سرِورق کا موضوع: آپ خدا کے دوست بن سکتے ہیں
خدا کے دوست اُسے خوش کرنے والے کام کرتے ہیں
”آپ جو چاہتے ہیں بس کہہ دیں، مَیں اُسے کر دوں گا۔“ یہ بات شاید آپ کسی اجنبی یا ایسے شخص سے نہ کہیں جس سے آپ کی اِتنی جان پہچان نہیں ہے۔ البتہ یہی بات اپنے کسی عزیز دوست سے کہتے ہوئے آپ کو یقیناً کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں ہوگی۔ ایک شخص اپنے قریبی دوست کے لیے ہر وہ کام کرنے کو تیار ہو جاتا ہے جو اُس کا دوست اُس سے کہتا ہے۔
پاک کلام سے پتہ چلتا ہے کہ یہوواہ خدا باقاعدگی سے اپنے بندوں کے لیے ایسے کام کرتا ہے جن سے اُنہیں خوشی ملتی ہے۔ ذرا داؤد نبی کی بات پر غور کریں جو خدا کے بہت قریب تھے۔ اُنہوں نے لکھا: ”اَے [یہوواہ] میرے خدا! جو عجیب کام تُو نے کئے اور تیرے خیال جو ہماری طرف ہیں وہ بہت سے ہیں۔ . . . وہ شمار سے باہر ہیں۔“ (زبور 40:5) یہوواہ خدا تو اُن لوگوں کی خوشی کے لیے بھی بہت کچھ کرتا ہے جو اُسے نہیں جانتے۔ وہ اُن کے ’دلوں کو خوراک اور خوشی سے بھر دیتا ہے۔‘—اعمال 14:17۔
ہم جن سے پیار کرتے اور جن کا احترام کرتے ہیں، ہم اُن کے لیے خوشی سے کچھ کرنے کو تیار ہو جاتے ہیں۔
چونکہ یہوواہ خدا لوگوں کے لیے ایسے کام کرتا ہے جن سے اُنہیں خوشی ملتی ہے اِس لیے جو لوگ خدا کے دوست بننا چاہتے ہیں اُنہیں بھی ایسے کام کرنے چاہئیں جن سے خدا کا دل خوش ہو۔ (امثال 27:11) ہم خدا کو خوش کرنے کے لیے خاص طور پر کیا کر سکتے ہیں؟ خدا کے کلام میں لکھا ہے: ”بھلائی اور سخاوت کرنا نہ بھولو اِس لئے کہ خدا ایسی قربانیوں سے خوش ہوتا ہے۔“ (عبرانیوں 13:16) تو کیا اِس کا مطلب یہ ہے کہ خدا کو خوش کرنے کے لیے بھلائی اور سخاوت کرنا ہی کافی ہے؟
پاک کلام میں لکھا ہے: ”بغیر ایمان کے [خدا] کو پسند آنا ناممکن ہے۔“ (عبرانیوں 11:6) غور کریں کہ ”اؔبرہام [یہوواہ] خدا پر ایمان“ لانے کی وجہ سے ہی ’اُس کے دوست کہلائے۔‘ (یعقوب 2:23) یسوع مسیح نے بھی ”خدا پر ایمان“ رکھنے کی اہمیت پر زور دیا کیونکہ تب ہی ہم خدا کی برکتوں سے لطفاندوز ہو سکتے ہیں۔ (یوحنا 14:1) لیکن ہم ایسا ایمان کیسے پیدا کر سکتے ہیں جو خدا اپنے دوستوں میں دیکھنا چاہتا ہے؟ ایسا ایمان پیدا کرنے کے لیے سب سے پہلے ہم باقاعدگی سے بائبل کا مطالعہ کر سکتے ہیں۔ یوں ہمیں خدا کے بارے میں صحیح علم حاصل ہوگا اور ہم سیکھیں گے کہ ہم اُسے کیسے خوش کر سکتے ہیں۔ پھر جوںجوں خدا کے بارے میں ہمارا علم بڑھے گا اور ہم خدا کے معیاروں کے مطابق زندگی گزاریں گے، خدا پر ہمارا ایمان مضبوط ہوگا اور ہم اُس کے اَور قریب ہو جائیں گے۔—کلسیوں 1:9، 10۔