اپنے خزانے کو بیشقیمت خیال کریں
۱ پولس رسول نے منادی کرنے کے خدائی حکم کو بیشقیمت خیال کرتے ہوئے اِسے ایک ”خزانہ“ کہا۔ (۲-کر ۴:۷) اِس حکم کو پورا کرنے کی خاطر اُس نے مشکلات اور اذیت کا سامنا کِیا۔ پولس رسول ہر موقع پر خوشخبری سناتا تھا۔ اُس نے زمینی اور سمندری راستوں پر کئی مشکل اور خطرناک سفر کئے۔ ہم پولس رسول کی نقل کیسے کر سکتے ہیں؟ ہم کیسے یہ ظاہر کر سکتے ہیں کہ ہم اپنی خدمت سے خوش ہیں؟ (روم ۱۱:۱۳) کیا چیز ہماری منادی کو ایک بےمثال خزانہ بنا دیتی ہے؟
۲ ایک بیشقیمت خزانہ: دُنیا کا مالودولت اکثر دُکھ کا باعث بنتا ہے اور محدود یا عارضی فوائد لاتا ہے۔ اس کے برعکس، منادی ہمارے لئے اور دوسروں کے لئے کبھی نہ ختم ہونے والے فوائد لاتی ہے۔ (۱-تیم ۴:۱۶) ہماری منادی پُرخلوص لوگوں کی یہوواہ خدا کو جاننے، اپنی زندگی میں تبدیلیاں لانے اور ہمیشہ کی زندگی کی اُمید حاصل کرنے میں مدد کرتی ہے۔ (روم ۱۰:۱۳-۱۵) منادی کے کام کو بیشقیمت خیال کرنے سے ہمیں زندگی میں حقیقی مقصد اور احساسِتکمیل حاصل ہوتا ہے۔ اس سے مستقبل کی بابت ہماری اُمید اَور زیادہ مضبوط ہو جاتی ہے۔—۱-کر ۱۵:۵۸۔
۳ اپنے خزانے کیلئے قدردانی کا اظہار کرنا: کسی چیز کی اہمیت کا اندازہ اِس بات سے ہوتا ہے کہ ہم اُسکے لئے کیا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ یہوواہ خدا کی بڑائی کرنے کیلئے اپنے وقت اور توانائی کو استعمال کرنا واقعی ایک شرف ہے! (افس ۵:۱۶، ۱۷) لہٰذا جسطرح سے ہم اپنے وقت کو استعمال کرتے ہیں اُس سے یہ ظاہر ہونا چاہئے کہ ہم روحانی کاموں کو دُنیا کی چیزوں سے زیادہ اہم خیال کرتے ہیں۔ ہمارے پاس ایک بیشقیمت چیز ہے جس میں ہم دوسروں کو بھی شریک کرنا چاہتے ہیں۔ ایسا کرنے کیلئے ہمیں سرگرمی کیساتھ منادی کرنے اور ہر موقع پر خوشخبری سنانے کیلئے تیار رہنے کی ضرورت ہے۔
۴ انمول چیزوں کو عام طور پر چھپایا نہیں جاتا بلکہ اِن کی نمائش کی جاتی ہے۔ اگر ہم اپنی منادی کو ایک خزانہ خیال کرتے ہیں تو یہ ہماری زندگی کا ایک اہم حصہ بن جائے گی۔ (متی ۵:۱۴-۱۶) دُعا ہے کہ ہم پولس رسول کی نقل کریں اور ہر موقع سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے یہ ظاہر کریں کہ ہم منادی کے کام کی ایک خزانے کی طرح قدر کرتے ہیں۔