواہ کے گواہوں نے اپنی زندگی میں روحُالقدس کی مدد کا تجربہ کِیا ہے۔ اگر آپ چاہیں تو یہ قوت جس سے یہوواہ خدا نے اِس کائنات کو خلق کِیا ہے آپ کو بھی مل سکتی ہے۔ اگر آپ پورے دل سے یہوواہ خدا سے درخواست کریں گے تو وہ خوشی سے آپ کو اپنی رُوح عطا کرے گا۔ لیکن اِس رُوح کو حاصل کرنے کے لئے آپ کو خدا کے بارے میں سچائی سیکھنے اور اُس کی مرضی پوری کرنے کی ضرورت ہے۔—یسعیاہ ۵۵:۶؛ عبرانیوں ۱۱:۶۔
روحُالقدس کی طاقت سے آپ خدا کی خدمت کرنے اور اپنی زندگی میں آنے والی مشکلات کا مقابلہ کرنے کے قابل ہوں گے۔ بائبل ہمیں اِسی بات کا یقین دلاتی ہے: ”[یہوواہ] تھکے ہوئے کو زور بخشتا ہے اور ناتوان کی توانائی کو زیادہ کرتا ہے۔ . . . [یہوواہ] کا انتظار کرنے والے ازسرِنو زور حاصل کریں گے۔ وہ عقابوں کی مانند بالوپر سے اُڑیں گے وہ دوڑیں گے اور نہ تھکیں گے۔ وہ چلیں گے اور ماندہ نہ ہوں گے۔“—یسعیاہ ۴۰:۲۸-۳۱۔
[فٹنوٹ]
a بعض نام تبدیل کئے گئے ہیں۔
[صفحہ ۸ پر عبارت]
’مَیں جانتا تھا کہ مَیں اپنی طاقت سے نشے کی عادت پر قابو نہیں پا سکتا۔ اِس لئے مَیں ہر روز خدا سے دُعا کرتا تھا۔ مَیں نے یہ محسوس کِیا کہ خدا نے واقعی میری دُعاؤں کا جواب دیا ہے‘
[صفحہ ۷ پر بکس/تصویریں]
روحُالقدس کے مختلف کام
خدا نے روحُالقدس کے ذریعے پوری کائنات کو خلق کِیا۔ زبورنویس نے بیان کِیا: ”اَے[یہوواہ]! تیری صنعتیں کیسی بےشمار ہیں! تُو نے یہ سب کچھ حکمت سے بنایا۔ زمین تیری مخلوقات سے معمور ہے۔“ اُس نے مزید کہا: ”تُو اپنی رُوح بھیجتا ہے اور یہ پیدا ہوتے ہیں۔“—زبور ۱۰۴:۲۴، ۳۰؛ پیدایش ۱:۲؛ ایوب ۳۳:۴۔
روحُالقدس نے خدا کے بعض خادموں کو بائبل تحریر کرنے کا الہام بخشا۔ پولس رسول نے لکھا: ”ہر ایک صحیفہ جو خدا کے الہام سے ہے . . . فائدہمند“ ہے۔ (۲-تیمتھیس ۳:۱۶) لفظ ”الہام“ سے مُراد ہے کہ یہوواہ خدا کی رُوح نے بائبل لکھنے والوں کی راہنمائی کی تاکہ وہ ”خدا کا کلام“ صحیح طرح سے تحریر کر سکیں۔—۱-تھسلنیکیوں ۲:۱۳۔
روحُالقدس کی ہدایت سے خدا کے خادم دُرست پیشینگوئیاں کرنے کے قابل ہوئے۔ پطرس رسول نے بیان کِیا: ”کتابِمُقدس کی کسی نبوّت کی بات کی تاویل کسی کے ذاتی اختیار پر موقوف نہیں۔ کیونکہ نبوّت کی کوئی بات آدمی کی خواہش سے کبھی نہیں ہوئی بلکہ آدمی روحُالقدس کی تحریک کے سبب سے خدا کی طرف سے بولتے تھے۔“—۲-پطرس ۱:۲۰، ۲۱؛ یوایل ۲:۲۸۔
روحُالقدس نے یسوع اور دیگر وفادار خادموں کو خدا کی بادشاہت کی خوشخبری سنانے اور معجزے دکھانے کی طاقت بخشی۔ یسوع مسیح نے کہا: ”[یہوواہ] کا رُوح مجھ پر ہے اِس لئے کہ اُس نے مجھے غریبوں کو خوشخبری دینے کے لئے مسح کِیا۔ اُس نے مجھے بھیجا ہے کہ قیدیوں کو رِہائی اور اندھوں کو بینائی پانے کی خبر سناؤں۔“—لوقا ۴:۱۸؛ متی ۱۲:۲۸۔
[صفحہ ۹ پر بکس/تصویریں]
روحُالقدس کن طریقوں سے ہماری مدد کر سکتی ہے؟
روحُالقدس آپ کو آزمائشوں اور بُری عادتوں پر قابو پانے کے لئے طاقت دے سکتی ہے۔ پولس رسول نے کہا: ”خدا سچا ہے۔ وہ تُم کو تمہاری طاقت سے زیادہ آزمایش میں نہ پڑنے دے گا بلکہ آزمایش کے ساتھ نکلنے کی راہ بھی پیدا کر دے گا تاکہ تُم برداشت کر سکو۔“—۱-کرنتھیوں ۱۰:۱۳۔
روحُالقدس خدا کو خوش کرنے والی خوبیاں پیدا کرنے میں آپ کی مدد کر سکتی ہے۔ ”رُوح کا پھل محبت۔ خوشی۔ اطمینان۔ تحمل۔ مہربانی۔ نیکی۔ ایمانداری۔ حلم۔ پرہیزگاری ہے۔“—گلتیوں ۵:۲۲، ۲۳۔
روحُالقدس آپ کو مشکلات کا مقابلہ کرنے کے لئے مضبوط بنا سکتی ہے۔ ”جو مجھے طاقت بخشتا ہے اُس میں مَیں سب کچھ کر سکتا ہوں۔“—فلپیوں ۴:۱۳۔