سوالی بکس
▪ ہمیں کلیسیائی ذمہداریوں کو کسطرح پورا کرنا چاہئے؟
یہوواہ کے لوگوں کی کلیسیا کا منظم ہوکر کام کرنا دراصل متحد کوشش کا نتیجہ ہے۔ (۱-کر ۱۴:۳۳، ۴۰) ذرا سوچیں کہ ایک کلیسیائی اجلاس میں کیا کچھ شامل ہوتا ہے۔ پروگرام کے علاوہ، اجلاس سے پہلے اور بعد میں کام کرنے والے بہن بھائیوں کی مختلف ذمہداریوں میں بہت سا کام شامل ہوتا ہے۔ ایسے کام جو پسِپردہ کئے جاتے ہیں وہ بھی نہایت اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ ہم میں سے ہر ایک اس بندوبست کی حمایت کیسے کر سکتا ہے؟
خود کو دستیاب رکھیں۔ خود کو خوشی سے پیش کرنے والے لوگوں کیلئے بہت سا کام ہوتا ہے۔ (زبور ۱۱۰:۳) بیمار اور عمررسیدہ بہن بھائیوں کیلئے فکرمندی ظاہر کریں۔ کنگڈم ہال کی صفائی کرنے میں مدد دیں۔ بہت سے ایسے مفید کام ہوتے ہیں جو ہم کسی کے کہے بغیر خود ہی کر سکتے ہیں۔ ہمیں صرف اپنے اندر دوسروں کی مدد کرنے کا جذبہ پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
فروتنی کیساتھ خدمت کریں۔ فروتن لوگ خوشی سے دوسروں کی خدمت کرتے ہیں۔ (لو ۹:۴۸) فروتنی ہمیں ایسی ذمہداریاں اُٹھانے سے باز رکھیگی جنہیں ہم آسانی سے پورا نہیں کر سکتے۔ مزیدبرآں، فروتنی ہمیں اپنی حدود میں رہنے کے قابل بنائیگی۔—امثا ۱۱:۲۔
قابلِبھروسا بنیں۔ قدیم اسرائیل میں موسیٰ کو ایسے ”لائق“ اشخاص کو چننے کیلئے کہا گیا تھا جو ذمہداری اُٹھانے کے قابل تھے۔ (خر ۱۸:۲۱) آجکل بھی ایسے ہی لائق اشخاص کی ضرورت ہے۔ آپکو جو بھی ذمہداری ملتی ہے اُسے دیانتداری کیساتھ پورا کریں۔ (لو ۱۶:۱۰) اگر آپ کسی وجہ سے کوئی ذمہداری پوری نہیں کر سکتے تو اس بات کا بندوبست بنائیں کہ آپکی غیرموجودگی میں کوئی دوسرا لائق بھائی اس کام کو پورا کرے۔
اپنی پوری کوشش کریں. مسیحیوں کو اپنی ملازمت سمیت تمام کاموں کو اپنے پورے دل سے کرنے کی نصیحت کی گئی ہے۔ (کل ۳:۲۲-۲۴) سچی پرستش کو فروغ دینے کیلئے ایسا کرنا تو اَور بھی ضروری ہے۔ اگر کوئی کام بظاہر معمولی اور غیراہم دکھائی دیتا ہے تو اسے بھی اچھی طرح انجام دینا کلیسیا کیلئے برکت کا باعث بنتا ہے۔
ہر ذمہداری ہمارے لئے یہوواہ خدا اور اپنے بہن بھائیوں کیلئے محبت ظاہر کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ (متی ۲۲:۳۷-۳۹) دُعا ہے کہ ہم اپنی تمام ذمہداریوں کو وفاداری سے پورا کرتے رہیں۔