ظلم کا شکار عورتوں کے لیے ایک مضمون
”پوری دُنیا میں عورتوں کے ساتھ بُرا سلوک کِیا جاتا ہے۔ کیا آپ کے ساتھ بھی ایسا ہو رہا ہے؟ خدا کو آپ کی بہت فکر ہے۔ اِس مضمون میں دیکھیں کہ خدا عورتوں اور لڑکیوں پر ہونے والے ظلم کو ختم کرنے کے لیے کیا کرے گا۔“
یہ بات ہماری ویبسائٹ jw.org پر پنجابی کے ایک مضمون کے شروع میں لکھی ہے۔ اِس مضمون کا عنوان ہے: ”خدا عورتاں نُوں ظلم توں بچان لئی کیہہ کرے گا؟“ اِس مضمون کے آخر میں اِسے ڈاؤنلوڈ کرنے کا لنک دیا گیا ہے جسے آپ پرنٹ کر سکتے ہیں اور صفحے کو چار حصوں میں موڑ سکتے ہیں۔ اِس مضمون کے بارے میں امریکہ میں رہنے والی ایک بہن کی بات غور کریں جن کا نام سٹیسی ہے۔ اُنہوں نے کہا: ”مَیں نے اِس مضمون کی کچھ کاپیاں پڑنٹ کیں اور پھر مَیں ایک اَور بہن کے ساتھ اپنی کلیسیا کے اُس علاقے میں گئی جہاں ظلموستم سہنے والی عورتوں کو پناہ دینے والا اِدارہ ہے۔“
وہاں کام کرنے والی ایک عورت نے اُن بہنوں سے کہا کہ کیا وہ اُنہیں اِس مضمون کی کچھ اَور کاپیاں لا کر دے سکتی ہیں تاکہ وہ اِنہیں اِدارے میں دوسرے لوگوں میں بھی بانٹ سکے؟ اِس پر اُن بہنوں نے اِس مضمون کی مزید 40 کاپیاں اور 30 jw.org والے رابطے کے کارڈ وہاں دیے۔ بعد میں جب وہ بہنیں دوبارہ اُس اِدارے میں گئیں تو وہاں کی مینیجر نے اُن بہنوں سے کہا کہ وہ وہاں رہنے والی عورتوں کو دِکھائیں کہ وہ بائبل کورس کیسے کراتی ہیں۔
بہن سٹیسی اور دو اَور بہنیں اِسی طرح کے ایک اَور اِدارے میں بھی گئیں جہاں اُنہوں نے اِس پرچے کی پانچ کاپیاں دیں اور بعد میں اُن سے اِس کی اَور بھی کاپیاں مانگی گئیں۔ اُس اِدارے میں کام کرنے والی ایک عورت نے کہا: ”اِس مضمون کو پڑھ کر عورتوں کو بہت حوصلہ ملے گا۔ ہمیں اِس مضمون کی واقعی ضرورت تھی!“ جب ہماری بہنیں دوبارہ وہاں گئیں تو کچھ عورتیں یہ جاننا چاہتی تھیں کہ ہماری بہنیں بائبل کورس کیسے کراتی ہیں۔ اِن میں سے دو عورتوں نے کہا کہ وہ اگلے ہفتے اِتوار کو ہماری عبادتگاہ بھی آنا چاہتی ہیں۔
بہن سٹیسی نے کہا: ”ہم یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ لوگوں کو یہ مضمون پڑھ کر کتنا اچھا لگا ہے! ہم اِس مضمون کو پرنٹ کر کے بڑے ہی زبردست طریقے سے اُن عورتوں کو خدا کی بادشاہت کے بارے میں بتا سکتے ہیں جو بُرے سلوک کا سامنا کر رہی ہیں۔ جس طرح سے لوگوں نے اِس مضمون کو قبول کِیا ہے، اِسے دیکھ کر ہمارے دل پر بہت گہرا اثر ہوا ہے۔ ہمیں پوری اُمید ہے کہ یہوواہ آئندہ بھی ہماری مدد کرے گا تاکہ ہم ظلموستم سہنے والی عورتوں کو خوشخبری سناتے رہیں۔“