نمبر ۲ خدا کے بارے میں صحیح علم حاصل کریں
”ہمیشہ کی زندگی یہ ہے کہ وہ تجھ خدایِواحد اور برحق کو . . . جانیں۔“—یوحنا ۱۷:۳۔
مضبوط ایمان رکھنے کے سلسلے میں رکاوٹ کیا ہے؟ بعض لوگ کہتے ہیں کہ خدا کا وجود نہیں ہے۔ دیگر یہ یقین رکھتے ہیں کہ خدا کوئی ہستی نہیں بلکہ محض ایک قوت ہے۔ اِس کے علاوہ، وہ لوگ جو خدا پر ایمان رکھتے ہیں اُس کے نام اور خوبیوں کے بارے میں فرقفرق تعلیم دیتے ہیں۔
آپ اِس رکاوٹ پر کیسے قابو پا سکتے ہیں؟ خدا کے بارے میں علم حاصل کرنے کا ایک طریقہ اُس کی بنائی ہوئی چیزوں پر غور کرنا ہے۔ پولس رسول نے کہا: ”[خدا] کی اندیکھی صفتیں یعنی اُس کی ازلی قدرت اور الوہیت دُنیا کی پیدایش کے وقت سے بنائی ہوئی چیزوں کے ذریعہ سے معلوم ہو کر صاف نظر آتی ہیں۔“ (رومیوں ۱:۲۰) پس جب ہم تخلیق کا بغور مشاہدہ کرتے ہیں تو ہم اپنے خالق کی حکمت اور قدرت کے بارے میں بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔—زبور ۱۰۴:۲۴؛ یسعیاہ ۴۰:۲۶۔
تاہم، خدا کی ذات کے بارے میں صحیح علم حاصل کرنے کے لئے آپ کو خدا کے کلام بائبل کا مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے۔ دوسروں کی سوچ کو خود پر حاوی نہ ہونے دیں۔ اِس کی بجائے، بائبل کی اِس مشورت پر عمل کریں: ”اِس جہان کے ہمشکل نہ بنو بلکہ عقل نئی ہو جانے سے اپنی صورت بدلتے جاؤ تاکہ خدا کی نیک اور پسندیدہ اور کامل مرضی تجربہ سے معلوم کرتے رہو۔“ (رومیوں ۱۲:۲) آئیں چند حقائق پر غور کریں جو بائبل خدا کے بارے میں آشکارا کرتی ہے۔
خدا کا ایک نام ہے۔ بائبل کے اصل متن میں خدا کا نام ہزاروں مرتبہ استعمال ہوا ہے۔ بہت سے ترجموں میں یہ نام زبور ۸۳:۱۸ میں آتا ہے: ”تاکہ [لوگ] جان لیں کہ تُو ہی جس کا نام یہوؔواہ ہے تمام زمین پر بلندوبالا ہے۔“
یہوواہ خدا احساسات رکھتا ہے اِس لئے انسانوں کے کام اُس پر اثرانداز ہوتے ہیں۔ اگرچہ یہوواہ خدا نے اسرائیلی قوم کو مصر کی غلامی سے رِہائی دلائی تو بھی اُنہوں نے باربار اُس کی ہدایات کو رد کِیا۔ بائبل بیان کرتی ہے کہ اُن کی اِس سرکشی کی وجہ سے یہوواہ خدا ”آزردہ“ ہوا۔ اُنہوں نے اپنے کاموں سے ”اؔسرائیل کے قدوس کو رنج پہنچایا۔“—زبور ۷۸:۴۰، ۴۱، نیو اُردو بائبل ورشن۔
یہوواہ خدا ہم میں سے ہر ایک کی فکر رکھتا ہے۔ یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں سے کہا: ”کیا پیسے کی دو چڑیاں نہیں بِکتیں؟ اور اُن میں سے ایک بھی تمہارے باپ کی مرضی بغیر زمین پر نہیں گِر سکتی۔ بلکہ تمہارے سر کے بال بھی سب گنے ہوئے ہیں۔ پس ڈرو نہیں۔ تمہاری قدر تو بہت سی چڑیوں سے زیادہ ہے۔“—متی ۱۰:۲۹-۳۱۔
خدا کسی نسل یا گروہ کا طرفدار نہیں ہے۔ پولس رسول نے اتھینے کے یونانیوں کو بتایا کہ خدا نے ”ایک ہی اصل سے آدمیوں کی ہر ایک قوم تمام رُویِزمین پر رہنے کے لئے پیدا کی۔“ اُس نے مزید بیان کِیا کہ خدا ”ہم میں سے کسی سے دُور نہیں۔“ (اعمال ۱۷:۲۷،۲۶) پطرس رسول نے کہا: ”خدا کسی کا طرفدار نہیں۔ بلکہ ہر ایک قوم میں سے جو اُس سے ڈرتا اور راستبازی کرتا ہے وہ اُس کو پسند آتا ہے۔“—اعمال ۱۰:۳۴، ۳۵۔
خدا کے بارے میں صحیح علم حاصل کرنے کا فائدہ کیا ہے؟ بعض لوگ ”خدا کے بارے میں غیرت تو رکھتے ہیں مگر سمجھ کے ساتھ نہیں۔“ (رومیوں ۱۰:۲) لیکن اگر آپ پاک صحائف سے خدا کے بارے میں تعلیم حاصل کرتے ہیں تو آپ جھوٹی تعلیمات سے گمراہ ہونے کی بجائے”خدا کے نزدیک“ جانے کے قابل ہوں گے۔—یعقوب ۴:۸۔
مزید معلومات کے لئے کتاب پاک صحائف کی تعلیم حاصل کریں کے باب ۱ ”آپ خدا کے بارے میں سچائی سیکھ سکتے ہیں“ کو دیکھیں۔a
[فٹنوٹ]
a یہوواہ کے گواہوں کی شائعکردہ۔
[صفحہ ۶ پر تصویر]
خدا کے بارے میں علم حاصل کرنے کا ایک طریقہ اُس کی بنائی ہوئی چیزوں پر غور کرنا ہے