پاک کلام کا نظریہ
ایک دوسرے کی حوصلہافزائی کریں
جب ہم اپنے مسیحی بہن بھائیوں کے ساتھ ہوتے ہیں تو ہمیں بہت حوصلہ ملتا ہے۔ لیکن اپنے بہن بھائیوں کی حوصلہافزائی کرنے میں صرف اُن کے ساتھ وقت گزارنا ہی شامل نہیں ہے۔ بائبل میں بتایا گیا ہے کہ اپنے ایمان سے ایک دوسرے کی حوصلہافزائی کرنا ’خدا کی طرف سے ایک نعمت‘ ہے۔ (روم 1:11، 12) ہم کن طریقوں سے اِس نعمت کو اچھی طرح سے اِستعمال کر سکتے ہیں؟
اپنی باتوں سے دوسروں کا حوصلہ بڑھائیں۔ مثال کے طور پر جب ہم عبادت کے دوران جواب دیتے ہیں تو ہم اپنی رائے دینے یا اپنے بارے میں بات کرنے کی بجائے یہوواہ خدا، اُس کے کلام اور اُس کے بندوں کے بارے میں بات کر سکتے ہیں۔ اور جب ہم اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ باتچیت کرتے ہیں تو ہم ایسے موضوعات کے بارے میں بات کر سکتے ہیں جن سے اُن کا ایمان مضبوط ہو۔
اپنے فیصلوں اور کاموں سے دوسروں کا حوصلہ بڑھائیں۔ مثال کے طور پر جب ہمارے بہن بھائی دیکھتے ہیں کہ ہم مسئلوں کا سامنا کرنے کے باوجود بھی کُلوقتی طور پر یہوواہ کی خدمت جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو اُن کی حوصلہافزائی ہوتی ہے۔ اور جب ہم دیکھتے ہیں کہ ہمارے کچھ بہن بھائی خراب صحت اور سارے دن کے کام کی تھکاوٹ کے باوجود باقاعدگی سے ہفتے کے دوران ہونے والے اِجلاس میں آتے ہیں تو ہمارا بہت حوصلہ بڑھتا ہے۔
کیا آپ اپنی باتوں اور کاموں سے اپنے بہن بھائیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہیں؟ اور جب وہ حوصلہ بڑھانے کی نعمت کو اِستعمال کرتے ہیں تو کیا آپ اِس کی قدر کرتے ہیں؟