یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • tw باب 13 ص.‏ 120-‏127
  • یہوواہ خدا کے تخت کے آگے ایک بڑی بِھیڑ

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • یہوواہ خدا کے تخت کے آگے ایک بڑی بِھیڑ
  • سچے خدا کی عبادت کریں
  • ذیلی عنوان
  • ملتا جلتا مواد
  • بڑی بھیڑ کی شناخت
  • خدا کے معیاروں پر پورا اُتریں
  • حالیہ برکتیں
  • ‏”‏دیکھو!‏ لوگوں کی ایک بڑی بِھیڑ“‏
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—2019ء
  • پاک خدمت سرانجام دینے والی ایک بڑی بھیڑ
    مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏1995ء
  • آبِ‌حیات کے چشموں کے پاس جانے کے لائق ٹھہرنا
    مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏2008ء
  • سوالات از قارئین
    مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏1995ء
مزید
سچے خدا کی عبادت کریں
tw باب 13 ص.‏ 120-‏127

تیرھواں باب

یہوواہ خدا کے تخت کے آگے ایک بڑی بِھیڑ

۱.‏ (‏ا)‏ قدیم زمانے کے خدا کے خادم اور ممسوح مسیحی اپنا انعام کیسے پاتے ہیں؟ (‏ب)‏ ”‏بڑی بِھیڑ“‏ کے افراد کونسی اُمید رکھ سکتے ہیں؟‏

ہابل سے لے کر یوحنا بپتسمہ دینے والے تک بہت سے ایسے انسان تھے جو خدا کے وفادار رہے۔ اس کے باوجود وہ سب موت کی نیند سو گئے۔ لیکن وہ جانتے تھے کہ اُنہیں انعام کے طور پر خدا کی نئی دُنیا میں زندہ کِیا جائے گا۔ اسی طرح یسوع مسیح کے ساتھ حکمرانی کرنے والے ۱،۴۴،۰۰۰ اشخاص کو بھی مرنا ہوگا تاکہ اُنہیں آسمان پر زندہ کِیا جائے۔ لیکن مکاشفہ ۷:‏۹ میں ہر ایک قوم میں سے لی گئی ایک ایسی ”‏بڑی بِھیڑ“‏ کا ذکر ہے جس کے افراد کو کبھی مرنا نہیں پڑے گا۔ یہ لوگ ہمیشہ تک زمین پر زندہ رہ سکیں گے۔ کیا آپ بھی اُن میں سے ایک ہیں؟‏

بڑی بھیڑ کی شناخت

۲.‏ جس بڑی بِھیڑ کا ذکر مکاشفہ ۷:‏۹ میں ہوا ہے اس کی شناخت کیسے کی گئی؟‏

۲ سن ۱۹۲۳ میں یہوواہ کے خادم سمجھ گئے تھے کہ متی ۲۵:‏۳۱-‏۴۶ میں جن ”‏بھیڑوں“‏ اور یوحنا ۱۰:‏۱۶ میں جن ’‏اَور بھی بھیڑوں‘‏ کا ذکر ہے یہ ایک ہی گروہ کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کو ہمیشہ تک زمین پر زندہ رہنے کا موقع دیا جائے گا۔ پھر سن ۱۹۳۱ میں خدا کے خادم جان گئے کہ حزقی‌ایل ۹:‏۱-‏۱۱ میں جن لوگوں کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اُن کی پیشانی پر نشان کئے جائیں گے یہ وہی لوگ ہیں جو زمین پر زندہ رہنے کی اُمید رکھتے ہیں۔ آخرکار سن ۱۹۳۵ میں یہ واضح ہو گیا کہ مکاشفہ ۷:‏۹ میں جس بڑی بِھیڑ کا ذکر ہے یہ اُن بھیڑوں میں شامل ہے جن کا ذکر یوحنا ۱۰:‏۱۶ میں ہوا ہے۔ آج اس بڑی بِھیڑ میں لاکھوں لوگ شامل ہیں۔‏

۳.‏ جبکہ بڑی بِھیڑ ”‏تخت .‏ .‏ .‏ کے آگے کھڑی ہے“‏ تو پھر ہم کیسے جانتے ہیں کہ اس کے افراد آسمان پر نہیں جائیں گے؟‏

۳ مکاشفہ ۷:‏۹ میں یہ نہیں کہا گیا کہ بڑی بِھیڑ آسمان پر ہے بلکہ اس آیت میں کہا گیا ہے کہ بڑی بِھیڑ خدا کے ”‏تخت .‏ .‏ .‏ کے آگے کھڑی ہے۔“‏ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ بڑی بِھیڑ بذاتخود آسمان پر ہے بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ خدا جس کا تخت آسمان پر ہے اُنہیں دیکھتا ہے۔ (‏زبور ۱۱:‏۴‏)‏ غور کریں کہ اس بڑی بِھیڑ کے بارے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسے ”‏کوئی شمار نہیں کر سکتا“‏ یعنی ہمیں معلوم نہیں کہ اس میں کتنے لوگ شامل ہوں گے۔ لیکن مکاشفہ ۷:‏۴-‏۸ اور مکاشفہ ۱۴:‏۱-‏۴ میں بتایا گیا ہے کہ جو لوگ آسمان پر جائیں گے اُن کی تعداد ٹھیک ۱،۴۴،۰۰۰ ہوگی۔ اس بات سے ہم جان جاتے ہیں کہ بڑی بِھیڑ کے افراد آسمان پر نہیں جائیں گے۔‏

۴.‏ (‏ا)‏ بڑی بِھیڑ کس ”‏بڑی مصیبت“‏ میں سے بچ نکلے گی؟ (‏ب)‏ مکاشفہ ۷:‏۱۱، ۱۲ کے مطابق بڑی بِھیڑ کے ساتھ ملکر کون خدا کی عبادت کرے گا؟‏

۴ مکاشفہ ۷:‏۱۴ میں بڑی بِھیڑ کے افراد کے بارے میں کہا گیا ہے کہ ”‏یہ وہی ہیں جو اُس بڑی مصیبت میں سے نکل کر آئے ہیں۔“‏ یہ لوگ دُنیا پر آنے والی سب سے بڑی مصیبت میں سے بچ نکلیں گے۔ (‏متی ۲۴:‏۲۱‏)‏ وہ یہوواہ خدا اور یسوع مسیح کا شکر ادا کریں گے جنہوں نے اُنہیں اس مصیبت میں سے زندہ بچا لیا ہوگا۔ تب آسمان پر رہنے والی تمام مخلوق بڑی بِھیڑ کے ساتھ ملکر کہے گی:‏ ”‏آمین۔ حمد اور تمجید اور حکمت اور شکر اور عزت اور قدرت اور طاقت ابدالآباد ہمارے خدا کی ہو۔ آمین۔“‏—‏مکاشفہ ۷:‏۱۱، ۱۲‏۔‏

خدا کے معیاروں پر پورا اُتریں

۵.‏ ہم کیسے جان سکتے ہیں کہ بڑی بِھیڑ میں شامل ہونے کے لئے ہمیں کیا کرنا ہوگا؟‏

۵ بڑی مصیبت میں سے زندہ بچ نکلنے کے لئے ہمیں یہوواہ خدا کے معیاروں پر پورا اُترنا ہوگا۔ اُس کے کلام سے ہم جان سکتے ہیں کہ بڑی بِھیڑ میں شامل لوگوں کی شناخت کن خوبیوں اور کاموں سے ہوگی۔ خود میں ان خوبیوں کو پیدا کرنے سے ہم بڑی مصیبت میں سے زندہ بچ سکیں گے۔ آئیے اب ہم دیکھتے ہیں کہ بڑی بِھیڑ کی شناخت کیسے کی جا سکتی ہے۔‏

۶.‏ بڑی بِھیڑ میں شامل افراد کس لحاظ سے بھیڑوں کی مانند ہوتے ہیں؟‏

۶ بھیڑیں حلیم اور تابعدار ہوتی ہیں۔ لہٰذا جب یسوع نے کہا تھا کہ آسمان پر جانے کی اُمید رکھنے والوں کے علاوہ اُس کی ”‏اَور بھی بھیڑیں“‏ ہیں تو اُس کا اشارہ ایسے لوگوں کی طرف تھا جو نہ صرف ہمیشہ کے لئے زمین پر زندہ رہنا چاہتے ہیں بلکہ جو اُس کی تعلیمات پر عمل کرنے کو بھی تیار ہیں۔ یسوع نے کہا:‏ ”‏میری بھیڑیں میری آواز سنتی ہیں اور مَیں اُنہیں جانتا ہوں اور وہ میرے پیچھے پیچھے چلتی ہیں۔“‏ (‏یوحنا ۱۰:‏۱۶،‏ ۲۷‏)‏ یہ ایسے لوگ ہیں جو یسوع کی تعلیمات پر غور کرنے اور اُس کے حکم بجا لانے سے اُس کے شاگرد بن جاتے ہیں۔‏

۷.‏ یسوع مسیح کے پیروکاروں کو خود میں اَور کونسی خوبیاں پیدا کرنی چاہئیں؟‏

۷ یسوع مسیح کے پیروکاروں کو خود میں اَور کونسی خوبیاں پیدا کرنی چاہئیں؟ خدا کے کلام میں یوں لکھا ہے:‏ ”‏تُم اپنے اگلے چال‌چلن کی اُس پُرانی انسانیت کو اُتار ڈالو .‏ .‏ .‏ اور نئی انسانیت کو پہنو جو خدا کے مطابق سچائی کی راستبازی اور پاکیزگی میں پیدا کی گئی ہے۔“‏ (‏افسیوں ۴:‏۲۲-‏۲۴‏)‏ لہٰذا یسوع کے پیروکار خود میں ایسی خوبیاں پیدا کرتے ہیں جن سے خدا کے خادموں کا اتحاد برقرار رہتا ہے مثلاً ’‏محبت، خوشی، اطمینان، تحمل، مہربانی، نیکی، ایمانداری، حلم اور پرہیزگاری۔‘‏—‏گلتیوں ۵:‏۲۲، ۲۳‏۔‏

۸.‏ آسمان پر جانے والے مسیحیوں کا ساتھ دینے کی وجہ سے بڑی بِھیڑ کو کس بات کا سامنا ہے؟‏

۸ آسمانی اُمید رکھنے والے مسیحی، بادشاہت کی منادی کرنے میں پیش پیش رہے ہیں اور بڑی بِھیڑ اس کام میں اُن کا ساتھ دے رہی ہے۔ (‏متی ۲۴:‏۱۴؛‏ ۲۵:‏۴۰‏)‏ بڑی بِھیڑ کے افراد جانتے ہیں کہ ایسا کرنے سے اُن کو مخالفت کا سامنا ہوگا کیونکہ یسوع مسیح اور اُس کے فرشتوں نے شیطان اور اُس کے فرشتوں کو آسمان پر سے زمین پر گِرا دیا ہے۔ اس وجہ سے بائبل میں کہا گیا ہے:‏ ”‏اَے خشکی اور تری تُم پر افسوس!‏ کیونکہ اِبلیس بڑے قہر میں تمہارے پاس اُتر کر آیا ہے۔ اِس لئے کہ جانتا ہے کہ میرا تھوڑا ہی سا وقت باقی ہے۔“‏ (‏مکاشفہ ۱۲:‏۷-‏۱۲‏)‏ جوں جوں اس دُنیا کے خاتمے کا وقت نزدیک آتا جا رہا ہے، شیطان خدا کے خادموں کے خلاف اذیت کی آگ کو مزید بھڑکا رہا ہے۔‏

۹.‏ خدا کے خادم منادی کے کام میں کس حد تک کامیاب رہے ہیں اور اس کی کیا وجہ ہے؟‏

۹ حالانکہ بادشاہت کی منادی کرنے والوں کی سخت مخالفت کی جاتی ہے لیکن پھر بھی اس کام میں خوب ترقی ہو رہی ہے۔ پہلی عالمی جنگ کے آخر میں دُنیابھر میں اس کام میں حصہ لینے والوں کی تعداد ہزاروں میں تھی لیکن اب ان کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ یہ یہوواہ خدا کے اس وعدے کے عین مطابق ہے:‏ ”‏کوئی ہتھیار جو تیرے خلاف بنایا جائے کام نہ آئے گا۔“‏ (‏یسعیاہ ۵۴:‏۱۷‏)‏ پہلی صدی میں یہودیوں کی صدرعدالت کا ایک رُکن بخوبی جانتا تھا کہ جو کام خدا کی طرف سے ہے اُسے کوئی نہیں روک سکتا۔ اُس نے عدالت کے مذہبی پیشواؤں سے یسوع کے شاگردوں کے بارے میں کہا:‏ ”‏اِن آدمیوں سے کنارہ کرو اور اِن سے کچھ کام نہ رکھو۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ خدا سے بھی لڑنے والے ٹھہرو کیونکہ یہ تدبیر یا کام اگر آدمیوں کی طرف سے ہے تو آپ برباد ہو جائے گا۔ لیکن اگر خدا کی طرف سے ہے تو تُم اِن لوگوں کو مغلوب نہ کر سکو گے۔“‏—‏اعمال ۵:‏۳۸، ۳۹‏۔‏

۱۰.‏ (‏ا)‏ بڑی بِھیڑ کے افراد کی پیشانی پر لگائے جانے والا نشان کس بات کی علامت ہے؟ (‏ب)‏ خدا کے خادم جھوٹے مذاہب کے سلسلے میں جاری ہونے والے حکم پر کیسے عمل کر رہے ہیں؟‏

۱۰ بائبل میں بڑی بِھیڑ کے افراد کے بارے میں کہا گیا ہے کہ اُن کی پیشانی پر ایک ایسا نشان کِیا جائے گا جس کی بِنا پر وہ بڑی مصیبت میں سے بچائے جائیں گے۔ (‏حزقی‌ایل ۹:‏۴-‏۶)‏ یہ کوئی اصلی نشان نہیں ہے بلکہ اس بات کی علامت ہے کہ ان لوگوں نے خود کو یہوواہ خدا کے لئے وقف کر دیا ہے، اُنہوں نے یسوع کے شاگردوں کے طور پر بپتسمہ لے لیا ہے اور اب وہ خود میں یسوع جیسی خوبیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اِس کے علاوہ اُنہوں نے دُنیا کے تمام جھوٹے مذاہب سے قطع‌تعلق بھی کر لیا ہے کیونکہ اُنہوں نے اِس حکم پر عمل کِیا ہے:‏ ”‏اَے میری اُمت کے لوگو!‏ اُس میں سے نکل آؤ تاکہ تُم اُس کے گُناہوں میں شریک نہ ہو اور اُس کی آفتوں میں سے کوئی تُم پر نہ آ جائے۔“‏—‏مکاشفہ ۱۸:‏۱-‏۵‏۔‏

۱۱.‏ بڑی بِھیڑ کے افراد کیسے ظاہر کرتے ہیں کہ وہ واقعی خدا کے خادم ہیں؟‏

۱۱ یسوع نے اپنے شاگردوں سے یہ بھی کہا کہ ”‏اگر آپس میں محبت رکھو گے تو اِس سے سب جانیں گے کہ تُم میرے شاگرد ہو۔“‏ (‏یوحنا ۱۳:‏۳۵‏)‏ اس کے برعکس آجکل دُنیا میں ایک ہی مذہب کے افراد جنگوں میں ایک دوسرے کا خون کرتے ہیں اور یہ محض اس لئے کہ وہ کسی دوسرے ملک سے تعلق رکھتے ہیں۔ خدا کے کلام میں یہ آگاہی پائی جاتی ہے:‏ ”‏اِسی سے خدا کے فرزند اور اِبلیس کے فرزند ظاہر ہوتے ہیں۔ جو کوئی راستبازی کے کام نہیں کرتا وہ خدا سے نہیں اور وہ بھی نہیں جو اپنے بھائی سے محبت نہیں رکھتا۔ .‏ .‏ .‏ ہم ایک دوسرے سے محبت رکھیں۔ اور قاؔئن کی مانند نہ بنیں جو اُس شریر [‏یعنی شیطان]‏ سے تھا اور جس نے اپنے بھائی کو قتل کِیا۔“‏—‏۱-‏یوحنا ۳:‏۱۰-‏۱۲‏۔‏

۱۲.‏ آنے والی بڑی مصیبت میں یہوواہ خدا اُن مذاہب سے کیسے پیش آئے گا جو بُرے پھل لا رہے ہیں؟‏

۱۲ یسوع نے یہ بھی کہا:‏ ”‏اِسی طرح ہر ایک اچھا درخت اچھا پھل لاتا ہے اور بُرا درخت بُرا پھل لاتا ہے۔ اچھا درخت بُرا پھل نہیں لا سکتا اور نہ بُرا درخت اچھا پھل لا سکتا ہے۔ جو درخت اچھا پھل نہیں لاتا وہ کاٹا اور آگ میں ڈالا جاتا ہے۔ پس اُن کے پھلوں سے تُم اُن کو پہچان لو گے۔“‏ (‏متی ۷:‏۱۷-‏۲۰‏)‏ دُنیا کے مذاہب جو پھل لا رہے ہیں ان سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ان ’‏بُرے درختوں‘‏ میں شامل ہیں جنہیں یہوواہ خدا آنے والی بڑی مصیبت میں تباہ‌وبرباد کر دے گا۔—‏مکاشفہ ۱۷:‏۱۶‏۔‏

۱۳.‏ بڑی بِھیڑ اس بات کا ثبوت کیسے دیتی ہے کہ وہ بڑی مصیبت میں سے بچائے جانے کے لائق ہے؟‏

۱۳ مکاشفہ ۷:‏۹-‏۱۵ میں بتایا گیا ہے کہ آنے والی مصیبت سے زندہ بچنے کے لئے بڑی بِھیڑ کو اَور کیا کرنا ہوگا۔ ان آیات کے مطابق بڑی بِھیڑ یہوواہ خدا کے ”‏تخت .‏ .‏ .‏ کے آگے کھڑی ہے“‏ جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کے افراد یہوواہ کو اپنے حکمران کے طور پر تسلیم کرتے ہیں۔ ”‏اِنہوں نے اپنے جامے برّہ کے خون سے دھو کر سفید کئے ہیں“‏ جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اس بات کو مانتے ہیں کہ یسوع مسیح کی جان کی قربانی کی وجہ سے اُن کے گُناہ معاف ہو سکتے ہیں۔ (‏یوحنا ۱:‏۲۹‏)‏ اُنہوں نے خود کو خدا کے لئے وقف کر دیا ہے اور بپتسمہ لینے سے اس کا ثبوت بھی دیا ہے۔ اس وجہ سے وہ خدا کے نزدیک پاک‌صاف ٹھہرائے جاتے ہیں۔ یہ اس بات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ سفید جامے پہنے ہوئے ہیں اور ”‏رات دن [‏خدا]‏ کی عبادت کرتے ہیں۔“‏ خدا کے ان تمام معیاروں پر پورا اُترنے کے لئے آپ اپنی زندگی میں کونسی تبدیلیاں لا سکتے ہیں؟‏

حالیہ برکتیں

۱۴.‏ یہوواہ خدا اپنے خادموں کو ابھی سے ہی کن برکتوں سے نوازتا ہے؟‏

۱۴ آپ نے ضرور دیکھا ہوگا کہ یہوواہ خدا ابھی سے ہی اپنے خادموں کو بہت سی برکتوں سے نواز رہا ہے۔ مثال کے طور پر بائبل کی سچائیوں کے بارے میں سیکھنے کے بعد آپ فردوسی زمین پر جینے کی اُمید رکھنے لگے ہیں اور یہوواہ خدا کی خدمت کرنے لگے ہیں۔ اِس وجہ سے آپ کی زندگی بامقصد ہو گئی ہے۔ جی‌ہاں، ہمارا بادشاہ یسوع مسیح بڑی بِھیڑ کو ”‏آبِ‌حیات کے چشموں کے پاس لے جائے گا۔“‏—‏مکاشفہ ۷:‏۱۷‏۔‏

۱۵.‏ خدا کے اصولوں اور حکموں پر عمل کرنے سے یہوواہ کے گواہوں کو کونسی برکتیں حاصل ہیں؟‏

۱۵ اس کے علاوہ دُنیابھر میں یہوواہ کے خادموں میں محبت اور اتحاد پایا جاتا ہے اور یہ بھی ایک نعمت سے کم نہیں۔ ہم سب کو ایک جیسی روحانی خوراک مہیا ہے اس لئے ہم سب خدا کے کلام میں پائے جانے والے اصولوں اور حکموں پر عمل کرتے ہیں۔ لہٰذا ہم دُنیا کے سیاسی اور قومی اختلافات میں کسی کی طرفداری نہیں کرتے جس کی وجہ سے ہم میں اتحاد پایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ہم خدا کے پاک معیاروں کے مطابق زندگی بسر کرتے ہیں۔ (‏۱-‏کرنتھیوں ۶:‏۹-‏۱۱‏)‏ جبکہ دُنیا میں لڑائی جھگڑے، جنگیں اور جنسی بدکاری عام ہیں لیکن یہوواہ کے گواہ ایک روحانی فردوس کا لطف اُٹھا رہے ہیں۔ آپ یسعیاہ ۶۵:‏۱۳، ۱۴ میں اس روحانی فردوس کے بارے میں پڑھ سکتے ہیں۔‏

۱۶.‏ مشکلات اور پریشانیوں سے دوچار ہونے کے باوجود بڑی بِھیڑ کونسی اُمید رکھتی ہے؟‏

۱۶ یہ بات سچ ہے کہ دوسرے لوگوں کی طرح یہوواہ کے خادموں سے بھی غلطیاں ہو جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ اُنہیں بھی مشکلات اور پریشانیوں سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ مثال کے طور پر وہ جنگوں، بیماریوں اور موت کا شکار بنتے ہیں اور اُنہیں بھی دُنیا کے بُرے حالات کی وجہ سے دُکھ اور تکلیف سہنا پڑتا ہے۔ لیکن اُنہیں پکا یقین ہے کہ آنے والی نئی دُنیا میں خدا ”‏اُن کی آنکھوں کے سب آنسو پونچھ دے گا۔ اِس کے بعد نہ موت رہے گی اور نہ ماتم رہے گا۔ نہ آہ‌ونالہ نہ درد۔“‏—‏مکاشفہ ۲۱:‏۴‏۔‏

۱۷.‏ چاہے یہوواہ کے خادموں پر کچھ بھی گزرے وہ کس شاندار مستقبل کی توقع رکھ سکتے ہیں؟‏

۱۷ اگر بڑھاپے، بیماری یا اذیت سہنے یا پھر کسی حادثے میں مبتلا ہونے کی وجہ سے آپ اپنی جان کھو بھی بیٹھیں تو یہوواہ خدا آپ کو فردوسی زمین پر زندہ کرے گا۔ (‏اعمال ۲۴:‏۱۵‏)‏ یسوع کی ہزار سالہ بادشاہت کے دوران آپ روحانی خوراک کی بہتات سے لطف‌اندوز ہوں گے۔ جوں جوں آپ زمین پر خدا کی مرضی پوری ہوتے دیکھیں گے آپ اُس کے زیادہ قریب ہو جائیں گے۔ اس کے علاوہ آپ کو کسی چیز کی کمی نہ ہوگی جس کی وجہ سے آپ یہوواہ خدا سے اَور بھی زیادہ محبت رکھیں گے۔ (‏یسعیاہ ۲۵:‏۶-‏۹‏)‏ خدا کے خادموں کا مستقبل واقعی شاندار ہوگا۔‏

اِن سوالات پر تبصرہ کریں

‏• بائبل کے مطابق بڑی بِھیڑ کس آفت میں سے زندہ بچ نکلے گی؟‏

‏• بڑی بِھیڑ میں شامل ہونے کے لئے ہمیں ابھی سے ہی کیا کرنا ہوگا؟‏

‏• آپ اُن برکتوں کے بارے میں کیسا خیال کرتے ہیں جو بڑی بِھیڑ کو اب حاصل ہیں اور خدا کی نئی دُنیا میں حاصل ہوں گی؟‏

‏[‏صفحہ ۱۲۳ پر تصویر]‏

بڑی بِھیڑ کے لاکھوں افراد ملکر سچے خدا کی عبادت کر رہے ہیں

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں