سبق نمبر 55
یہوواہ کے فرشتے نے حِزقیاہ کی حفاظت کی
اسور کی حکومت نے اِسرائیل پر قبضہ کر لیا۔ اب اسور کا بادشاہ سِنّحیرِب یہوداہ پر بھی قبضہ کرنا چاہتا تھا۔ اُس نے ایک ایک کر کے یہوداہ کے شہروں پر قبضہ کرنا شروع کر دیا۔ لیکن وہ خاص طور پر یروشلم پر قبضہ کرنا چاہتا تھا۔ مگر وہ یہ نہیں جانتا تھا کہ یہوواہ یروشلم کی حفاظت کر رہا ہے۔
یہوداہ کے بادشاہ حِزقیاہ نے سِنّحیرِب کو بہت پیسے دیے تاکہ وہ یروشلم پر حملہ نہ کرے۔ سِنّحیرِب نے پیسے تو لے لیے لیکن پھر بھی اُس نے یروشلم پر حملہ کرنے کے لیے ایک بہت بڑی فوج بھیجی۔ یروشلم کے لوگ ڈرے ہوئے تھے کیونکہ اسوری آہستہ آہستہ شہر کے قریب آتے جا رہے تھے۔ پھر حِزقیاہ نے لوگوں سے کہا: ”ڈریں نہیں۔ اسوری طاقتور ہیں لیکن یہوواہ ہمیں اُن سے زیادہ طاقتور بنائے گا۔“
سِنّحیرِب نے اپنے خادم ربشاقی کو یروشلم بھیجا تاکہ وہ وہاں کے لوگوں کا مذاق اُڑائے۔ ربشاقی شہر کے باہر کھڑا ہوا اور اُونچی آواز میں کہنے لگا: ”یہوواہ تمہاری مدد نہیں کر سکتا۔ حِزقیاہ کی باتوں میں نہ آؤ۔ ایسا کوئی خدا نہیں جو تمہیں ہمارے ہاتھ سے بچا سکے۔“
حِزقیاہ نے یہوواہ سے پوچھا کہ اب اُنہیں کیا کرنا چاہیے۔ یہوواہ نے حِزقیاہ سے کہا: ”ربشاقی کی باتوں سے نہ ڈرو۔ سِنّحیرِب یروشلم پر قبضہ نہیں کر پائے گا۔“ پھر حِزقیاہ کو سِنّحیرِب کی طرف سے کچھ خط ملے جن میں یہ لکھا تھا: ”ہار مان لو! یہوواہ تمہیں نہیں بچا سکتا۔“ حِزقیاہ نے یہوواہ سے یہ دُعا کی: ”اَے یہوواہ! مہربانی سے ہمیں بچا لے تاکہ سب لوگ جان جائے کہ تو ہی سچا خدا ہے۔“ یہوواہ نے اُن سے کہا: ”اسور کا بادشاہ یروشلم میں نہیں آئے گا۔ مَیں اپنے شہر کی حفاظت کروں گا۔“
سِنّحیرِب کو لگ رہا تھا کہ بہت جلد یروشلم اُس کا ہوگا۔ لیکن ایک رات یہوواہ نے اپنے ایک فرشتے کو اُس جگہ بھیجا جہاں سِنّحیرِب کی فوج نے خیمے لگائے تھے۔ اُس فرشتے نے 1 لاکھ 85 ہزار فوجیوں کو مار ڈالا۔ بادشاہ سِنّحیرِب نے اپنی ایک طاقتور فوج کھو دی تھی۔ اِس لیے اب اُس کے پاس واپس جانے کے علاوہ کوئی اَور چارہ نہیں تھا۔ یہوواہ نے اپنا وعدہ پورا کِیا۔ اُس نے حِزقیاہ اور یروشلم کی حفاظت کی۔ اگر آپ اُس وقت یروشلم میں ہوتے تو کیا آپ بھی یہوواہ پر بھروسا رکھتے؟
”یہوواہ کا فرشتہ اُن سب کے گِرد پہرا دیتا ہے جو اُس کا خوف رکھتے ہیں اور اُنہیں بچاتا ہے۔“—زبور 34:7