باب 1
خدا کی طرف سے دو خاص پیغام
جبرائیل کے ذریعے یوحنا کی پیدائش کی پیشگوئی
جبرائیل نے مریم کو یسوع کی پیدائش کے بارے میں بتایا
ویسے تو پوری بائبل خدا کی طرف سے ایک پیغام ہے جو اُس نے ہماری ہدایت کے لیے دیا ہے لیکن 2000 سال پہلے خدا نے ایک فرشتے کے ذریعے دو خاص پیغام دیے۔ اِس فرشتے کا نام جبرائیل تھا۔ بائبل میں لکھا ہے کہ وہ ’خدا کے حضور کھڑے رہتے ہیں۔‘ (لُوقا 1:19) آئیں، دیکھتے ہیں کہ یہ دو پیغامات کیا تھے۔
یہ 3 قبلازمسیح کی بات تھی۔ جبرائیل نے پہلا پیغام یہوواہ خدا کے ایک کاہن کو پہنچایا جن کا نام زکریاہ تھا۔ زکریاہ اپنی بیوی الیشبع کے ساتھ یہودیہ کے پہاڑی علاقے میں شہر یروشلیم کے نزدیک رہتے تھے۔ وہ دونوں عمررسیدہ تھے اور اُن کی کوئی اولاد نہیں تھی۔ ایک دن زکریاہ یروشلیم میں خدا کی ہیکل میں کاہن کے طور پر خدمت کر رہے تھے۔ وہ بخور کی قربانگاہ کے پاس کھڑے تھے کہ اچانک اُن کو جبرائیل دِکھائی دیے۔
زکریاہ بہت گھبرا گئے۔ لیکن جبرائیل نے اُن سے کہا: ”زکریاہ، گھبرائیں نہیں کیونکہ خدا نے آپ کی اِلتجا سُن لی ہے اور آپ کی بیوی الیشبع کا بیٹا ہوگا اور آپ اُس کا نام یوحنا رکھنا۔“ پھر جبرائیل نے یوحنا کے بارے میں یہ پیشگوئی کی کہ ”وہ یہوواہ کی نظروں میں عظیم ہوگا“ اور ”وہ لوگوں کو یہوواہ کے لیے تیار کرے گا۔“—لُوقا 1:13-17۔
مگر زکریاہ کو فرشتے کی بات پر یقین نہیں آیا کیونکہ وہ اور اُن کی بیوی عمررسیدہ تھے۔ یہ دیکھ کر جبرائیل نے کہا: ”آپ نے میری باتوں پر یقین نہیں کِیا۔ . . . اِس لیے دیکھیں! آپ گونگے ہو جائیں گے اور اُس وقت تک کچھ نہیں بول سکیں گے جب تک یہ سب باتیں پوری نہ ہوں۔“—لُوقا 1:20۔
اِتنے میں باہر کھڑے لوگ حیران ہو رہے تھے کہ زکریاہ کو ہیکل میں اِتنی دیر کیوں ہو رہی ہے۔ آخرکار جب زکریاہ باہر آئے تو وہ بول نہیں سکے اور اِشاروں میں لوگوں سے باتیں کرنے لگے۔ اِس سے لوگوں کو پتہ چل گیا کہ اُنہوں نے ہیکل میں ضرور کوئی رُویا دیکھی ہے۔
جب ہیکل میں زکریاہ کی خدمت کی مُدت ختم ہو گئی تو وہ گھر چلے گئے۔ اِس کے کچھ عرصے بعد زکریاہ کی بیوی الیشبع حاملہ ہو گئیں۔ اِس کے بعد وہ پانچ مہینے گھر میں رہیں۔
پھر جبرائیل نے خدا کی طرف سے ایک اَور خاص پیغام دیا۔ اِس بار اُنہوں نے ایک کنواری لڑکی کو پیغام دیا جس کا نام مریم تھا۔ مریم گلیل کے علاقے میں شہر ناصرت میں رہتی تھیں۔ جبرائیل نے اُن سے کہا: ”آپ کو خدا کی خوشنودی حاصل ہوئی ہے۔“ پھر اُنہوں نے کہا: ”دیکھیں! آپ حاملہ ہوں گی اور آپ کا بیٹا ہوگا اور آپ اُس کا نام یسوع رکھنا۔ وہ عظیم ہوگا اور خدا تعالیٰ کا بیٹا کہلائے گا اور . . . وہ یعقوب کے گھرانے پر ہمیشہ تک بادشاہ کے طور پر حکمرانی کرے گا اور اُس کی بادشاہت کبھی ختم نہیں ہوگی۔“—لُوقا 1:30-33۔
بِلاشُبہ یہ جبرائیل کے لیے بڑے اعزاز کی بات تھی کہ اُنہیں یہ دو خاص پیغام پہنچانے کا شرف ملا۔ جوںجوں آپ آگے پڑھیں گے، آپ جان جائیں گے کہ یہ پیغام اِتنے اہم کیوں تھے۔