یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • م02 15/‏12 ص.‏ 19-‏22
  • کیا آپ سافن اور اُسکے خاندان سے واقف ہیں؟‏

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • کیا آپ سافن اور اُسکے خاندان سے واقف ہیں؟‏
  • مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏2002ء
  • ذیلی عنوان
  • ملتا جلتا مواد
  • سافن سچی پرستش کی حمایت کرتا ہے
  • اخیقام اور جدلیاہ
  • جمریاہ اور میکایاہ
  • العاسہ اور یازنیاہ
  • سافن اور اُسکے خاندان کی تاریخی اہمیت
  • ہم کیا سیکھ سکتے ہیں؟‏
  • کیا آپ کو یاد ہے؟‏
    مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏2003ء
  • فروتن یوسیاہ یہوواہ کا منظورِنظر تھا
    مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏2000ء
مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏2002ء
م02 15/‏12 ص.‏ 19-‏22

کیا آپ سافن اور اُسکے خاندان سے واقف ہیں؟‏

اپنی بائبل پڑھتے وقت کیا آپ نے کبھی سافن اور اُسکے بارسوخ خاندان کے چند افراد کے ذکر پر غور کِیا ہے؟ وہ کون تھے؟ کیا کرتے تھے؟ نیز ہم اُن سے کیا سبق سیکھ سکتے ہیں؟‏

یوسیاہ بادشاہ کے ۶۴۲ ق.‏س.‏ع.‏ میں سچی پرستش کو بحال کرنے کے حوالے سے بائبل ”‏ساؔفن بِن اؔصلیاہ بِن مسلّاؔم“‏ کا تعارف کراتی ہے۔ (‏۲-‏سلاطین ۲۲:‏۳‏)‏ اگلے ۳۶ برسوں میں، ۶۰۷ ق.‏س.‏ع.‏ میں یروشلیم کی بربادی تک ہمارا تعارف اُسکے چار بیٹوں، اخیقام، العاسہ، جمریاہ اور یازنیاہ اور دو پوتوں، میکایاہ اور جدلیاہ سے کرایا جاتا ہے۔ (‏چارٹ دیکھیں۔)‏ انسائیکلوپیڈیا جوڈیکا بیان کرتا ہے، ”‏سافن کا خاندان [‏یہوداہ کی سلطنت میں]‏ اعلیٰ مرتبے پر فائز تھا اور یوسیاہ کے زمانہ سے لیکر اسیری میں جانے تک بادشاہ کے فقیہوں کے منصب پر فائز تھا۔ سافن اور اُس کے خاندان کی بابت بائبل جوکچھ بیان کرتی ہے اُس سے ہمیں اس بات کو سمجھنے میں مدد ملے گی کہ اُنہوں نے یرمیاہ نبی اور یہوواہ کی سچی پرستش کی کیسے حمایت کی تھی۔‏

سافن سچی پرستش کی حمایت کرتا ہے

جب ۶۴۲ ق.‏س.‏ع.‏ میں، یوسیاہ بادشاہ تقریباً ۲۵ برس کا تھا تو سافن بادشاہ کے مُنشی اور فقیہ کے طور پر خدمت انجام دے رہا تھا۔ (‏یرمیاہ ۳۶:‏۱۰‏)‏ اس میں کیا کچھ شامل تھا؟ متذکرہ انسائیکلوپیڈیا بیان کرتا ہے کہ شاہی فقیہ اور مُنشی بادشاہ کا خاص مشیر، خزانچی، حکومتی اُمور اور امورِخارجہ، بین‌الاقوامی قانون اور تجارتی معاہدوں سے بخوبی واقف ہوتا تھا۔ پس شاہی مُنشی، سافن سلطنت کا سب سے بارسوخ شخص تھا۔‏

دس سال پہلے، نوعمر یوسیاہ ”‏اپنے باپ داؔؤد کے خدا کا طالب ہوا“‏ تھا۔ بدیہی طور پر سافن یوسیاہ سے کافی بڑا تھا اور یوں اُس کیلئے ایک اچھا روحانی مشیر اور سچی پرستش کو بحال کرنے کے سلسلے میں یوسیاہ کی پہلی مہم کا حمایتی ثابت ہو سکتا تھا۔‏a‏—‏۲-‏تواریخ ۳۴:‏۱-‏۸‏۔‏

ہیکل کی مرمت کے دوران ’‏شریعت کی کتاب ملی‘‏ اور سافن نے ’‏اُس کو بادشاہ کے سامنے پڑھا۔‘‏ یوسیاہ اسے سُن کر حیران رہ گیا اور اس کتاب کی بابت دریافت کرنے کے لئے ایک وفد خلدہ نبِیّہ کے پاس بھیجا۔ بادشاہ نے سافن اور اُس کے بیٹے اخیقام پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اُنہیں اس وفد میں شامل کِیا۔—‏۲-‏سلاطین ۲۲:‏۸-‏۱۴؛‏ ۲-‏تواریخ ۳۴:‏۱۴-‏۲۲‏۔‏

سافن کے منصب سے متعلق صحائف میں یہ واحد بیان ہے۔ بائبل کی دیگر آیات میں اُسکا حوالہ صرف باپ یا دادا کے طور پر دیا گیا ہے۔ سافن کی اولاد یرمیاہ نبی کی قربت میں رہی تھیں۔‏

اخیقام اور جدلیاہ

جیسے‌کہ ہم پہلے دیکھ چکے ہیں، سافن کے بیٹے اخیقام کا ذکر اُس وفد میں کِیا گیا ہے جو خلدہ نبِیّہ کے پاس گیا تھا۔ ایک کتاب بیان کرتی ہے:‏ ”‏اگرچہ عبرانی بائبل میں اخیقام کے مرتبے کی بابت کچھ نہیں لکھا توبھی یہ بات واضح ہے کہ وہ اعلیٰ منصب پر فائز تھا۔“‏

اس واقع کے کوئی ۱۵ برس بعد، یرمیاہ کی زندگی خطرے میں تھی۔ جب اُس نے لوگوں کو آگاہ کِیا کہ یہوواہ یروشلیم کو برباد کرے گا تو ”‏کاہنوں اور نبیوں اور سب لوگوں نے اُسے پکڑا اور کہا کہ تُو یقیناً قتل کِیا جائے گا۔“‏ اس کے بعد کیا واقع ہوا؟ سرگزشت بیان کرتی ہے:‏ ”‏اؔخیقام بن ساؔفن یرؔمیاہ کا دست‌گیر تھا تاکہ وہ قتل ہونے کے لئے لوگوں کے حوالہ نہ کِیا جائے۔“‏ (‏یرمیاہ ۲۶:‏۱-‏۲۴‏)‏ اس سے کیا پتہ چلتا ہے؟ دی اینکر بائبل ڈکشنری بیان کرتی ہے:‏ ”‏یہ واقعہ نہ صرف اخیقام کے اثرورسوخ کی تصدیق کرتا ہے بلکہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ سافن خاندان کے دیگر ارکان کی طرح یرمیاہ کا خیرخواہ تھا۔“‏

بابلیوں کے ہاتھوں ۶۰۷ ق.‏س.‏ع.‏ میں یروشلیم کے برباد ہو جانے اور بیشتر لوگوں کے اسیری میں چلے جانے کے تقریباً ۲۰ سال بعد، سافن کے پوتے اور اخیقام کے بیٹے جدلیاہ کو باقی یہودیوں پر گورنر مقرر کر دیا گیا۔ کیا سافن خاندان کے دیگر لوگوں کی طرح اس نے یرمیاہ کیلئے مہربانی دکھائی تھی؟ بائبل ریکارڈ بیان کرتا ہے:‏ ”‏تب یرؔمیاہ جدلیاؔہ بن اؔخیقام کے پاس مصفاؔہ میں گیا اور اُسکے ساتھ اُن لوگوں کے درمیان جو اُس مُلک میں باقی رہ گئے تھے رہنے لگا۔“‏ چند مہینوں کے اندر اندر جدلیاہ کو قتل کر دیا گیا اور باقی کے یہودی مصر کو کوچ کرتے وقت یرمیاہ کو اپنے ساتھ لے گئے۔—‏یرمیاہ ۴۰:‏۵-‏۷؛‏ ۴۱:‏۱، ۲؛‏ ۴۳:‏۴-‏۷‏۔‏

جمریاہ اور میکایاہ

سافن کے بیٹے جمریاہ اور پوتے میکایاہ نے یرمیاہ ۳۶ باب میں بیان‌کردہ واقعات میں اہم کردار ادا کِیا۔ یہ یہویقیم بادشاہ کے پانچویں برس، تقریباً ۶۲۴ ق.‏س.‏ع.‏ کا واقعہ ہے۔ یرمیاہ کے مُنشی باروک نے یہوواہ کے گھر میں ”‏جمرؔیاہ بن ساؔفن مُنشی کی کوٹھری میں اُوپر کے صحن کے درمیان [‏یہوواہ]‏ کے گھر کے نئے پھاٹک کے مدخل پر“‏ کتاب میں سے یرمیاہ کی باتیں بلند آواز میں پڑھ کر سنائیں۔ تب ”‏میکاؔیاہ بن جمرؔیاہ بن ساؔفن نے [‏یہوواہ]‏ کا وہ سب کلام جو اُس کتاب میں تھا سنا۔“‏—‏یرمیاہ ۳۶:‏۹-‏۱۱‏۔‏

میکایاہ نے اپنے والد اور دیگر تمام شہزادوں کو اس طومار کی بابت بتایا اور وہ سب اسے سننا چاہتے تھے۔ اُنکا ردِعمل کیا تھا؟ ”‏جب اُنہوں نے وہ سب باتیں سنیں تو ڈر کر ایک دوسرے کا مُنہ تاکنے لگے اور باؔروک سے کہا کہ ہم یقیناً یہ سب باتیں بادشاہ سے بیان کرینگے۔“‏ تاہم بادشاہ سے بات کرنے سے پہلے اُنہوں نے باروک کو مشورہ دیا:‏ ”‏جا اپنے‌آپ کو اور یرؔمیاہ کو چھپا اور کوئی نہ جانے کہ تم کہاں ہو۔“‏—‏یرمیاہ ۳۶:‏۱۲-‏۱۹‏۔‏

اُنکے اندیشے کے مطابق، بادشاہ نے طومار کے پیغام کو مسترد کر دیا اور اُسے جلا ڈالا۔ سافن کے بیٹے جمریاہ سمیت بعض شہزادوں نے ”‏بادشاہ سے عرض کی کہ طومار کو نہ جلائے پر اُس نے اُن کی ایک نہ سنی۔“‏ (‏یرمیاہ ۳۶:‏۲۱-‏۲۵‏)‏ کتاب جرمایاہ—‏دی آرکیولاجیکل کمپینئین بیان کرتی ہے:‏ ”‏بادشاہ یہویقیم کے دربار میں جمریاہ یرمیاہ کا سب سے بڑا حمایتی تھا۔“‏

العاسہ اور یازنیاہ

بابل نے ۶۱۷ ق.‏س.‏ع.‏ میں یہوداہ کی سلطنت پر قبضہ کر لیا۔ وہ ہزاروں یہودیوں ”‏سب سرداروں اور سب سورماؤں .‏ .‏ .‏ اور سب دستکاروں اور لہاروں“‏ کو اسیر کرکے لے گیا جن میں حزقی‌ایل نبی بھی شامل تھا۔ متنیاہ کو نیا باج‌گزار بادشاہ بنا دیا گیا جسکا نام بابلیوں نے بدل کر صدقیاہ رکھ دیا۔ (‏۲-‏سلاطین ۲۴:‏۱۲-‏۱۷‏)‏ بعدازاں صدقیاہ نے ایک وفد بابل روانہ کِیا جس میں سافن کا بیٹا العاسہ بھی شامل تھا۔ یرمیاہ نے العاسہ کو ایک خط دیا جس میں اسیر یہودیوں کیلئے یہوواہ کی طرف سے ایک خاص پیغام تھا۔—‏یرمیاہ ۲۹:‏۱-‏۳‏۔‏

بائبل ریکارڈ ظاہر کرتا ہے کہ سافن، اُسکے تین بیٹوں اور دو پوتوں نے سچی پرستش اور وفادار نبی یرمیاہ کی حمایت کرنے کیلئے اپنے اعلیٰ منصب کو استعمال کِیا تھا۔ سافن کے بیٹے یازنیاہ کی بابت کیا ہے؟ سافن کے خاندان کے دیگر ارکان کے برعکس وہ بُت‌پرستی میں پڑ گیا۔ بابل میں حزقی‌ایل کی اسیری کے چھٹے برس یا تقریباً ۶۱۲ ق.‏س.‏ع.‏ میں، نبی نے ایک رویا دیکھی جس میں ۷۰ آدمی یروشلیم کی ہیکل میں بُتوں کے سامنے بخور جلا رہے تھے۔ اِن میں یازنیاہ بھی شامل تھا جسکا بنام ذکر کِیا گیا تھا۔ اس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ وہ اس گروہ کا ایک اہم فرد تھا۔ (‏حزقی‌ایل ۸:‏۱، ۹-‏۱۲)‏ یازنیاہ کی مثال ظاہر کرتی ہے کہ ایک خداپرست گھرانے میں پرورش پانا اس بات کی ضمانت نہیں کہ ایک شخص یہوواہ کا وفادار پرستار ثابت ہوگا۔ ہر شخص اپنے اعمال کا خود ذمہ‌دار ہے۔—‏۲-‏کرنتھیوں ۵:‏۱۰‏۔‏

سافن اور اُسکے خاندان کی تاریخی اہمیت

جبتک سافن اور اُس کا خاندان یروشلیم میں رونما ہونے والے واقعات میں اپنا کردار ادا کرتا رہا اُس وقت تک یہوداہ میں مہروں کا استعمال بڑا عام ہو گیا تھا۔ مہروں کو تصدیق کرنے یا دستاویز پر دستخط کرنے کیلئے استعمال کِیا جاتا تھا اور یہ قیمتی پتھر، دھات، ہاتھی دانت یا شیشے کی بنی ہوتی تھیں۔ عام طور پر مہر کے مالک یا اُسکے والد کا نام یا پھر کبھی‌کبھار مالک کا لقب اس پر کندہ ہوتا تھا۔‏

مٹی پر سینکڑوں عبرانی مہروں کے نشانات ملے ہیں۔ قدیم نقش‌کاری کے مطالعے، عبرانی علمِ‌کتبہ کے عالم، پروفیسر نعمان آوی‌جد نے لکھا:‏ ”‏مہروں کی نقش‌کاری ہی واحد عبرانی کتبہ‌نگاری ہے جو بائبل کے مشہور آدمیوں کا ذکر کرتی ہے۔“‏ کیا سافن یا اسکے خاندان کے کسی فرد کی مہری نقش‌کاری ملی ہے؟ جی‌ہاں، سافن اور اُسکے بیٹے جمریاہ کا نام صفحہ ۱۹ اور ۲۱ پر دکھائی جانے والی مہر پر نقش ہے۔‏

علما کا خیال ہے کہ نقش‌کاری میں شاید خاندان کے دیگر چار افراد کا بھی ذکر کِیا گیا ہے—‏سافن کا باپ اصلیاہ؛ سافن کا بیٹا اخیقام؛ سافن کا بیٹا جمریاہ؛ اور جدلیاہ جسے مہر پر موجود نقش‌کاری ”‏گھرانے کا سردار“‏ ظاہر کرتی ہے۔ اِن مہروں میں چوتھی کی بابت کہا جاتا ہے کہ یہ سافن کے پوتے جدلیاہ کی تھی اگرچہ اُسکے باپ اخیقام کا ذکر نہیں کِیا گیا تھا۔ مہر پر کندہ اُس کا لقب ظاہر کرتا ہے کہ وہ مُلک میں سب سے اُونچے عہدے پر فائز تھا۔‏

ہم کیا سیکھ سکتے ہیں؟‏

سافن اور اُس کے خاندان نے اپنے اعلیٰ منصب کو سچی پرستش اور وفادار یرمیاہ کی حمایت میں استعمال کرنے کا عمدہ نمونہ قائم کِیا تھا!‏ ہم بھی اپنے وسائل اور اثرورسوخ کو یہوواہ کی تنظیم اور اپنے ساتھی پرستاروں کی حمایت کیلئے استعمال کر سکتے ہیں۔‏

بائبل کو بِلاناغہ پڑھنا بلکہ اس کی تحقیق کرنا اور ماضی میں سافن اور اُسکے گھرانے کے یہوواہ کے گواہوں سے واقف ہونا ہمارے لئے بابرکت اور ایمان‌افزا ہے۔ وہ بھی ’‏گواہوں کے بڑے بادل‘‏ کا حصہ ہیں جنکے نمونے کی ہم نقل کر سکتے ہیں۔—‏عبرانیوں ۱۲:‏۱‏۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

a سافن یقیناً یوسیاہ سے کافی بڑا ہوگا کیونکہ جب یوسیاہ تقریباً ۲۵ برس کا تھا تو سافن کا بیٹا اخیقام ایک جوان شخص تھا۔—‏۲-‏سلاطین ۲۲:‏۱-‏۳،‏ ۱۱-‏۱۴‏۔‏

‏[‏صفحہ ۲۲ پر بکس]‏

خلدہ—‏ایک بارسوخ نبِیّہ

ہیکل سے ملنے والی ’‏شریعت کی کتاب‘‏ کو سننے کے بعد، یوسیاہ بادشاہ نے سافن اور چار دیگر اعلیٰ عہدیداروں کو کتاب کی بابت ’‏یہوواہ سے دریافت‘‏ کرنے کا حکم دیا۔ (‏۲-‏سلاطین ۲۲:‏۸-‏۲۰‏)‏ اس وفد کو جواب کہاں سے مل سکتا تھا؟ اُس وقت یرمیاہ، غالباً ناحوم اور صفنیاہ نیز تمام نبی اور بائبل مصنف یہوداہ میں رہتے تھے۔ لہٰذا یہ وفد خلدہ نبِیّہ کے پاس گیا۔‏

کتاب جیروصلم—‏این آر کیولاجیکل بائیوگرافی بیان کرتی ہے:‏ ”‏اس واقعہ کی حیران‌کُن بات یہ ہے کہ کہانی میں مرد یا عورت کے پہلو پر کوئی خاص توجہ نہیں دلائی گئی۔ کسی نے بھی تمام مردوں کے شریعت کی بابت ایک عورت سے دریافت کر نے پر توجہ نہیں دی تھی۔ جب اُس نے اسے خداوند کا کلام کہا تو کسی نے بھی ایسا کہنے کے اُسکے اختیار کو چیلنج نہ کِیا۔ قدیم اسرائیل میں عورت کے کردار کی اہمیت کا تعیّن کر نے وا لے عالم اکثر اس واقعہ کو نظرانداز کر دیتے ہیں۔“‏ بِلاشُبہ، پیغام یہوواہ کی طرف سے ہی تھا۔‏

‏[‏صفحہ ۱۲ پر ڈائیگرام/‏تصویریں]‏

‏(‏تصویر کے لئے چھپے ہوئے صفحے کو دیکھیں)‏

سافن کا شجرۂ‌نسب

مسلام

↓

اصلیاہ

↓

سافن سافن

↓ ↓ ↓ ↓

اخیقام العاسہ جمریاہ یازنیاہ

↓ ↓

جدلیاہ میکایاہ

‏[‏صفحہ ۲۰ پر تصویر]‏

جمریاہ اور دیگر نے یہویقیم سے التجا کی کہ یرمیاہ سے حاصل ہونے والے طومار کو نہ جلائے

‏[‏صفحہ ۲۲ پر تصویر]‏

اگرچہ یازنیاہ سافن کے گھرانے کا فرد تھا تو بھی اُسے رویا میں بُتوں کی پرستش کرتے دیکھا گیا تھا

‏[‏صفحہ ۱۹ پر تصویر کا حوالہ]‏

Courtesy Israel Antiquities Authority

‏[‏صفحہ ۲۱ پر تصویر کا حوالہ]‏

Courtesy Israel Antiquities Authority

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں